صومالیائی سمندری لٹیروں نے ایرانی جہاز کا کیا اغوا، ہندوستانی جنگی جہازوں نے بچا کر آگے کیا روانہ

ایرانی جہاز کا نام ایم وی ایمان بتایا گیا ہے جس پر عملے کے 17 اراکین سوار تھے، ہندوستانی جنگی جہاز نے اسے لٹیروں سے بچا کر آگے کے لیے روانہ کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی بحریہ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ہندوستانی بحریہ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بحری قزاقوں یعنی لٹیروں نے بحیرۂ عرب میں ایک بار پھر ایک جہاز کو نشانہ بنایا، لیکن بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بچا لیا گیا۔ یہ ایرانی ماہی گیری جہاز تھا جو کوچی سے مغرب کی جانب 700 ناٹیکل میل کی دوری پر تھا جب اسے اغوا کیا گیا۔ اغوا کی خبر ملتے ہی ہندوستان نے اپنا جنگی جہاز بھیج کر اسے سمندری لٹیروں سے بچایا اور آگے کی منزل کی طرف روانہ کر دیا۔

ہندوستانی حکام کے مطابق کوچی سے 700 ناٹیکل میل مغرب میں صومالیہ کے قزاقوں نے ایک ایرانی ماہی گیری کے جہاز کو اغوا کر لیا تھا۔ اس مشکل وقت میں ہندوستانی بحریہ نے اپنے جنگی جہاز کو روانہ کیا تاکہ لٹیروں کے قبضے سے ایرانی جہاز کو چھڑایا جائے۔ ایرانی جہاز کا نام ایم وی ایمان بتایا گیا ہے جس پر عملے کے 17 اراکین سوار تھے۔ ہندوستانی جنگی جہاز آئی این ایس سمترا نے جہاز میں سوار لوگوں کو بچانے کے لیے آپریشن شروع کیا اور کچھ ہی دیر میں جنگی جہاز میں موجود دھرو ہیلی کاپٹرز نے ایرانی جہاز کو گھیر لیا، پھر اسے وارننگ جاری کر دی۔ بعد ازاں سمندری لٹیروں کو اپنا ہتھیار پھینک کر صومالیہ کی طرف جانے کے لیے کہا گیا۔ پھر بحریہ نے جہاز میں سوار تمام لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔


ہندوستانی بحریہ کے ترجمان وویک مدھوال نے جانکاری دی کہ ہندوستانی جنگی جہاز صومالیہ کے مشرقی ساحل اور خلیج عدن میں بحری قزاقی مخالف مشن میں شامل تھا۔ اسے ایرانی جہاز سے ہائی جیکنگ کا اشارہ ملا۔ اس میں کہا گیا کہ سمندری لٹیروں نے جہاز پر قبضہ کر لیا ہے اور عملے کو یرغمال بنا لیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئی این ایس سمترا نے طے شدہ ایس او پی کے مطابق ڈاکوؤں کو روکا اور عملے کو بحفاظت بچایا۔ اس کے بعد جہاز کو آزاد کر اکر اسے اپنی منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔