پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم مودی کو لکھا خط

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے خط کا جواب دیتے ہوئے کشمیر سمیت دونوں ممالک کے درمیان موجود دیگر ایشوز کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہباز شریف اور نریندر مودی
شہباز شریف اور نریندر مودی
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مثبت دو فریقی تعلقات بنائے رکھنے کی گزارش کی ہے۔ شہباز شریف کا خط اتوار کے روز ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ بھیجے گئے مبارکباد کے پیغام کے جواب میں آیا ہے، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستان تعمیری رشتوں کی حمایت کرتا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے ہندوستانی وزیر اعظم کے خط کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ کشمیر سمیت دونوں ممالک کے درمیان پیدا دیگر ایشوز کا حل نکالنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کے ساتھ پاکستان پرامن اور دوستانہ رشتے چاہتا ہے۔ حالانکہ ہندوستان نے پہلے اپنا رخ واضح کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مضبوط سفارتی تعلقات چاہتا ہے، بشرطیکہ اسلام آباد دہشت گردی سے پاک اور دشمنی سے پرے ماحول پیدا کرے۔


واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 11 اپریل کو ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں پاکستان کے وزیر اعظم کی شکل میں منتخب ہونے پر میاں محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی تھی۔ ساتھ ہی لکھا تھا کہ ہندوستان خوف سے پاک علاقہ اور امن و استحکام چاہتا ہے تاکہ اپنی ترقی کے لیے چیلنجز پر توجہ مرکوز کیا جا سکے اور لوگوں کی بھلائی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ اگست 2019 میں ہندوستان کے ذریعہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹانے کے اعلان کے بعد اور ریاست کو مرکز کے ماتحت دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتے مزید بگڑ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔