شیلا نے 15 سال میں دہلی کی تصویر بدل دی: پرنب مکھرجی

سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کی کافی ٹیبل بک ’دہلی میری دہلی- 1998 سے پہلے اور بعد میں‘ کا انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں اجراء۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

سابق صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی نے کانگریس لیڈر شیلا دیکشت کی مدت کار یعنی 1998 سے 2013 کے درمیان دہلی میں ہوئے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران دہلی کی پوری تصویر بدل گئی۔ انھوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے ان پندرہ سالوں میں جو کچھ کیا وہ دہلی کی تاریخ کا سنہرا باب ہے اور اس کا سہرا یقینا دہلی حکومت کی مکھیا شیلا دیکشت کے سر جاتا ہے۔

پرنب مکھرجی نے اپنے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز انڈیا انٹرنیشنل سنٹر میں دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کی تحریر کردہ کافی ٹیبل بک ’دہلی میری دہلی- 1998 سے پہلے اور بعد میں‘ کا اجراءکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دہلی اسمبلی کے سابق سربراہ یوگانند شاستری، سابق وزیر خزانہ راج کمار چوہان، سابق وزیر تعلیم کرن والیہ، سابق وزیر صنعت منگت رام سنگھل، سابق وزیر توانائی نریندر ناتھ، سابق مرکزی وزیر کرشنا تیرتھ، سابق ممبر پارلیمنٹ مہابل مشرا، سابق وزیر ٹرانسپورٹ رماکانت گوسوامی، دہلی حکومت کے سابق چیف سکریٹری پی کے ترپاٹھی سمیت دیگر کئی بڑے افسر شاہ اور سیاسی لیڈر موجود تھے۔

شیلا نے 15 سال میں دہلی کی تصویر بدل دی: پرنب مکھرجی

کافی ٹیبل بک کے اجراء کے بعد مسٹر پرنب مکھرجی نے کہا کہ جب وہ ممبر پارلیمنٹ بننے کے بعد 1969 میں پہلی بار دہلی آئے تو دہلی بالکل مختلف تھی۔ اس وقت یہاں کی کل آبادی 35 لاکھ تھی۔ 1998 میں جب شیلا دیکشت وزیر اعلیٰ بنیں، اس وقت دہلی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ تھی جو کہ 2013 تک بڑھ کر ڈھائی کروڑ پہنچ گئی۔ بڑھتی آبادی کے چیلنجز کے ساتھ جس طرح محترمہ دیکشت نے دہلی میں ترقیاتی کام کرائے ہیں اور جس طرح دہلی کی تصویر بدلی ہے، وہ اپنے آپ میں بے مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح شیلا دیکشت نے یہ کتاب لکھی ہے اور اپنے انتظامی تجربات کو پیش کیا ہے، ایسا دیگرلیڈروں کو بھی کرنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں ترقیاتی سفر کو جان اور سمجھ سکیں۔ سابق صدر جمہوریہ نے اپنی تقریر کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ کسی نے مرزا غالب سے پوچھا تھا کہ دہلی کیا ہے؟ تو غالب نے جواب دیا تھا کہ اگر دنیا جسم ہے تو دہلی زندگی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت نے اپنے اس کافی ٹیبل بک کے بارے میں کہا کہ یہ ان کے ذریعہ لکھی گئی پہلی کتاب ہے جو کہ ڈیڑھ سال کے ریسرچ کے بعد تیار ہوئی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس کتاب کو پڑھ کر لوگ دہلی کی ترقیات سے متعلق بہت سی جانکاری حاصل کر سکیں گے اور کئی ایسی چیزوں کو بھی جان سکیں گے جس سے وہ ابھی تک ناواقف ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔