21 سے 23 جنوری تک چلے گا الیکشن کمیشن کا ’آئی آئی سی ڈی ای ایم-2026‘، 70 ممالک کے 100 نمائندے ہوں گے شامل

آئی آئی سی ڈی ای ایم 2026 الیکشن مینجمنٹ اور جمہوریت کے شعبہ میں ہندوستان کے ذریعہ منعقد کیا جانے والا اس طرح کا سب سے بڑی عالمی تقریب ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی الیکشن کمیشن کی قیادت میں ہندوستان بین الاقوامی جمہوریت اور انتخابی انتظامی کانفرنس 2026 (آئی آئی سی ڈی ای ایم 2026) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ آئی آئی سی ڈی ای ایم کے زیر اہتمام یہ سہ روزہ کانفرنس 21 جنوری سے 23 جنوری تک نئی دہلی کے ’بھارت منڈپم‘ میں منعقد ہوگی۔

’آئی آئی سی ڈی ای ایم-2026‘ انتخابی انتظام اور جمہوریت کے شعبہ میں ہندوستان کی جانب سے منعقد کیا جانے والا اس نوعیت کا سب سے بڑا عالمی اجلاس ہوگا۔ اس میں دنیا بھر کے 70 سے زائد ممالک سے تقریباً 100 بین الاقوامی نمائندوں کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں، ہندوستان میں قائم غیر ملکی مہموں کے نمائندوں، ماہرین تعلیم اور انتخابی امور سے وابستہ تجربہ کار ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔


اس سہ روزہ پروگرام میں انتخابی انتظامی اداروں (ای ایم بی) کے عمومی اور مکمل اجلاس (جنرل و پلینری سیشن) شامل ہوں گے، جن میں افتتاحی اجلاس، ای ایم بی قائدین کے مکمل اجلاس، ای ایم بی ورکنگ گروپ کی میٹنگز کے ساتھ ساتھ عالمی انتخابی مسائل، ماڈل بین الاقوامی انتخابی معیارات اور انتخابی عمل میں جدت طرازیوں اور بہترین طریقۂ کار پر مبنی موضوعاتی اجلاس بھی شامل ہیں۔

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز ( سی ای او) کی قیادت میں تشکیل دیے گئے اور قومی و بین الاقوامی ماہرین تعلیم کی معاونت سے مجموعی طور پر 36 موضوعاتی گروپ اس کانفرنس کے دوران تفصیلی غور و فکر میں حصہ لیں گے۔ ان مباحث میں 4 آئی آئی ٹیز، 6 آئی آئی ایمز، 12 نیشنل لا یونیورسٹیز اور آئی آئی ایم سی سمیت ممتاز تعلیمی اداروں کی بھی شرکت ہوگی۔


موصولہ اطلاع کے مطابق ہندوستانی الیکشن کمیشن دنیا بھر میں ای ایم بی کو درپیش مختلف چیلنجز پر گفتگو اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ای ایم بی کے ساتھ 40 سے زائد دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا۔ کمیشن کی جانب سے انتخابی امور سے متعلق تمام طرح کی جانکاریاں اور خدمات کے لیے الیکشن کمیشن کے وَن اسٹاپ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ‘ای سی آئی نیٹ‘ کا بھی باضابطہ آغاز کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان پروگراموں کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں انتخابات کے انعقاد کی وسعت اور پیچیدگی کو اجاگر کرنے کے لیے ایک نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ہندوستانی الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے 2 ستونوں، یعنی ووٹر فہرست کی تیاری اور انتخابی انتظامی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حالیہ اقدامات کو بھی پیش کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔