رکشا بندھن: پی ایم مودی کی ’پاکستانی بہن‘ قمر محسن شیخ نے بھیجی راکھی

وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے راکھی بھیجنے والی ’پاکستانی بہن‘ کا نام قمر محسن شیخ ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ پی ایم مودی سے ملاقات کرنا چاہتی ہیں اور اس بار پوری امید ہے کہ وہ ملاقات کر پائیں گی۔

قمر محسن شیخ
قمر محسن شیخ
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتوں میں لاکھ تلخیاں ہوں، لیکن کئی ایسے مواقع آتے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان قربت کا احساس کرا دیتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی رکشا بندھن تہوار کے موقع پر اس وقت دیکھنے کو ملا جب وزیر اعظم نریندر مودی کی ’پاکستانی بہن‘ نے ان کے لیے راکھی بھیجی۔ قابل ذکر ہے کہ انھوں نے نہ صرف راکھی بھیجی بلکہ اس کے ساتھ انھوں نے 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے راکھی بھیجنے والی ’پاکستانی بہن‘ کا نام قمر محسن شیخ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پی ایم مودی سے ملاقات کرنا چاہتی ہیں اور اس بار پوری امید ہے کہ وہ ملاقات کر پائیں گی۔ قمر محسن کا کہنا ہے کہ انھوں نے پی ایم مودی سے ملنے کی پوری تیاری کر رکھی ہے اور بس انتظار ہے کہ وہ انھیں دہلی بلائیں۔ وہ کہتی ہیں ’’میں نے پی ایم مودی کے لیے خود سے راکھی بنائی ہے اور اس میں ریشم کے ربن کے ساتھ کڑھائی سے ڈیزائن بنائی ہے۔‘‘


قمر محسن نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھ کر اس سلسلے میں تذکرہ کیا ہے۔ قمر کہتی ہیں کہ خط میں انھوں نے پی ایم مودی کے طویل عمر اور صحت مند زندگی کی تمنا ظاہر کی ہے۔ ساتھ ہی لکھا ہے کہ وہ اچھا کرتے رہیں جیسا کہ وہ کر رہے ہیں۔ 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کے تعلق سے قمر محسن نے خط میں لکھا ہے کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ پھر سے وزیر اعظم بنیں گے، وہ اس کے حقدار بھی ہیں کیونکہ ان کے پاس وہ سبھی صلاحیتیں ہیں اس اس عہدہ کے لیے ہونی چاہئیں۔

قابل ذکر ہےکہ قمر محسن شیخ نریندر مودی کو گزشتہ 25-20 سالوں سے راکھی بھیجتی رہی ہیں۔ گزشتہ سال رکشا بندھن پر بھی انھوں نے راکھی اور ایک کارڈ بھیجا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انھیں وزیر اعظم مودی کی پاکستانی بہن کے نام سے جانا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔