آج رات آسمان میں نظر آئے گا 2025 کا آخری ’کولڈ سپر مون‘
فلکیات کی ماہر ساریکا گھارو کے مطابق آج چاند زمین کے بے حد قریب آئے گا، تقریباً 3 لاکھ 57 ہزار 218 کلومیٹر کی دوری پر۔ یہی وجہ ہے کہ یہ عام دنوں سے بڑا اور زیادہ چمکدار نظر آئے گا۔

دسمبر کا ماہ ویسے بھی ٹھنڈ، دھند اور خوبصورت راتوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ لیکن اس مرتبہ سال کے آخر میں آسمان ایک خوبصورت نظارہ پیش کرنے والا ہے۔ آج کا ’سپر مون‘ 2025 کا آخری سپر مون ہوگا، جسے ماہر فلکیات ’کولڈ سپر مون‘ بھی کہتے ہیں۔ فلکیات کی ماہر ساریکا گھارو کے مطابق آج چاند زمین کے بے حد قریب آئے گا، تقریباً 3 لاکھ 57 ہزار 218 کلومیٹر کی دوری پر۔ یہی وجہ ہے کہ یہ عام دنوں سے بڑا اور زیادہ چمکدار نظر آئے گا۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے دیکھنے کے لیے آپ کو کوئی ٹیلی اسکوپ یا خاص ایڈوانس گیئر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ شہر کی روشنی سے دور جائیں تو چاند کی چمک اور خوبصورتی دوگنا نظر آئے گی۔ چاند رات بھر آسمان میں رہے گا، اس لیے اسے دیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا۔ چاند طلوع ہوتے وقت ’مون الیوزن‘ کی وجہ سے اور بھی بڑا نظر آئے گا، یعنی آپ کی آنکھیں خود کہیں گی کہ ’’واہ یہ تو بہت قریب لگ رہا ہے!‘‘
ہندوستان میں آج غروب آفتاب کے بعد ہی چاند آسمان میں چمکنے لگے گا۔ آپ پوری رات اس سپر مون کو دیکھ پائیں گے۔ جہاں موسم صاف رہے وہاں اس کی چمک واضح طور پر نظر آئے گی۔ لیکن بارش، دھند یا زیادہ کہرے والے علاقوں میں ویزیبلٹی (مرئیت) تھوڑی کم ہو سکتی ہے۔ یہ سپر مون دنیا کے کئی ممالک لندن، ایڈن برگ، بیلفاسٹ اور کارڈف میں بھی نظر آئے گا۔
واضح رہے کہ دسمبر کی ٹھنڈ میں نظر آنے والا یہ سپر مون تقریباً 99.5 فیصد چمک کے ساتھ نظر آتا ہے۔ اس ماہ میں راتیں لمبی ہوتی ہیں اور اندھیر زیادہ، اس لیے اسے ’لانگ نائٹ مون‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ چاند مکمل چمک کے ساتھ آسمان میں ایسے چمکتا ہے جیسے کسی نے رات کو چاندی سے بھر دیا ہو۔