کیا ملیشیا جلد ہی ذاکر نائیک کو ہندوستان کے حوالہ کر دیگا؟

ہندوستان کے خارجہ سکریٹری نے پی ایم مودی اور ملیشیا کے پی ایم مآثر محمد کی ملاقات کے تعلق سے کچھ باتیں لوگوں کے سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم نے ذاکر نائک کی خودسپردگی کا ایشو اٹھایا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی ایم نریندر مودی اس وقت ملیشیا کے دورہ پر ہیں اور انھوں نے جمعرات کے روز ملیشیا کے وزیر اعظم مآثر محمد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انھوں نے کئی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جن میں ذاکر نائک کا معاملہ بھی شامل تھا۔ پی ایم نریندر مودی نے اسلامی اسکالر ذاکر نائک کی خودسپردگی کا مسئلہ مآثر محمد کے سامنے رکھا اور میڈیا ذرائع میں خبریں گشت کر رہی ہیں کہ ملیشیا جلد ہی ذاکر نائک کو ہندوستان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ دراصل ہندوستان میں ذاکر نائک پر شدت پسندوں کو مشتعل کرنے اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ ہندوستان نے گزشتہ سال بھی ملیشیا سے کہا تھا کہ انھیں حوالے کیا جائے، لیکن ہندوستان کی اس گزارش کو خارج کر دیا گیا تھا۔ تازہ پی ایم مودی اور مآثر محمد ملاقات کے بعد ایک بار پھر یہ ایشو گرم ہو گیا ہے۔

ہندوستان کے خارجہ سکریٹری نے پی ایم مودی اور ملیشیا کے پی ایم مآثر محمد کی ملاقات کے تعلق سے کچھ باتیں لوگوں کے سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم مودی نے ذاکر نائک کی خودسپردگی کا ایشو اٹھایا ہے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا ہے کہ یہ ایشو دونوں ملک کے لیے کافی اہم ہے۔ لہٰذا دونوں ملک کے افسر اس معاملے پر ایک دوسرے کے رابطے میں رہیں گے۔‘‘


وزیر اعظم مودی نے روس کے مشرقی دور دراز علاقہ میں ایسٹ اکونومی فورم (ای ای ایف) کی پانچویں میٹنگ سے الگ ملیشیا کے وزیر اعظم سے ذاکر نائک سے متعلق گفتگو کی۔ وزر اعظم دفتر میں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اس بارے میں لکھا ہے کہ ’’ولادیووستوک میں میٹنگیں جاری ہیں۔ پی ایم مآثر محمد اور پی ایم نریندر مودی نے ہندوستان-ملیشیا تعاون کو کثیر جہتی بنانے کے طریقوں پر غور کیا تاکہ دونوں ممالک کے لوگوں کی بھلائی ہو سکے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں دہشت گردانہ حملے کے بعد یکم جولائی 2016 کو ذاکر نائک ملک سے باہر چلے گئے تھے۔ بنگلہ دیش نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں شامل دہشت گرد ذاکر نائک کی تقریروں سے متاثر تھے۔ اس کے بعد ذاکر نائک ہندوستان سے ملیشیا چلے گئے۔ ملیشیا مسلم ملک ہے جہاں کے کئی بڑے مسلم مذہبی تنظیموں کے علاوہ سرکردہ لیڈروں سے ذاکر نائک کے رشتے کافی اچھے بتائے جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Sep 2019, 11:10 AM