بہار: سہسرام میں 17 سالہ لڑکی کا اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل

بہار کے سہسرام میں ایک 17 سالہ معصوم کی اجتماعی عصمت دری اور قتل کا واقعہ پیش آنے کے بعد آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش کمار کی خاموشی پر ایک بار پھر سوال اٹھایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

روہتاس ضلع واقع شیو ساگر تھانہ حلقہ کے لودھی براؤں گاؤں میں ایک لڑکی کی لاش جھاڑیوں سے ملنے کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ لڑکی منگل کی دوپہر اسکول کے لیے نکلی تھی لیکن وہ دیر شام تک واپس نہیں لوٹی۔ لڑکی کے گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی جس کے بعد گاؤں کے ایک سنسان علاقے میں جھاڑیوں سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔

لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے کے لوگوں میں کافی غم و غصہ کی لہر پھیل گئی اور انھوں نے بدھ کے روز سڑک جام کرتے ہوئے قصوروارں کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق لڑکی کے جسم پر چوٹ اور تیز ہتھیار سے حملہ کیے جانے کے کئی نشان ملے ہیں۔ پولس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا اور پھر لڑکی کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لڑکی کے ساتھ پہلے اجتماعی عصمت دری کی گئی اور پھر اسے ہلاک کر کے جھاڑیوں میں پھینکا گیا۔ ملزمین کی گرفتاری کے لیے گاؤں سے ملحق کئی علاقوں میں چھاپہ ماری کی جا رہی ہے لیکن ہنوز کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

لڑکی کی اجتماعی عصمت دری اور قتل کی خبر پھیلنے کے بعد آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔ اس واقعہ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے لیڈر تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’پھر بہار کے سہسرام میں ایک معصوم بیٹے کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی اور اس کا قتل کر دیا گیا۔ یہ سب کیا ہو رہا ہے۔ اخلاقیات کہاں ہے۔ لوگوں میں سمجھداری کہاں ہے۔ وزیر اعلیٰ صاحب آپ خاموش کیوں ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔