آپریشن سندور: ششی تھرور کے سخت اعتراض نے کولمبیا کو ’غلطی‘ کا احساس کرایا، پاکستان کو بھیجا تعزیتی پیغام واپس لیا

کانگریس رکن پارلیمنٹ تھرور نے بوگوٹا میں جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کولمبیا کی صورت حال پر عدم اتفاق ظاہر کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’ہمیں کولمبیا حکومت کے رد عمل سے تھوڑی مایوسی ہوئی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ShashiTharoor">@ShashiTharoor</a></p></div>

تصویر@ShashiTharoor

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف سخت رخ اختیار کیے ہوئے ہے اور حکومت ہند کے ذریعہ بیرون ممالک بھیجے گئے ساتوں کُل جماعتی نمائندہ وفود سرگرمی کے ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ اس درمیان کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی قیادت والے کُل جماعتی نمائندہ وفد نے کولمبیا میں پاکستان کی حقیقت اس انداز میں سامنے رکھی کہ حکومت کولمبیا نے پاکستان کو بھیجے گئے اپنے تعزیتی پیغام کو رسمی طور پر واپس لے لیا۔ یہ دعویٰ ششی تھرور نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں کیا ہے۔

دراصل کولمبیا نے ’آپریشن سندور‘ کے بعد ایک تعزیتی پیغام پاکستان کو بھیجا تھا جس میں جان و مال کے نقصان پر ہمدردی ظاہر کیا گیا تھا۔ ششی تھرور نے اس معاملے میں اپنا سخت اعتراض ظاہر کیا اور ’آپریشن سندور‘ کی حقیقت سامنے رکھی۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ سچائی کا پتہ لگنے کے بعد کولمبیا نے اپنا تعزیتی بیان واپس لے لیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ششی تھرور نے بوگوٹا میں جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کولمبیا کی صورت حال پر اپنا عدم اتفاق ظاہر کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کو اس بات سے مایوسی ہوئی ہے کہ کولمبیا حکومت نے پاکستان میں ہوئے نقصان پر ہمدردی ظاہر کی، جبکہ انھیں پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے متاثرین کے تئیں ہمدردی ظاہر کرنی چاہیے تھی۔ ساتھ ہی ششی تھرور نے مزید کہا تھا کہ ہم اپنے کولمبیائی دوستوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی پھیلانے والوں اور ان سے لڑنے والوں کے درمیان کوئی یکسانیت نہیں ہو سکتی۔ ہم صرف سیلف ڈیفنس کے حق کا استعمال کر رہے ہیں، اور اگر اس معاملے میں کوئی غلط فہمی ہے تو ہم اسے دور کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی نمائندہ وفد نے کولمبیا کے نائب وزیر خارجہ روزا یولانڈا ولاوسینسیو کو ہندوستان کی صورت حال کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد ہی کولمبیا نے پاکستان کی حمایت میں دیا گیا اپنا بیان واپس لیا۔ ہندوستان کے موقف کو سمجھنے کے لیے کولمبیا کے رخ کی تعریف کرتے ہوئے تھرور نے کہا ہے کہ نائب وزیر خارجہ نے بہت باوقار انداز میں کہا کہ انھوں نے وہ بیان واپس لے لیا ہے، جسے لے کر ہمیں فکر تھی، اور اب وہ ہمارے رخ کو پوری طرح سمجھتے ہیں، جسے ہم بہت اہمیت دیتے ہیں۔


ششی تھرور نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ جانکاری دی کہ آج کا دن نائب وزیر خارجہ روزا یولانڈا ولاوسینسیو اور ایشیا پیسفک معاملوں سے جڑے ان کے سینئر ساتھیوں کے ساتھ ایک اچھی میٹنگ سے شروع ہوا۔ میں نے حالیہ واقعات پر ہندوستان کا نظریہ واضح کیا اور 8 مئی کو پاکستان کے تئیں ’ہمدردی‘ ظاہر کرنے والے بیان پر مایوسی ظاہر کی۔ وزیر نے یقین دلایا کہ وہ بیان واپس لے لیا گیا ہے اور اب ہندوستان کی صورت حال کو ٹھیک سے سمجھا گیا ہے اور مضبوطی سے حمایت کی گئی ہے۔ تھرور نے مزید کہا کہ ہم برکس کے ساتھ اپنے روابط کو بہت اہمیت دیتے ہیں، جس کے ہم بانی رکن ہیں۔ کولمبیا اور ہندوستان دونوں ہی گلوبل ساؤتھ کے رکن ہیں اور جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے، ہم ترقی کی راہ پر ایک ساتھ آگے بڑھنا پسند کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔