’جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے‘، ڈونالڈ ٹرمپ کے عشائیہ پروگرام میں ہوئی فائرنگ کے بعد پی ایم مودی کا ردعمل

پی ایم مودی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’یہ جان کر اطمینان ہوا کہ صدر ٹرمپ، خاتون اول اور نائب صدر حالیہ واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والے سیکورٹی واقعے کے بعد محفوظ اور خیریت سے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں منعقدہ ’وائٹ ہاؤس کرسپانڈنٹس ڈنر‘ کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حفاظت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعے اس پرتشدد واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم مودی نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’یہ جان کر اطمینان ہوا کہ صدر ٹرمپ، خاتون اول اور نائب صدر حالیہ واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والے سیکورٹی واقعے کے بعد محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ میں ان کی مسلسل سلامتی اور خیریت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے اور اس کی واضح طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔‘‘


واضح رہے کہ ہفتہ کی رات (امریکی وقت کے مطابق) واشنگٹن کے معروف ہلٹن ہوٹل میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب ’وائٹ ہاؤس کرسپانڈنٹس ڈنر‘ کے دوران ہوٹل کی لابی میں گولیوں کی آواز سنائی دی۔ اس وقت صدر ٹرمپ تقریر کرنے کی تیاری میں تھے۔ سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوراً صدر اور میلانی ٹرمپ کو اسٹیج سے ہٹا کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔ حملے کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر واقعے کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں حملہ آور تقریب گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اس سے قبل 13 جولائی 2024 کو پنسلوانیا کے بٹلر میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ان پر فائرنگ ہوئی تھی۔ سیکرٹ سروس کی رپورٹ کے مطابق شام 6:15 بجے ایک حملہ آور نے اونچی جگہ سے کئی راؤنڈ گولیاں چلائی تھیں۔ اس وقت ٹرمپ کے کان سے خون بہتا ہوا دیکھا گیا تھا اور انہیں فوراً اسٹیج سے محفوظ مقام پر لے جایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔