ایران اور حزب اللہ پر امریکی دباؤ کام کر رہا ہے، پومپیو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایران اور لبنانی تنظیم حزب اللہ کے خلاف معاشی دباؤ فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔

ایران اور حزب اللہ پر امریکی دباؤ کام کر رہا ہے، پومپیو
ایران اور حزب اللہ پر امریکی دباؤ کام کر رہا ہے، پومپیو
user

ڈی. ڈبلیو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آج جمعہ 22 مارچ کو اپنے دورہ لبنان کے موقع پر کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایران اور لبنانی شیعہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف معاشی پابندیاں کام کر رہی ہیں۔ لبنانی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں پومپیو نے کہا، ’’ایران پر ہمارا دباؤ سادہ سا ہے۔ اس کا مقصد دہشت گردوں کے لیے اس کی فنڈنگ اور ان کی کارروائیوں کو روکنا ہے۔‘‘ پومپیو نے اپنے اس بیان میں مزید کہا، ’’ہمیں یقین ہے کہ ہماری کوششوں کے سبب حزب اللہ کی سرگرمیاں محدود ہو رہی ہیں۔‘‘

دوسری طرف واشنگٹن حکومت نے آج جمعے کے ہی روز ایرانی جوہری ریسرچرز پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن حکومت نے 14 مختلف افراد اور 17 اداروں کو ان پابندیوں کا نشانہ بنایا ہے۔ تاہم ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ ان افراد اور اداروں پر یہ پابندیاں ماضی میں ان کی سرگرمیوں کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔ واشنگٹن حکومت کے مطابق ان پابندیوں کا ایک مقصد نوجوان سائسندانوں کو اس بارے میں خبردار کرنا ہے کہ وہ مستقبل میں جوہری بم کی تیاری کی کسی ممکنہ کوشش سے خود کو دور ہی رکھیں۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں ان پابندیوں کو ایران کے خلاف ’’زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم‘‘ کا حصہ قرار دیا۔ پومپیو کے مطابق، ’’ہم ایران کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری کی صلاحیت سے روکنے کے لیے انتہائی سختی کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔