کرناٹک انتخابات ختم ہوتے ہی پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

پہلے سے ہی یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کےمدنظر پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے اور انتخابات ختم ہوتے ہی تیل کمپنیوں نے فوراً قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جیسا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا ویسا ہی ہوا۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ تیل کمپنیوں نے یہ اضافہ 19 دنوں کے بعد کیا ہے۔ اس اضافہ سے ظاہر ہو گیا ہے کہ تیل کمپنیاں کرناٹک انتخابات میں بی جے پی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہ رہی تھیں اس لیے قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا تھا۔ اب جب کہ انتخابات ختم ہو چکے ہیں تو تیل کمپنیوں نے عام آدمی کی جیب پر بوجھ ڈالنے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کی۔ 24 اپریل کے بعد پہلی بار تیل کی قیمتوں میں ہوئے اس اضافہ میں دہلی میں پٹرول کی قیمتیں 17 پیسے فی لیٹر بڑھی ہیں جب کہ ڈیزل 21 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے۔

کانگریس صدر نے تیل کی قیمتوں کو بڑھانے کے حکومت کے فیصلے کو لے کر ٹویٹ کیا ’’کرناٹک انتخابات ختم، تیل کی قیمتیں چار سال میں سب سے زیادہ۔ مودی نومکس کا کلیدی اصول، جتنے زیادہ لوگوں کو کتنی زیادہ مرتبہ بے وقوف بنا سکتے سکتے ہو‘‘

تیل کے دام بڑھانے پر کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’جیسے ہی کرناٹک انتخابات ختم ہوئے ویسے ہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے دام بڑھانے کا فیصلہ لے لیا۔ تو پھر حکومت یہ کیوں دعوی کرتی ہے کہ وہ تیل کی قیمتوں کو طے کرنے میں مداخلت نہیں کرتی؟ کیا وہ عوام کو بے وقوف نہیں بنا رہی‘‘

انڈین آئل کی ویب سائٹ پر دی گئی جانکاری کے مطابق پیر کے روز دہلی اور ممبئی میں پٹرول کی قیمتوں میں 17 پیسے اور کولکاتا و چنئی میں 18 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافہ کے بعد آج دہلی میں پٹرول کی قیمت 74.80 روپے، کولکاتا میں 77.50 روپے، ممبئی میں 82.65 روپے اور چنئی میں 77.61 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ جہاں تک ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی بات ہے، دہلی میں 21 پیسے کے ساتھ ساتھ کولکاتا میں 5 پیسے اور ممبئی و چنئی میں 23 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافہ کے بعد اب دہلی میں ڈیزل کی قیمت 66.14 روپے ہو گئی ہے۔ دیگر شہروں کی بات کریں تو آج کولکاتا میں ڈیزل کی قیمت 68.68 روپے، ممبئی میں 70.43 روپے اور چنئی میں 69.79 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

جہاں تک خام تیل کی قیمت کا معاملہ ہے، یہ گزشتہ تین سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ بینک آف امریکہ کارپوریشن کے مطابق خام تیل کی قیمتیں آئندہ سال 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔ وینزویلا اور ایران میں سپلائی میں کمی آنے کے سبب یہ مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ فی الحال بین الاقوامی بازار میں خام تیل 77 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ 2019 کی دوسری سہ ماہی میں یہ قیمت 90 ڈالر فی بیرل تک ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ عالمی سطح پر پروڈکشن میں کمی کا معاملہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 May 2018, 11:09 AM