انتخابات قریب دیکھ وسندھرا نے راجپوتوں کے خلاف مقدمہ واپس لینے کا کیا فیصلہ

گزشتہ سال جولائی میں ناگور ضلع کے سنود گاؤں میں تشدد کے بعد پولس نے 24 راجپوتوں کے خلاف مقدمات درج کیےتھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں اسمبلی انتخابات ہونے میں اب کچھ ہی دنوں کا وقت بچا ہے اور ریاستی حکومت ووٹروں کو لبھانے کی ہر کوشش کر رہی ہے۔ حکومت نے ناراض راجپوت اور گوجر طبقہ کو مائل کرنے کے ارادے سے حال ہی میں دو بڑے فیصلے لئے ہیں ۔ یہ دونوں ہی طبقات روایتی طور پر بی جے پی کے حامی رہے ہیں۔ آج کل یہ طبقے بی جے پی سے ناراض چل رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وسندھرا راجے حکومت انہیں منانے کی کوشش میں مصروف ہے۔

پہلے فیصلے میں ریاستی حکومت نے گوجروں کے لئے او بی سی اور ایم بی سی ریزرویشن پر صفائی دی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ حکومت نے ریزرویشن معاملہ پر صفائی اس لئے دی ہے تاکہ آئندہ 7 جولائی کو وزیر اعظم کے جے پور دورے پر یہ طبقات مظاہرہ نہ کریں۔ علاوہ ازیں حکومت نے راجپوتوں کے خلاف درج مقدمات بھی واپس لینے کا ذہن بنایا ہے۔ دراصل گزشتہ سال 7 جولائی کو ناگور ضلع کے سنود گاؤں میں تشدد کے بعد پولس نے 24 راجپوتوں کے خلاف کیس درج کئے تھے۔ ان میں راجپوت طبقہ کے بڑے چہرے گری راج سنگھ لوٹواڑا، لوکیندر سنگھ کلوی کے خلاف فساد بھڑکانے اور بھیڑ کو اکسانے کے مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ان سبھی لوگوں نے راجپوت طبقہ کے جرائم پیشہ آنند پال سنگھ کے انکاؤنٹر کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔

معلومات کے مطابق بی جے پی کے کچھ راجپوت رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سے ملاقات کر کے ان کے طبقہ کے لوگوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان رہنماؤں نے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ پولس نے بے قصوروں کے خلاف مقدمے درج کئے ہیں۔ معاملہ میں بی جے پی یوا مورچہ تربیتی سیل کے ریاستی کوآرڈنیٹر سریندر شیخاوت نے بتایا کہ ہزاروں لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کئے گئے کیوں کہ انہوں نے پولس انکاؤنٹر میں مارے گئے آنند پال سنگھ کی موت کے خلاف تحریک میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا ’’ہم نے وزیر اعلیٰ سے کہا ہے کہ وہ رحم دلی سے مقدمات کو واپس لینے پر غور کریں ۔ اس پر وہ اصولوں کے مطابق کیس واپسی پر راضی ہو گئیں ہیں ‘‘۔

واضح رہے کہ 24 معاملات میں سے تین کو سی بی آئی کے پاس بھیجا گیا ہے ۔ دیگر 21 میں سے 8 کو پولس نے بند کر دیا ہے۔ اس پر شیخاوت کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ 13 مقدمات میں چارج شیٹ داخل کی جائے گی۔ اس کے بعد ضلع کلکٹر ٹرائل کورٹ سے ان مقدمات کو واپس لینے کی درخواست کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jul 2018, 7:00 PM