دنیا کا اگلا ڈھانچہ تنہا امریکہ نہیں بنائے گا، اس میں ہندوستان اور چین کا بھی اہم کردار ہوگا: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے شکاگو یونیورسٹی میں کہا کہ اسرائیل کے مقابلے ہندوستان کہیں بڑا ملک ہے۔ ہندوستان کی آبادی 1.5 ارب ہے، اس لیے اس کی خارجہ پالیسی اس بنیاد پر طے ہونی چاہیے کہ ہندوستان کے لیے کیا بہتر ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے امریکہ دورہ پر شکاگو یونیورسٹی میں بات چیت کے دوران ہندوستان کے ساتھ ساتھ عالمی حالات پر بھی کھل کر اپنی رائے رکھی۔ انھوں نے ہندوستان میں الیکشن کمیشن کی مبینہ بے ضابطگیوں کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل سے ہندوستان کے تعلقات اور دنیا کا ڈھانچہ تیار کرنے میں مختلف ممالک کے کردار پر خاص طور سے روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے اسرائیل سے اچھے رشتے ہیں اور ہندوستان اس سے اسلحے بھی خریدتا ہے، لیکن 1.5 ارب کی آبادی والے ہندوستان کی خارجہ پالیسی وہی ہونی چاہیے جو اس کے اپنے مفاد میں ہو۔
اکتوبر میں اسرائیل میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ یہ عمل قابل مذمت ہے، لیکن اسرائیلی کارروائی کی بھی مذمت کی جانی چاہیے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’اسرائیل پر ہوا دہشت گردانہ حملہ خوفناک تھا۔ ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا اور بے گناہ لوگوں کی جان لینا پوری طرح غلط ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی اور انسانی بحران کی سخت تنقید کی اور کہا کہ اسے درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
ہندوستان اور اسرائیل کے تعلقات پر اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان اور اسرائیل کے رشتے اچھے ہیں۔ ہندوستان ضرورت کے مطابق اسرائیل سے اسلحے بھی خریدتا ہے۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’اسرائیل کے مقابلے ہندوستان بہت بڑا ملک ہے۔ ہندوستان کی آبادی 1.5 ارب ہے، اس لیے اس کی خارجہ پالیسی اس بنیاد پر طے ہونی چاہیے کہ ہندوستان کے لیے کیا اچھا ہے، نہ کہ اس بنیاد پر کہ دوسروں کے لیے کیا بہتر ہے۔‘‘ گویا کہ ہندوستان کو اپنے مفادات کو سب سے اوپر رکھنا چاہیے اور کسی دوسرے ملک کی سہولت دیکھ کر فیصلہ نہیں لینا چاہیے۔
دنیا کے موجودہ منظرنامہ پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ دنیا کا اگلا ڈھانچہ تنہا امریکہ نہیں بنائے گا، بلکہ اس میں چین، ہندوستان، مشرق وسطیٰ اور روس کا بھی کردار ہوگا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’اگلا عالمی ڈھانچہ صرف ایک ملک نہیں بنائے گا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد امریکہ نے ایک ڈھانچہ تیار کیا تھا، لیکن اب حالات بدل گئے ہیں۔ اب چین، ہندوستان، مشرق وسطیٰ اور روس بھی اس نئے نظام میں اپنا کردار نبھائیں گے۔‘‘ راہل گاندھی کے مطابق آئندہ وقت میں طاقت کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ کئی ممالک عالمی معاملوں پر فیصلہ لے سکیں گے، اور ہندوستان بھی ان ممالک میں شامل ہوگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
