’پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘، دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کو ملا جاپان کا ساتھ
مشترکہ بیان میں لشکرِ طیبہ، جیش محمد، القاعدہ، آئی ایس آئی ایس اور ان کے اتحادیوں سمیت تمام اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ اور سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم شیگرو ایشیبا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرہ کے بعد جمعہ (29 اگست) کو ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ اس میں دونوں لیڈران نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ دونوں ممالک نے حملے کے لیے ذمہ دار لوگوں اور انھیں مالی تعاون فراہم کرنے والوں کو بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے اعظم دہشت گردی اور تمام قسم کی انتہا پسندی کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس میں سرحد کے پار سے ہونے والی دہشت گردی بھی شامل ہے۔
مشترکہ بیان میں لشکرِ طیبہ (ایل ای ٹی)، جیش محمد (جے ای ایم)، القاعدہ، آئی ایس آئی ایس اور ان کے اتحادیوں سمیت اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ اور سخت کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے 26 بے قصور افراد کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ ٹی آر ایف (دی ریجسٹنس فرنٹ) نے اس حملے کی ذمہ داری لی تھی۔ وزیر اعظم ایشیبا نے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
مشترکہ بیان میں دونوں لیڈران نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے طور پر یوکرین میں دیرپا امن کی بھی حمایت کی۔ ہندوستان اور جاپان نے مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام قائم رکھنے کی گزارش کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل سے کام لینے، شہریوں کی حفاظت کرنے اور ایسے قدم نہ اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ غزہ کی انسانی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا کہ فوری اور مستقل جنگ بندی ہونی چاہیے، تمام یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔ ساتھ ہی کہا کہ بگڑتی انسانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سخت قدم اٹھانا انتہائی ضروری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔