دی گوٹ ٹور: ہندوستان میں لیونل میسی کے ساتھ تصویر کے لیے 10 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے، 100 لوگوں کو ملے گا موقع!
یہ موقع لیونل میسی کے ہندوستانی شیدائیوں کے لیے کسی خواب کے حقیقت بننے سے کم نہیں ہے۔ اسپانسرز نے شیدائیوں کے لیے ’میٹ اینڈ گریٹ‘ سیشن رکھا ہے، جس میں لوگ میسی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔

فٹ بال کے مشہور و معروف کھلاڑی لیونل میسی بالآخر ہندوستان کی زمین پر قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ میسی کا شہرت یافتہ ’دی گوٹ ٹور‘ 13 دسمبر سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں وہ ہندوستان کے 4 اہم شہروں کولکاتا، حیدر آباد، ممبئی اور نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ حیدر آباد میں میسی راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایک فٹ بال میں حصہ بھی لیں گے، جس میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی کھیلتے دکھائی دیں گے۔ بوقت شام میسی کے اعزاز میں ایک میوزیکل پروگرام بھی رکھا جائے گا۔
یہ موقع لیونل میسی کے ہندوستانی شیدائیوں کے لیے کسی خواب کے سچ ہونے سے کم نہیں ہے۔ اسپانسرز نے شیدائیوں کے لیے ’میٹ اینڈ گریٹ‘ (ملاقات کریں اور سلام پیش کریں) سیشن رکھا ہے۔ اس سیشن میں لوگ میسی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں، ان کے ساتھ تصویر کھنچوا سکتے ہیں اور کچھ لمحات ان کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔ لیکن اس خواب کی قیمت بھی خوابوں جیسی ہی ہے۔ محض ایک تصویر اور ملاقات کے لیے 9.95 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے، جس پر جی ایس ٹی بھی لگے گا۔ یعنی تقریباً 10 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنی ہوگی۔
انعقاد کمیٹی کی مشیر پاروتی ریڈی نے بتایا کہ سیکورٹی پروٹوکول اور لیونل میسی کے مصروف شیڈول کو توجہ میں رکھتے ہوئے صرف 100 لوگوں کو ہی یہ موقع دیا جا رہا ہے۔ یعنی پورے ملک سے محض 100 خوش قسمت شیدائی ہی اس تاریخ کے گواہ بن پائیں گے۔ باقی کے لیے دور سے اسٹیڈیم میں جوش کا مظاہرہ کرنا یا ٹی وی پر دیکھنا ہی متبادل بچے گا۔ حیدر آباد میں 13 دسمبر کا دن تہوار کا سماں پیش کرنے والا ہے۔ شہر کو خوب صورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے، سڑکوں پر میسی کے پوسٹ لگائے گئے ہیں اور فلک نما پیلیش کو پوری طرح محفوظ زون میں بدل دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لیونل میسی کولکاتا میں صبح تقریباً 1.30 بجے پہنچیں گے، جہاں وہ صبح 9.30 بجے سے لوگوں سے ملاقات شروع کریں گے۔ اس کے بعد میسی سوربھ گانگولی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں دوپہر 2 بجے حیدر آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔ حیدر آباد کے بعد میسی ممبئی جائیں گے۔ وہاں ایک چیریٹی کے لیے پیسے جمع کرنے کے مقصد سے ایک فیشن شو میں حصہ لیں گے۔ اس کے ساتھ ہی 2022 عالمی کپ کی کچھ یادگار چیزوں کی نیلامی بھی کریں گے۔ پھر ممبئی میں لوئس سواریز کا ایک اسپیشن میوزک شو بھی ہوگا۔ آخر میں وہ دہلی آئیں گے، جہاں میسی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ دہلی واقع ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بھی ایک تقریب میں شرکت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔