حجاج کرام سے بھرے طیارہ کی لینڈنگ کے وقت پہیہ سے نکلی چنگاری، فوری کارروائی سے بچی 250 جانیں
ویڈیو فوٹیج میں طیارہ کے نیچے سے دھواں نکلتا نظر آ رہا ہے۔ اس کی جانکاری پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرول کو دی۔ خبر ملتے ہی فائر ٹیم پہنچی اور تھوڑی مشقت کے بعد چنگاری اور دھوئیں کو ختم کر دیا۔

سعودی عربیہ ایئرلائنس کے پہیہ سے نکلتا ہوا دھواں، ویڈیو گریب
جدہ سے حجاج کرام کو لے کر لوٹے ایک طیارہ کی لکھنؤ واقع اموسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پہیہ سے چنگاری اور تیز دھواں نکلنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ کے پہیہ میں آگ لگنے کا یہ واقعہ لینڈنگ کے بعد ٹیکسی وے پر جانے کے دوران ہوا، جس سے طیارہ میں سوار تقریباً 250 لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی تھی۔ جس وقت پہیہ میں آگ اور دھواں نکل رہا تھا، سبھی حجاج کرام اور عملہ کے اہلکار طیارہ میں ہی موجود تھے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق معاملہ اتوار کا ہے جب لکھنؤ ایئرپورٹ پر سعودی عربیہ ایئرلائنس کے طیارہ میں تکنیکی خرابی کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔ غنیمت یہ رہی کہ کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش نہیں آیا۔ پائلٹ کی سمجھداری کے سبب پہیہ سے نکلنے والی چنگاری کو وقت پر بجھا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لینڈنگ کے دوران رَنوے پر اترتے ہی بائیں پہیہ سے چنگاری اور دھواں نکلنے لگ گیا تھا۔ اس وجہ سے وہاں پر حالات تھوڑے فکر انگیز بن گئے۔ فوراً پائلٹ نے طیارہ کے ذیلی حصے میں چنگاری اور دھواں نکلنے کی جانکاری ایئر ٹریفک کنٹرولر (اے ٹی سی) کو دی۔ خبر ملتے ہی فوراً فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کچھ دیر کی مشقت کے بعد ہی چنگاری اور دھواں کو ختم کر دیا گیا۔ اس فوری کارروائی کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔
طیارہ کی لینڈنگ کے بعد پہیہ سے دھواں نکلنے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سامنے آئی ہیں۔ ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کے نیچے سے دھواں تیزی کے ساتھ نکل رہا ہے۔ واقعہ کی ابتائی جانچ میں چنگاری اور دھوئیں کی وجہ ہائیڈرولک سسٹم لیک ہونا بتایا گیا ہے۔ مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔