مودی حکومت میں ایک بار پھر ’روپے کی قدر‘ زوال پذیر، اس ماہ کی سب سے بڑی گراوٹ درج

امریکی صدارتی عہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے فائز ہونے کے بعد سے ہی بین الاقوامی بازار میں غیر یقینی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ اب تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں کا عالمی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

<div class="paragraphs"><p>روپیہ اور ڈالر/ تصویر آئی اے این ایس</p></div>

روپیہ اور ڈالر/ تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پیر 10 (مارچ) کو ڈالر ایک بار پھر مضبوط ہوا اور روپے میں اس ماہ کی سب سے بڑی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ امریکی صدارتی عہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے فائز ہونے کے بعد سے ہی بین الاقوامی بازار میں غیر یقینی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کا عالمی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف وار سے ٹریڈ وار چھڑنے کا امکان ہے۔ اس سے بازار میں جاری غیر یقینی صورتحال اور ہندوستانی بازاروں سے مسلسل غیر ملکی فنڈ کے انخلاء نے کرنسی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے۔

خام تیل کی غیر مستحکم قیمتوں کی وجہ سے پیر کو فاریکس مارکیٹ میں روپیہ 38 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 87.33 فی ڈالر (عارضی) پر بند ہوا۔ یہ گزشتہ ایک ماہ میں روپے کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ فاریکس ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے آج روپیہ کمزور نظر آ رہا ہے، پھر بھی بین الاقوامی بازار میں ڈالر کی قدر کمزور ہے۔ ڈالر کی کمزوری کی وجہ سے ہی روپیہ گراوٹ کے ساتھ بند ہوا ہے۔ ساتھ ہی مقامی شیئر بازار میں فروخت سے بازار میں کاروباری جذبات متاثر ہوئے ہیں۔


فاریکس مارکیٹ میں روپیہ 87.24 فی ڈالر پر کمزور کھلا اور غیر مستحکم بازار کے درمیان 87.36 ڈالر کی کم ترین سطح پر چلا گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران روپیہ 87.16 فی ڈالر کی بلند ترین سطح تک گیا، پھر یہ اخیر میں 87.33 (عارضی) فی ڈالر پر بند ہوا جو گزشتہ بند ہونے والی قیمت سے 38 پیسے کم ہے۔ اس سے قبل 5 گزشتہ ماہ 5 فروری کو ہندوستانی کرنسی میں ڈالر کے مقابلے میں بڑی گراوٹ درج کی گئی تھی۔ اُس وقت ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 39 پیسے گر گیا تھا۔ گزشتہ ہفتہ کے آخری کاروباری دن جمعہ کو روپیہ 17 پیسے بڑھ کر 86.95 فی ڈالر پر بند ہوا تھا۔

دریں اثنا دنیا کی چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے ڈالر کی قدر کا حساب کرنے والے ’ڈالر انڈیکس‘ پر 0.15 فیصد کم ہو کر 103.65 پر آ گیا۔ وہیں فیوچر مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 0.28 فیصد بڑھ کر 70.56 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے۔ واضح ہو کہ ہندوستان کے شیئر بازاروں میں بی ایس ای سینسیکس 217.41 پوائنٹس گر کر 74،115.17 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔ وہیں نفٹی 92.20 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 22،460.30 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔ ملک میں غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں نے جمعہ کو بھی 2،035.10 کروڑ روپے کے شیئر فروخت کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔