10 سال میں دوسری دفعہ ہندوستان آئے قطر کے امیر شیخ بن حمد الثانی، وزیر اعظم مودی نے ہوائی اڈہ پر خود کیا استقبال

قطر کے امیر شیخ 10 سال میں دوسری دفعہ ہندوستان پہنچے ہیں۔ اس سے قبل وہ مارچ 2015 میں ہندوستان دورے پر آئے تھے۔ قطر کے امیر 18 فروری کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی 2 روزہ دورے پر 17 فروری کو ہندوستان پہنچے۔ یہ گزشتہ 10 سالوں میں ان کا دوسرا دورہ ہے۔ قطر کے امیر کے استقبال کے لیے خود وزیر اعظم نریندر مودی نئی دہلی ہوائی اڈہ پہنچے۔ ان کے ساتھ ہندوستان دورے پر وزراء، سینئر افسران اور ایک تجارتی وفد سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پہنچا ہے۔ قطر کے امیر کا یہ دورہ ہندوستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے لیے ہے۔

قطر کے امیر شیخ 10 سال میں دوسری دفعہ ہندوستان پہنچے ہیں۔ اس سے قبل وہ مارچ 2015 میں ہندوستان دورے پر آئے تھے۔ قطر کے امیر منگل (18 فروری) کو صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق قطر کے امیر کے دورۂ ہندوستان سے مختلف شعبوں میں ہماری بڑھتی شراکت داری کو مزید ترقی فراہم ہوگی۔ منگل کو ہندوستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔


منگل کی صبح قطر کے امیر کا راشٹرپتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد حیدر آباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ان کی میٹنگ ہوگی۔ وزارت خارجہ نے ہفتہ (15 فروری) کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ ساتھ ہی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا تھا کہ منگل کو دوپہر کو اتفاق سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ ہوگا جس کے بعد قطر کے امیر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ 

قابل ذکر ہے کہ قطر کے امیر وزیر اعظم مودی کے دعوت پر ہندوستان دورے پر آئے ہیں۔ ہندوستان اور قطر کے درمیان حالیہ سالوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ ہندوستان اور قطر کے درمیان قدیم تجارتی رشتوں کی بات کی جائے تو اپریل 2000 سے ستمبر 2024 کے درمیان ہندوستان کو قطر سے 1.5 ارب ڈالر کا ایف ڈی آئی (ڈائریکٹ فارین انویسٹمنٹ) حاصل ہوا۔ 24-2023 میں ہندوستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت گھٹ کر 14 ارب ڈالر رہا، جب کہ 23-2022 میں یہ 18.77 ارب ڈالر تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔