تریپورہ: افسران نہیں پہن سکتے جینس اور چشمہ، بی جے پی حکومت کا فرمان

تریپورہ کی بی جے پی حکومت نے ایک سرکاری میٹنگ میں افسران کے لیے ڈریس کوڈ نافذ کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق افسران اب جینس اور دھوپ کا چشمہ نہیں پہن پائیں گے۔

تصویر سوشل  میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تریپورہ میں بی جے پی-آئی پی ایف ٹی حکومت نے ایک عجیب و غریب فرمان جاری کیا ہے۔ تریپورہ حکومت نے سرکاری افسران کو ڈیوٹی کے دوران جینس پہننے اور دھوپ کا چشمہ لگانے پر روک لگاتے ہوئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ چیف سکریٹری سشیل کمار (ایجوکیشن، ریونیو اینڈ انفرمیشن کلچر افیئرس) نے نوٹیفکیشن میں ریاستی سطح کے افسران کی میٹنگ میں افسران کو ڈریس کوڈ پر عمل کرنے کے لیے کہا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کچھ افسران میٹنگوں میں موبائل فون سے پیغام بھیجنے اور پڑھنے میں مصروف رہتے ہیں جو بے عزتی معلوم ہوتی ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ، ضلع سربراہ ہونے کے ناطے اے ڈی ایم کو غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ریاست کی سرکاری میٹنگ، جس کی صدارت وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، وزیر، چیف سکریٹری وغیرہ لوگ کرتے ہوں یا دیگر اعلیٰ سطحی میٹنگوں میں متعلقہ ڈریس کوڈ نافذ ہو۔ بتا دیں کہ یہ نوٹیفکیشن 20 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔

تریپورہ ریاستی حکومت کے اس فرمان کے بعد سی پی ایم اور کانگریس نے اس کی تنقید کرتے ہوئے سامنتی نظریہ بتایا ہے۔ تریپورہ کے ریاستی کانگریس نائب صدر تپس ڈے نے کہا کہ یہ ایک سامنتی ذہنیت ہے اور سرکار بنیادی مسائل کو نظر انداز کر رہی ہے۔ اپنی ناکامی سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے ہر بے جا ایشوز کو ایشو بنا رہی ہے۔

سی پی ایم کے ترجمان گوتم داس نے نوٹیفکیشن کی تنقید کی اور کہا کہ یہ ہندوستان میں انگریزوں کی نوآبادیاتی حکومت کی یاد دلاتا ہے۔ ہم ایک جمہوری ملک میں ہیں۔ یہاں نو آبادیاتی حکومت نہیں ہے۔ کسی کے لباس سے متعلق حکومت کس طرح احکامات جاری کر سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔