بشکیک میں وزیر اعظم مودی کی ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات، مغربی ایشیا کے حالات پر تبادلۂ خیال
وزیر اعظم مودی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بشکیک میں صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات ہوئی۔ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہندوستان کی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے کرغزستان کی راجدھانی بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم نیوز‘ کے مطابق میٹنگ کے دوران فریقین نے باہمی تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے لیے اہم شعبوں میں ایران اور ہندوستان کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بشکیک میں صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات ہوئی۔ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہندوستان کی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ہم آنے والے وقت میں اپنی تجارتی اشیاء کے دائرے کو وسعت دینے اور اسے متنوع بنانے کے خواہاں ہیں۔ خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ہندوستان دیر پا امن کو یقینی بنانے کی سمت میں کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔‘‘
رواں سال مارچ میں وزیر اعظم مودی اور ایرانی صدر کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گفتگو کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکورٹی کی بگڑتی صورت حال پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنازعہ یا مسئلے کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کے اس مستقل موقف کو بھی دہرایا کہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی 26ویں ایس سی او سربراہی اجلاس اور چھٹے اور ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کے لیے کرغزستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے بشکیک میں اپنے آرمینیائی ہم منصب نکول پاشنیان کے ساتھ میٹنگ کی اور مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کے علاوہ کئی شعبوں میں آپسی تعاون کو مضبوط کرنے پر تبادلۂ خیال کیا۔ میٹنگ کے بعد وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ’’دونوں لیڈران نے دفاع، معیشت، فارما، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم سمیت کئی شعبوں میں آپسی تعاون کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے مغربی ایشیا کے حالات سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔‘‘ وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آپسی رشتوں کو مزیدہ گہرا اور وسیع بنانے کے لیے آرمینیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ دن کا آغاز وزیر اعظم مودی نے بشکیک میں مہاتما گاندھی کے میموریل پر انہیں خراج عقیدت پیش کر کے کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آج صبح بشکیک میں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ گاندھی جی کے خیالات ہمیشہ ہمارے ذہنوں پر بے مثال اثر ڈالتے رہیں گے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
