یونسیکو نے ثقافتی تہوار دیوالی کو ’غیر محسوساتی عالمی ورثہ‘ قرار دیا، وزیر اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خوشی
وزیر اعظم مودی نے یونسیکو کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور دنیا بھر کے لوگ اس خبر سے فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ہمارے لیے دیوالی صرف تہوار نہیں بلکہ ہماری تہذیب کی روح ہے۔

ہندوستان کے سب سے بڑے ثقافتی تہوار دیوالی کو یونسیکو نے آفیشیل طور پر انسانیت کی غیر محسوساتی وراثت کی مشہور فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان آج دہلی کے لال قلعہ سے کیا گیا ہے، جہاں پر یونسیکو کی بین الحکومتی کمیٹی کے 20ویں اجلاس کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس اعلان پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بے حد خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یونسیکو نے دیوالی کو ’غیر محسوساتی عالمی ورثہ‘ قرار دیے جانے کی جانکاری سوشل میڈیا پر دی، اور اس سلسلے میں مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ ہندوستان کے علاوہ بھی کئی ممالک کی ثقافتی علامتیں اس فہرست میں شامل کی گئی ہیں۔ دیوالی سے قبل ہندوستان کی 15 وراثتیں پہلے سے ’غیر محسوساتی ثقافتی ورثہ‘ کی فہرست میں جگہ بنا چکی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے یونسیکو کے اس فیصلے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ہندوستان اور دنیا بھر کے لوگ اس خبر سے پُرجوش اور فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ہمارے لیے دیوالی ایک تہوار نہیں، بلکہ ہماری ثقافت اور ہماری زندگی کے اقدار سے گہرائی تک جڑا ہوا ہے۔ یہ ہماری تہذیب کی روح ہے، یہ روشنی اور مذہب کی علامت ہے۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں پی ایم مودی نے یہ بھی لکھا ہے کہ یونسیکو کی غیر محسوساتی ورثہ کی فہرست میں دیوالی کا شامل ہونا اس تہوار کو عالمی سطح پر مزید مقبول بنائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔