’ٹھگس آف ہندوستان‘ توڑے گی کئی ریکارڈس، پہلے ہی دن 50 کروڑ کمائی کا امکان

’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو ہندوستان میں 5000 اور بیرون ممالک میں تقریباً 2000 اسکرینس پر ریلیز کیا گیا ہے اور یہ ایک طرح سے اب تک کی سب سے زیادہ اسکرین میں ریلیز ہونے والی فلم کہی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر احمد

مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ فلمی پردے پر ریلیز ہو چکی ہے اور دھماکے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دیوالی کے موقع پر ریلیز ہوئی اس فلم نے ریلیز سے پہلے تو کئی ریکارڈ توڑ ہی دیے ہیں، ریلیز کے بعد بھی اس کی نظر متعدد ریکارڈس پر ہے جو ٹوٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ فلم ٹریڈ ماہر کومل نہاٹا کے مطابق 8 نومبر کو ریلیز کے دن ہی ’ٹھگس آف ہندوستان‘ 50 کروڑ یا اس سے زیادہ کا کاروبار کر سکتی ہے جو ایک ریکارڈ ہوگا۔ اس سال پہلے دن سب سے زیادہ کاروبار کا ریکارڈ فلم ’سنجو‘ کے نام درج ہے جس نے 34.75 کروڑ کی کمائی کی تھی۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو عامر خان بہ آسانی اس ریکارڈ کو توڑتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ جہاں تک اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ فلم کا سوال ہے، تو یہ ریکارڈ عامر خان کی ہی فلم ’دنگل‘ کے نام ہے جس نے پہلے دن تقریباً 35 کروڑ کی کمائی کی تھی۔

’ٹھگس آف ہندوستان‘ توڑے گی کئی ریکارڈس، پہلے ہی دن 50 کروڑ کمائی کا امکان

اس فلم نے ایک ریکارڈ اسکرین کی تعداد کے تعلق سے فلم ریلیز کے ساتھ ہی توڑ دیا۔ دراصل ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو ہندوستان میں 5000 اور بیرون ممالک میں تقریباً 2000 اسکرینس پر ریلیز کیا گیا ہے اور بقول نہاٹا یہ ایک طرح سے اب تک کی سب سے زیادہ اسکرین میں ریلیز ہونے والی فلم کہی جائے گی۔ نہاٹا کا تو یہاں تک ماننا ہے کہ فلم کو 4 دنوں کو ویکینڈ ملا ہے اور اس کا زبردست فائدہ عامر خان کو ملنے والا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ پہلے چار دنوں میں ہی کم و بیش 200 کروڑ کی کمائی ہو سکتی ہے۔

ایک ریکارڈ اور ’ٹھگس آف ہندوستان‘ فلم ریلیز سے پہلے ہی توڑ چکی ہے اور وہ ہے ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ سے متعلق۔ ذرائع کے مطابق 2 لاکھ ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ ریلیز سے پہلے ہی ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں ’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے اس سال ریلیز ہوئی فلموں ’ٹائیگر زندہ ہے‘، ’سنجو‘ اور ’ایونجرس انفنٹی وار‘ کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کی ایکر پورٹ کے مطابق ملٹی پلیکس میں ’سنجو‘ اور سنگل اسکرین تھیٹر میں ’ریس 3‘ سال کی دو سب سےز یادہ کمائی کرنے والی فلمیں ہیں اور اس معاملے میں بھی ’ٹھگس آف ہندوستان‘ آگے نکلتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ ملٹی پلیکس میں اس فلم کے ٹکٹ کی قیمت 400 سے 1500 روپے تک رکھی گئی ہے جب کہ سنگل اسکرین تھیٹر میں قیمت اوسطاً 200 روپے ہیں۔

ٹھگس آف ہندوستان کا پوسٹر
ٹھگس آف ہندوستان کا پوسٹر

فلم کے تعلق سے ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اس کا بجٹ کم و بیش 240 کروڑ کا ہے۔ 220 کروڑ فلم بنانے میں خرچ ہوئے ہیں جب کہ 20 کروڑ کا خرچ پرموشن میں آیا ہے۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس فلم کے ڈیجیٹل رائٹس 150 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے ہیں۔ یعنی 90 کروڑ روپے حاصل کرنے کے بعد فلم سے منافع حاصل کرنا شروع ہو جائے گا۔ اس طرح دیکھا جائے تو ریلیز کے دو دن بعد ہی فلم منافع کمانا شروع کر دے گی۔

فلم تجزیہ نگار وں کے ذریعہ ریلیز سے پہلے ہی جس طرح کے مثبت نظریے سامنے آئے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ اب تک کی دیوالی ریلیز میں سب سے کامیاب فلم بھی ثابت ہوگی۔ گزشتہ پانچ سالوں میں دیوالی پر ریلیز ہوئی فلموں پر نظر ڈالی جائے تو 2013 میں ریلیز ہوئی فلم ’کرش 3‘ اب تک کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی ہے۔ اس نے 240 کروڑ کی کمائی کی تھی۔ یہ ہدف ’ٹھگس آف ہندوستان‘ ایک ہفتے میں ہی حاصل کر سکتی ہے۔

ٹھگس آف ہندوستان کا پوسٹر
ٹھگس آف ہندوستان کا پوسٹر

یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ عامر خان کی فلم ’گجنی‘ نے بالی ووڈ میں سب سے پہلے باکس آفس پر 100 کروڑ کی کمائی کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ 200 کروڑ کلیکشن کرنے والی پہلی فلم بھی عامر خان کی ہی تھی جس کا نام ’تھری ایڈیٹس‘ ہے۔ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’دنگل‘ ہے جس نے 2000 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی ہوئی ہے۔ چونکہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں امیتابھ بچن اور کیٹرینہ کیف جیسے بڑے اداکار بھی کام کر رہے ہیں، اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ یہ فلم اب تک کی سب سے بڑی فلم بنے گی۔

ٹھگس آف ہندوستان کا پوسٹر
ٹھگس آف ہندوستان کا پوسٹر

بہر حال، یش راج بینر کے تحت بننے والی اس فلم کو لے کر نہ صرف فلم کے اسٹار کاسٹ، ہدایت کار اور پروڈیوسر کو بہت ساری امیدیں ہیں بلکہ ناظرین بھی بہت پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ فلم ریلیز ہو چکی ہے تو بس انتظار آج کے دن کے ختم ہونے کا ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ عامر خان نے کیا کچھ کارنامہ انجام دیا ہے۔ دیکھنے والی بات یہ بھی ہے کہ کیا یہ فلم عامر خان کی گزشتہ فلموں کی طرح ہی مواد کے لحاظ سے مضبوط ہے یا نہیں۔ اگر ایسا ہے، اور فلم دیکھنے والوں کے ذریعہ ماؤتھ پبلسٹی ہوتی ہے تو پھر یقین جانیے، اس دیوالی بہت بڑا دھماکہ ہونے والا ہے جس کی آواز طویل مدت تک سنی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Nov 2018, 1:09 PM
/* */