سعودی عرب: ریاض میں مکانوں اور دکانوں کے کرایہ سے متعلق اصولوں میں تبدیلی، ہندوستانیوں کو پہنچے گا فائدہ!
آئندہ 5 سالوں تک ریاض میں رہائشی و کمرشیل دونوں طرح کی جائیدادوں کا کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا۔ ولی عہد محمد بن سلمان کے اس فیصلے کا مقصد کرایہ کی قیمتوں کو مستحکم کرنا ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں پراپرٹی-رینٹ یعنی دکانوں و مکانوں کے کرایہ سے متعلق نئے اصول نافذ کیے ہیں۔ اس کے تحت آئندہ 5 سالوں تک ریاض میں رہائشی و کمرشیل دونوں طرح کی جائیدادوں کا کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا۔ محمد بن سلمان کے اس فیصلے کا مقصد کرایہ کی قیمتوں کو مستحکم کرنا اور راجدھانی میں ایک غیر جانبدار و شفاف پراپرٹی مارکیٹ یقینی بنانا ہے۔
اس فیصلے کا براہ راست اثر سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے والے مہاجرین پر پڑے گا، جو کہ کرایہ پر رہتے ہیں یا اپنا بزنس کرایہ کی زمین پر چلاتے ہیں۔ ان لوگوں میں ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ یعنی سعودی عرب کی راجدھانی میں موجود ہندوستانی باشندوں کو آئندہ 5 سالوں تک مکانوں یا دکانوں کے کرایہ میں اضافہ نہیں کرنا پڑے گا۔
جنرل رئیل اسٹیٹ اتھارٹی نے اس تعلق سے کہا کہ کابینہ اور شاہی ہدایت راجدھانی ریاض میں رہائش و کمرشیل کرایہ کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے اور بازار میں زیادہ توازن، شفافیت و غیر جانبداری لانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اس قانون میں کرایہ کے کنٹرول کے ساتھ ساتھ تجدید اور پراپرٹی رجسٹریشن بھی شامل ہے۔ چونکہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان رشتے تاریخی ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارت سال در سال بڑھتا جا رہا ہے۔ ہندوستان سے سعودی عرب ملازمت اور تجارت کرنے کے مقصد سے ہر سال ہزاروں لوگ جاتے ہیں۔ نئے اصول نافذ ہونے کے بعد ان ہندوستانیوں کو سعودی عرب میں آسانیاں میسر ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں 25 لاکھ سے زائد ہندوستانی رہتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر کرایہ پر ہی مقیم ہیں۔ کئی ہندوستانی کرایہ کی عمارتوں میں اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔ ایسے میں سعودی عرب حکومت کا تازہ فیصلہ براہ راست ہندوستانیوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ یہ نیا قانون 25 ستمبر 2025 سے نافذ بھی ہو گیا ہے۔ اس کے بعد ریاض میں مکان مالکان موجودہ کرایہ کو 5 سالوں تک نہیں بڑھا پائیں گے۔ علاوہ ازیں جو جائیدادیں، یعنی عمارتیں خالی ہیں، ان کا نیا کرایہ گزشتہ درج پٹہ رقم کے برابر ہوگا۔ پہلی بار پٹہ پر دی جا رہی جائیدادوں کا کرایہ مکان مالک اور کرایہ دار کے درمیان طے معاہدہ کی بنیاد پر رکھا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔