بے قابو تیل ٹینکر اور آٹو کے درمیان زبردست ٹکر، 10 افراد کی دردناک موت

ہریانہ کے جیند میں منگل کی دیر شب ایک آئل ٹینکر نے سواریوں سے بھری آٹو کو روندتی ہوئی نکل گئی۔ اس حادثہ میں فوج کی بھرتی سے لوٹ رہے 8 نوجوانوں سمیت 10 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سواریوں سے بھری آٹو کو ایک بے قانو آئل ٹینکر نے زبردست ٹکر مار دی جس کے سبب آٹو میں بیٹھے 10 لوگوں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ہریانہ کے جند ضلع میں منگل کی دیر شب رام رائے گاؤں کے پاس سواریوں سے بھری آٹو کو تیل ٹینکر نے ٹکر ماری۔ اس دردناک سڑک حادثہ میں جن 10 لوگوں کی موت ہوئی ہے ان میں 8 وہ نوجوان بھی شامل ہیں جو ہسار میں فوج کی بھرتی میں شامل ہونے کے بعد آٹو سے لوٹ رہے تھے۔


خبروں کے مطابق فوج میں بھرتی کے لیے گئے نوجوان فیزیکل اور میڈیکل ٹیسٹ پاس کر چکے تھے۔ یہ سبھی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اپنے گھر لوٹ رہے تھے، اسی دوران ان کے ساتھ یہ حادثہ ہو گیا۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچی پولس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولس کے مطابق حادثہ ہانسی روڈ پر رام رائے گاؤں کے پاس رات تقریباً 10 بجے ہوا۔

بتایا جاتا ہے کہ آئل ٹینکر نے آٹو کو پیچھے سے ٹکر ماری اور روندتا ہوا آگے نکل گیا۔ حادثہ میں ایک شخص سنگین طور پر زخمی بھی ہوا ہے جس کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔ زخمی شخص کی پہچان پریم جیت ولد ستیش کی شکل میں ہوئی ہے جو بڑتانا کا رہنے والا ہے۔ پولس کے مطابق مہلوکین میں سے تین کی شناخت ہو گئی ہے جب کہ باقیوں کی شناخت کے لیے آس پاس کے گاؤں والوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ مہلوکین میں آٹو ڈرائیور بھی شامل ہے۔ پولس نے ملزم آئل ٹینکر کے ڈرائیور کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Sep 2019, 9:10 AM