’پاکستان کے ذریعہ جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی ہو رہی ہے، فوج کو جوابی کارروائی کی چھوٹ‘، خارجہ سکریٹری وکرم مسری
وکرم مسری، ویڈیو گریب
پاکستان کی جانب سے 26 مقامات پر ڈرون حملے، ہندوستان نے بنائے ناکام
پاکستان کی جانب سے جمعہ کی شب جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان اور گجرات کے 26 مقامات پر ڈرون حملوں کے بعد ہندوستان نے سخت جواب دیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب کے فیروز پور میں ایک مسلح ڈرون حملے میں تین شہری زخمی ہوئے۔ ہفتہ کی صبح جموں و کشمیر کے کئی شہروں بشمول سری نگر، جموں، راجوری، ادھم پور میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ پاکستانی شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
پاکستان کے ذریعہ جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی ہو رہی ہے: خارجہ سکریٹری وکرم مسری
10 مئی کی شام ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق قائم ہوا تھا، لیکن پاکستان اپنی فطرت سے باز نہیں آ رہا، اور اس نے جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی شروع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ کے سکریٹری وکرم مسری نے اس سلسلے میں ہفتہ کی شب تقریباً 11 بجے پریس کانفرنس کر اہم جانکاری دی اور کہا کہ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ یہ دراندازی مذمت کے قابل ہے اور پاکستان اس کے لیے ذمہ دار ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس حالت کو سمجھے اور فوراً مناسب کارروائی کرے۔ ہندوستانی فوج اس پورے معاملے پر نظر رکھے ہوئی ہے اور اسے کسی بھی دراندازی سے نمٹنے کے لیے حکم دے دیا گیا ہے۔ فوج کو جوابی کارروائی کی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
جنگ میں معصوم لوگ ہی مارے جاتے ہیں، اس لیے جنگ بندی کا استقبال کرتا ہوں: کپل سبل
سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے سمجھوتے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم اس کا استقبال کرتے ہیں۔ جنگ بندی ہونی چاہیے تھی کیونکہ جو عام معصوم لوگ ہیں، وہی مارے جاتے ہیں۔ لیکن پاکستان کو سمجھنا چاہیے کہ اس کی وجہ کیا تھی۔ ہمارے 26 شہریوں کو بے رحمی سے مارا گیا۔ جنگ بندی ہوئی، اچھی بات ہے، لیکن آگے ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘
ہندوستان اور پاکستان نے آج گولی باری اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق ظاہر کیا: ڈاکٹر ایس جئے شنکر
مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہندوستان اور پاکستان نے آج گولی باری اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ ہندوستان نے سبھی شکلوں اور اظہار میں دہشت گردی کے خلاف لگاتار مضبوط رخ بنائے رکھا ہے۔ اور ایسا جاری رکھا جائے گا۔‘‘
’ہندوستان اور پاکستان جنگ بندی پر متفق‘، امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ
ہندوستان اور پاکستان نے امریکہ کی ثالثی میں چلی طویل بات چیت کے بعد جنگ بندی پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر جانکاری دی ہے۔ یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر لگاتار ڈرون حملے اور گولی باری سے حالات کشیدہ بنے ہوئے تھے۔
میڈیا ادارے فضائی حملے کے سائرن کی آوازوں سے گریز کریں، وزارت داخلہ کی ہدایت
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کے دوران مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے تمام میڈیا اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے پروگراموں میں شہری دفاع کے فضائی حملے کے سائرن کی آوازوں کے استعمال سے گریز کریں۔
وزارت داخلہ کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل فائر سروس، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈز کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے،
’’سول ڈیفنس ایکٹ 1968 کے تحت حاصل اختیارات کے مطابق، تمام میڈیا چینلز سے گزارش ہے کہ وہ شہری دفاع کے فضائی حملے کے سائرن کی آوازوں کو صرف عوامی آگاہی کے مقاصد کے لیے استعمال کریں اور دیگر پروگراموں میں ان کے استعمال سے پرہیز کریں۔‘‘
پاکستان مذہب کے نام پر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے: اسد الدین اویسی
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے ہفتہ کو پاکستان پر شدید اور براہِ راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستان میں مذہبی تفریق پیدا کرنے کی کوششیں دراصل سیاسی اور تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں، جنہیں مذہبی نعروں کے پردے میں چھپایا جاتا ہے۔
اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے اویسی نے کہا، ’’پاکستان کی گہرائی میں چھپی ریاست صرف اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اپنے غیر قانونی اقدامات اور دہشت گردی کے فروغ کو چھپاتی ہے۔‘‘
اویسی نے زور دے کر کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں، بشمول اُن کے آبا و اجداد، نے محمد علی جناح کے دو قومی نظریے کو مسترد کیا تھا (جس کی بنیاد پر پاکستان وجود میں آیا) اور ایک سیکولر، جمہوری ہندوستان میں رہنے کو ترجیح دی۔
پاکستان سرحدی علاقوں میں فوجی نقل و حرکت تیز کر رہا ہے، حکومت ہند
ہندوستانی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے کہا کہ پاکستان نے پنجاب میں ایک فضائی اڈے پر حملے کی کوشش کی۔ پاکستان نے فوجی اڈوں کے علاوہ سری نگر، اونتی پورہ اور ادھم پور کے طبی مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سرحدی علاقوں کے قریب فوجی نقل و حرکت تیز کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
تینوں افواج کے سربراہان کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات
آپریشن سندور کے دوران پیدہ شدہ حالات کے درمیان تینوں افواج یعنی بری، بحری اور فضائیہ کے سربراہان نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کے لیے پہنچے۔ اس اہم اجلاس کا انعقاد وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہو رہا ہے، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان بھی شریک ہیں۔ اس سے قبل وزیر اعظم مودی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ بھی ایک علیحدہ میٹنگ کر چکے ہیں۔
مسافر طیاروں کی آڑ میں سرگرمیاں انجام دینے کی کوشش کر رہا پاکستان، کرنل صوفیہ قریشی
'آپریشن سندور' سے بوکھلائے پاکستان کی اشتعال انگیزی وزارت خارجہ، فوج اور فضائیہ نے ہفتے کے روز ایک بار پھر پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر خارجہ سیکریٹری وکرم مسری کے ساتھ کرنل صوفیہ قریشی اور وِنگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے پاکستان کو بے نقاب کیا۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ پاکستان کس طرح مسافر طیاروں کی آڑ میں اپنی سرگرمیاں انجام دینے کی کوشش کر رہا ہے اور لائن آف کنٹرول پر فوجی تعیناتی بڑھا کر حالات کو مزید بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ڈرون حملے ناکام بنا کر ہندوستان نے پاکستان کے 4 ایئر بیسز پر مچائی تباہی، رپورٹ
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کشیدگی اپنی انتہا کو پہنچ گئی۔ دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں اور افواج الرٹ کر دی گئی ہیں۔ جمعہ کی شام پاکستان نے ہندوستان میں 26 مقامات پر حملے کی کوشش کی تھی۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق، اس کے جواب میں ہندوستان نے پاکستان کے ایئر بیسز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
امرتسر کے خاصہ چھاؤنی علاقے میں پاکستانی ڈرونز کی دراندازی، ہندوستانی فوج نے مار گرایا
ہندوستانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح تقریباً 5 بجے پاکستان سے بھیجے گئے کئی مسلح ڈرونز امرتسر کے خاصہ چھاؤنی علاقے میں دیکھے گئے جنہیں فضائی دفاعی یونٹوں نے فوری طور پر مار گرایا۔ فوج نے اس اقدام کو اشتعال انگیزی کی کھلی کوشش قرار دیتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ہندوستانی خودمختاری کی خلاف ورزی اور شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کی ہے۔
ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے درمیان مہاراشٹر حکومت کی ماہی گیروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت نے پالگھر کے ساحل پر ماہی گیروں کو چوکنا رہنے اور ساحلی سیکورٹی کے لیے آنکھ اور کان بننے کی ہدایت دی ہے۔
ریاستی حکومت نے ہندوستانی بحریہ کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد ماہی گیری کی کشتیوں میں ٹرانسپونڈر لگانے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے اور پالگھر کے قریب دو عام ساحلی مقامات پر عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارتِ خارجہ اور وزارتِ دفاع کی مشترکہ بریفنگ آج صبح 10:30 بجے ہوگی
اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) اور وزارتِ دفاع آج صبح 10:30 بجے ایک مشترکہ پریس بریفنگ میں میڈیا سے خطاب کریں گی۔