اتر پردیش: ٹرین میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے والی حاملہ خاتون کا گلا دبا کر قتل

جلیاں والا باغ ایکسپریس میں ایک مسافر سگریٹ نوشی کر رہا تھا جس سے حاملہ خاتون کو تکلیف ہوئی اور اس نے سگریٹ پینے سے اسے منع کیا۔ اس اعتراض سے مسافر اتنا ناراض ہوا کہ خاتون کا گلا دبا کر قتل ہی کر دیا۔

علامتی تصویر سوشل میڈیا
علامتی تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں چلتی ٹرین میں ایک حاملہ خاتون کے قتل کا انتہائی اندوہناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ٹرین میں سوار ایک شخص نے خاتون کا قتل صرف اس لیے کر دیا کہ اس نے سگریٹ نوشی کیے جانے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے ایسا کرنے سے منع کیا تھا۔

خبروں کے مطابق جلیاں والا باغ ایکسپریس میں سگریٹ پینے سے منع کرنے پر ایک مسافر اس قدر ناراض ہوا کہ اس نے حاملہ خاتون کا گلا دبا دیا۔ گلا دبانے سے خاتون کو گھٹن ہوئی اور اس نے دَم توڑ دیا۔ ٹرین کو شاہجہاں پور میں رکوا کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور پولس پورے معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہے۔ شاہجہاں پور ریلوے پولس کے تھانہ انچارج اے کے پانڈے نے 10 نومبر کو اس سلسلے میں بتایا کہ پنجاب سے چل کر بہار جا رہی جلیاں والا باغ ایکسپریس کے جنرل ڈبہ میں 45 سالہ چنتا دیوی اپنی فیملی کے ساتھ چھٹھ پوجا کے لیے بہار جا رہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔

اے کے پانڈے کا کہنا ہے کہ جب چنتا دیوی کا گلا دبا کر قتل کیے جانے کی اطلاع ملی تو ٹرین کو شاہجہاں پور میں روکا گیا اور خاتون کو اسپتال بھیجا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولس نے ملزم نوجوان کو گرفتار کر جیل بھیج دیا ہے۔ دوسری طرف چنتا دیوی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرین میں حاملہ خاتون کا گلا دبائے جانے کے بعد جنرل ڈبہ میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا تھا اور کئی مسافر سگریٹ نوشی کرنے والے شخص کی حرکت سے مشتعل بھی ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Nov 2018, 7:09 PM