مٹھائی و گلدستہ بھیجنے کی جگہ ان روپیوں کو ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیں: فرہاد حکیم

نامزد میئر فرہاد حکیم کا کہنا ہے کہ سامان کل ہوکر بے کار ہوجاتے ہیں اور اتنی بڑی مقدار میں مٹھائی کا کھانا بھی ممکن نہیں، اس لیے اگر آپ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو ان روپیوں کو ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: کلکتہ کارپوریشن کے نامزد میئر فرہاد حکیم نے مبارک باد اور گلدستہ بھیجنے والے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ روپے ضائع کرنے کی جگہ ان روپے کو ریلیف فنڈ میں جمع کرادیں۔ ریاستی وزیر شہری ترقیات فرہاد حکیم کا کہنا ہے کہ ’’پارٹی اور عام شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں گلدستے، مٹھائی اور دیگر سامان مبارک باد کے طور پر آرہے ہیں۔ اپنے تمام احباب کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ روپے مٹھائی اور گلدستے میں ضائع کرنے کے بجائے ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیں تاکہ یہ روپے کسی کے کام آجائیں۔‘‘

فرہاد حکیم نے کہا کہ یہ سامان کل ہوکر بے کار ہوجاتے ہیں اور اتنی بڑی مقدار میں مٹھائی کا کھانا بھی ممکن نہیں ہے، اس لیے اگر آپ واقعی کسی کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو ان روپیوں کو میئر ریلیف فنڈ یا وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیں اور اس سے آپ کسی غریب کی مدد کرسکتے ہیں اور میرے لیے یہی بڑی بات ہوگی۔ خیال رہے کہ 22 نومبر کو ترنمول کانگریس نے شہری ترقیات کے وزیر فرہاد حکیم کو میئر کیلئے نامزد کیا ہے اور امید ہے کہ وہ 3 دسمبر کو عہدہ سنبھال لیں گے۔ ہندوستان کی آزادی سے قبل گرچہ پانچ مسلم بن چکے ہیں مگر آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ کلکتہ کارپوریشن کے میئر کے عہدہ پر کوئی مسلم کمیونیٹی سے ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔