پی ایم مودی فرانس کے بعد 2 روزہ دورے پر امریکہ پہنچے، صدر ٹرمپ سے ملاقات کو لے کر وزیر اعظم پُرجوش
وزیر اعظم نریندر مودی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کچھ وقت پہلے ہی واشنگٹن ڈی سی پہنچا ہوں، اس دوران میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملوں گا، اس کے لیے کافی پُرجوش ہوں۔‘‘

پی ایم مودی 3 روزہ دورے پر امریکہ پہنچے، تصویر@narendramodi
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کا 3 روزہ دورہ ختم کرنے کے بعد اب وہ امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہاں ان کی ملاقات صدر ٹرمپ سے ہونے والی ہے، جس سے متعلق وہ انتہائی پُرجوش ہیں۔ امریکہ پہنچنے کی جانکاری خود وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی ہے۔ انھوں نے ہندوستانی وقت کے مطابق 13 فروری کی علی الصبح 5.32 بجے کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کچھ وقت پہلے ہی واشنگٹن ڈی سی پہنچا ہوں۔ اس دوران میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کروں گا۔ ہند-امریکہ وسیع عالمی سفارتی شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے کام کروں گا۔ اس کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اس وقت امریکہ میں 12 فروری ہے، اور پی ایم مودی کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ہے۔ اس کی کچھ تصویریں پی ایم مودی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں۔ شدید سردی کے باوجود ہندوستانی تارکین وطن کے ذریعہ محبت بھرے استقبال کا پی ایم مودی نے شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی کچھ تصویریں وزیر اعظم نے امریکہ کی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ سے ملاقات کی بھی شیئر کی ہیں۔
بہرحال، پی ایم مودی کا امریکہ دورہ 2 دنوں پر مشتمل ہے اور اس دوران وہ کئی اہم امور پر امریکی صدر ٹرمپ کے علاوہ دیگر افسران سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے ’ایکس‘ پر اس سلسلے میں مختصر جانکاری شیئر کی ہے۔ وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان روابط کے لیے پی ایم مودی کا یہ دورہ بہت اہم ہے۔ امریکہ میں وزیر اعظم امریکی کابینہ کے اراکین اور صنعتی دنیا کے اہم لیڈران سے ملاقات کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔