ڈرون کو تباہ کر کے ایران نے ‘بہت بڑی غلطی‘ کی ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون کو تباہ کر کے ایران نے ‘بہت بڑی غلطی‘کی ہے۔دوسری جانب روس نے ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

واشنگٹن میں کینیڈا کے وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اس بات کی تصدیق کر لی ہے کہ امریکی ڈرون بین الاقوامی حدود میں تھا نا کہ ایران کی فضائی حدود میں۔ ایک صحافی نے امریکی صدر سے پوچھا کہ اس حوالے سے امریکا ایران کے خلاف کیا ردعمل اختیار کرے گا ؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا، '' آپ کو جلد پتا چل جائے گا۔‘‘

نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے معاملے کو 'غیر اہم قرار دینے‘ کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے ڈرون کو مار گرانا ایک غلطی ہو سکتی ہے۔ لیکن اسی بیان کے ساتھ امریکی صدر نے کہا کہ ایسا کر کے ایران نے بہت 'بڑی غلطی‘ کی ہے اور امریکا اسے برداشت نہیں کر ے گا۔ روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کا حالیہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ امریکا فوری طور پر اس واقعے پر ردعمل نہیں دے گا۔


امریکی موقف کے برعکس ایران کا دعویٰ ہے کہ امریکی ڈرون کو ان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کے بعد مار گرایا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا جھوٹ بول رہا ہے کہ ان کے ڈرون کو بین الاقوامی پانیوں میں مار گرایا گیا۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے امریکا کو ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے خطے کے لیے بھی تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ویک اینڈ پر اسرائیلی اور روسی حکام سے ملاقاتیں کریں گے تا کہ خطے کی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کی جا سکے۔ اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتین یاہو نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور امریکی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔