تیج پرتاپ نے گھر واپسی کے لیے رکھی بڑی شرط، لالو کی فیملی مشکل میں

آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو نے کہا ہے کہ وہ ابھی ہریدوار میں ہیں اور جب تک ایشوریہ سے طلاق کے معاملے پر ان کی فیملی حمایت نہیں کرتی، اس وقت تک وہ گھر واپس نہیں لوٹیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور رکن اسمبلی تیج پرتاپ یادو اپنی بیوی ایشوریہ رائے سے طلاق لینے کی عرضی داخل کرنے کے بعد ابھی تک گھر نہیں لوٹے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ ابھی ہریدوار میں رہ رہے ہیں اور جب تک بیوی سے طلاق کے ان کے فیصلے کی حمایت فیملی کے دیگر اراکین نہیں کرتے تب تک وہ گھر نہیں لوٹیں گے۔

دوسری طرف تیج پرتاپ نے چھوٹے بھائی کے ساتھ بڑھتی ناراضگی سے متعلق خبروں کو خارج کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں تیجسوی کو اپنا آشیرواد دیتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ وہ بہار کا آئندہ وزیر اعلیٰ بنے۔ میں اس کی طرف ہی رہوں گا اور ٹھیک اسی طرح سے اس کی مدد کروں گا جیسے مہابھارت میں کرشن نے ارجن کی مدد کی تھی۔‘‘

اس سے قبل تیج پرتاپ یادو نے ایشوریہ اور اپنے رشتے سے متعلق کہا تھا کہ ’’ہماری نااتفاقی میں اب سمجھوتے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ میں نے اپنے والدین کو شادی ہونے سے پہلے اس بارے میں بتایا تھا۔ لیکن اس وقت میری کسی نے نہیں سنی اور اب بھی میری کوئی نہیں سن رہا ہے۔ جب تک وہ مجھ سے متفق نہیں ہوتے ہیں، اس وقت تک میں گھر کیسے واپس آ سکتا ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ تیج پرتاپ یادو کی وجہ سے فیملی کی بڑھی پریشانی کے درمیان لالو یادو کی طبیعت لگاتار خراب ہو رہی ہے۔ آج لالو پرساد یادو سے ملنے کے لیے ان کے چھوٹے بیٹے تیجسوی رانچی پہنچ رہے ہیں۔ تیجسوی یادو کے ساتھ لالو یادو کی بیٹی اور داماد بھی ان سے ملنے کے لیے ریمس جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Nov 2018, 1:09 PM