امریکہ میں تین ہندو مندروں کو بنایا گیا نشانہ، خالصتانی حامیوں نے دیواروں پر لکھے ہندوستان مخالف نعرے

مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے مندر پر حملہ کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ علیحدگی پسندوں کو کہیں بھی جگہ نہیں ملنی چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ’بے ایریا‘ علاقہ میں نامعلوم شرپسندوں نے یکے بعد دیگرے تین ہندو مندروں کو نشانہ بنایا ہے جس سے ہندو طبقہ کے لوگ صدمے میں ہیں۔ ہندو امریکن فاؤنڈیشن (ایچ اے ایف) نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ بدمعاشوں نے ہیورڈ میں وجئے کے شیراوالی مندر کو توڑ دیا اور ہندوستان مخالف و خالصتان حامی نعرے لکھے۔

ہندو ایڈووکیسی گروپ نے اس معاملے میں کہا کہ کچھ ہفتے قبل نیوارک میں شری سوامی نارائن مندر کی باہری دیواروں کو اسی طرح کے نعروں اور تصویروں سے بھر دیا گیا تھا، اور اسی علاقہ میں شیو دُرگا مندر میں چوری کی خبر ملی تھی۔ ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’خالصتان حامی نعروں اور تصویروں کے ساتھ بے ایریا کے مزید ایک ہندو مندر پر حملہ کیا گیا۔‘‘ ساتھ ہی لکھا گیا ہے ’’ہیورڈ میں وجئے کے شیراوالی مندر کو سوامی نارائن مندر پر حملے کے ٹھیک دو ہفتہ بعد اور اسی علاقہ میں شیو دُرگا مندر میں چوری کے ایک ہفتہ بعد نشانہ بنایا گیا۔‘‘


20789 گارڈن ایونیو میں واقع سیاہی سے پینٹ کیے گئے گرافیٹی اسپرے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور خالصتان کی تعریف کی گئی ہے۔ گروپ نے کہا کہ وہ اس معاملے کو سلجھانے کے لیے مندر کے سربراہان، المیڈا پولیس محکمہ اور محکمہ انصاف کے شہری حقوق ڈپارٹمنٹ کے رابطے میں ہے۔ خالصتان حامی عناصر سے بڑھتے خطرے کو دیکھتے ہوئے ایچ اے ایف نے پورے امریکہ میں مندر انتظامیہ سے اس کے سیفٹی گائیڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کی گزارش کی۔

اس درمیان امریکی افسر ہندو مندر پر ہوئے ممکنہ نفرت انگیز حملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی معاملوں کے بیورو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ’’ہم کیلیفورنیا میں شری سوامی نارائن مندر ہندو مندر میں ہوئی توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم یہ یقینی کرنے کے لیے نیوارک پولیس محکمہ کی کوششوں کا استقبال کرتے ہیں کہ ذمہ دار لوگوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔‘‘ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے مندر کو توڑے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسندوں کو کہیں بھی جگہ نہیں ملنی چاہیے۔


اس درمیان اے ایچ ایف کے شریک بانی مہر میگھانی نے سی بی ایس نیوز کو بتایا تھا کہ خلیجی علاقہ میں ہند-امریکی طبقہ بڑھ رہا ہے اور یہ سیاسی ایشوز اب یہاں تقسیم کا حصہ بن رہے ہیں۔ دسمبر 2023 اور نئے سال کے پہلے ہفتہ کے درمیان ہونے والے ہندو مندروں پر یہ حملے، نیویارک واقع خالصتان لیڈر گرپتونت سنگھ پنو کو مارنے کی ناکام سازش میں مبینہ انسلاک کے لیے ہندوستانی شہری کے خلاف امریکی فرد جرم کے بعد ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔