ایران سے ہندوستانیوں کی واپسی کا راستہ ہموار، وزارت خارجہ نے پوری کر لی تیاری، 2 طیاروں کی جلد ہوگی لینڈنگ!

ایران سے ہندوستانی شہریوں کو لے کر 2 طیارے جمعہ کو نئی دہلی پہنچنے والے ہیں۔ پہلی پرواز مہان ایئر کی رات 12.15 بجے پہنچے گی، جبکہ دوسری العربیہ کی فلائٹ رات 2.40 بجے لینڈ کرے گی۔

<div class="paragraphs"><p>مہان ایئر، تصویر انسٹاگرام</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ایران میں جاری پُرتشدد احتجاجی مظاہروں کے سبب حالات نازک بنے ہوئے ہیں۔ موجودہ صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستان نے وہاں سے اپنے شہریوں کو نکالنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ایران سے ہندوستانی شہریوں کو لے کر 2 طیارے جمعہ (16 جنوری) کو نئی دہلی پہنچنے والے ہیں۔ پہلی پرواز مہان ایئر کی رات 12.15 بجے پہنچے گی، جبکہ دوسری ایئر عربیہ کی فلائٹ رات 2.40 بجے ہندوستان پہنچے گی۔ تاہم، ان پروازوں کو باقاعدہ کمرشیل فلائٹس ہی قرار دیا گیا ہے۔ ایران میں تشدد اور حالات بگڑنے کے بعد ہندوستان آنے والی یہ پہلی باقاعدہ پروازیں ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے ملک گیر مظاہروں پر تہران کی کارروائی کے جواب میں ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے امکان سے انکار نہیں کیا ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستان نے بدھ کے روز ایران میں مقیم اپنے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دستیاب ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ملک چھوڑ دیں اور ایران کا سفر نہ کریں۔ ایران میں طلبا سمیت تقریباً 10,000 ہندوستانی اس وقت مقیم ہیں۔


تہران واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے 14 جنوری کو طلبا، زائرین، تاجروں اور سیاحوں سمیت تمام ہندوستانی شہریوں سے دستیاب سفری ذرائع کے ذریعے ایران چھوڑنے کی اپیل کی تھی۔ سفارت خانہ نے تمام ہندوستانی شہریوں اور ہندوستانی نژاد افراد سے احتیاط برتنے، مظاہروں والے علاقوں سے دور رہنے اور سفارت خانہ کے ساتھ رابطہ میں رہنے کی بھی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکہ نے جمعرات (15 جنوری) کو ایران پر نئے سرے سے پابندیاں عائد کی ہیں۔ امریکی محکمۂ خزانہ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے مظاہروں کو کچلنے کے الزام میں ایرانی حکام کے ساتھ ساتھ ایرانی شپنگ، ٹریڈنگ اور توانائی کمپنیوں پر نئی پابندیاں لگائی ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی 18 اہلکاروں پر امریکہ نے کارروائی کی ہے، جن پر مظاہرین کے خلاف سختی اور تشدد کے الزامات ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اہلکار تیل اور پیٹروکیمیکل کی آمدنی کو خفیہ طور پر بیرون ملک منتقل کرنے اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ آزادی اور انصاف کا مطالبہ کرنے والی ایرانی عوام کے ساتھ ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔