سعودی عرب: حج گائیڈلائنس میں ہوئی بڑی تبدیلی، حج سفر منسوخ کرنے پر 5000 روپے سے لے کر پوری رقم سے دھونا پڑ سکتا ہے ہاتھ
حج 2026 کی گائیڈلائنس کے مطابق اگست 2025 تک حج کی درخواست کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ عازمین حج کی پرواز کا سلسلہ اپریل 2026 سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

حج سفر پر جانے والے عازمین کو اس بار اپنے سفر کو منسوخ کرانا مہنگا ثابت ہوگا۔ نئی گائیڈلائنس کے مطابق آخر وقت میں حج سفر منسوخ کرانے پر جمع کی گئی تمام رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب حکومت کے اصول و ضوابط میں تبدیلی کے سبب حج کمیٹی آف انڈیا نے حج کے لیے منتخب ہونے کے بعد درخواست کی منسوخی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے باوجود اگر کوئی حج سفر کو منسوخ کرتا ہے تو الگ الگ اوقات کے مطابق حج کمیٹی فی مسافر 5 ہزار روپے سے لے کر ایک لاکھ روپے تک فیس وصول کرے گی۔
حج 2026 کی گائیڈلائنس کے مطابق اگست 2025 تک حج کی درخواست کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ حالانکہ عازمین حج کی پرواز کا سلسلہ اپریل 2026 سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ایسے میں اس بار صرف ناگزیر حالات میں ہی حج سفر کو منسوخ کرنے کی درخواست قبول کی جائے گی۔ یعنی اگر کوئی حج سفر کو منسوخ کرتا ہے تو عازمین سے فیس وصول کی جائے گی۔ عازمین حج کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 30 ستمبر 2025 تک سفر منسوخ کرانے پر 5 ہزار روپے، یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک 10 ہزار روپے، 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک 15 ہزار روپے کی وصولی کی جائے گی۔
اسی طرح حج سفر کو منسوخ کرانے پر یکم نومبر سے 15 نومبر تک 20 ہزار روپے، 16 سے 30 نومبر تک 25 ہزار روپے، یکم دسمبر سے 15 دسمبر تک 30 ہزار روپے، 16 سے 31 دسمبر تک 35 ہزار روپے، یکم جنوری سے 15 جنوری 2026 تک 50 ہزار روپے، 16 سے 31 جنوری 2026 تک ایک لاکھ روپے فیس وصول کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 31 جنوری 2026 کے بعد حج سفر منسوخ کرانے والے عازمین کی جمع کی گئی پوری رقم ضبط کر لی جائے گی۔
بہرحال، کچھ استثنائی حالات ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اگر کسی نے حج سفر منسوخ کیا تو اس کو معمولی فیس ادا کرنی ہوگی۔ اگر کسی عازمین کا انتقال ہو جاتا ہے، سرکاری طبی افسران کی جانب سے تصدیق شدہ سنگین بیماری یا حمل کی آخری مدت کی وجہ سے سفر کرنا مناسب نہ ہو تو حج سفر منسوخ کیا جا سکے گا۔ ایسے معاملوں میں ریاستی حج کمیٹی کی سفارش پر جمع رقم سے صرف 2300 روپے کی کٹوتی ہوگی۔ حالانکہ ان کے ساتھ جانے والے عازمین کے حج سفر کی منسوخی پر 5 ہزار روپے کی کٹوتی کی جائے گی۔
اترپردیش حج کمیٹی کے سکریٹری ایس پی تیواری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب حکومت کے اصول و ضوابط کی وجہ سے اس بار حج سفر کے عمل کو جلد شروع کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں رہائش اور دیگر انتظام کی فیس پہلے ہی جمع کی جانی ہے۔ حج سفر منسوخ کرانے پر جمع کردہ رقم کی واپسی حج کمیٹی آف انڈیا کو نہیں ہوگی۔ اس لیے حج کمیٹی آف انڈیا نے کٹوتی کا یہ اصول تیار کیا ہے۔