آپریشن سندھو: ایران نے ہندوستانی طیاروں کے لیے کھولا اپنا ایئر اسپیس، 2 دنوں میں 1000 ہندوستانی طلبا کی ہوگی وطن واپسی

اسرائیل اور ایران لگاتار ایک دوسرے پر میزائل حملے کر رہے ہیں۔ جنگی حالات میں بیشتر ایرانی ایئر اسپیس بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، حالانکہ ہندوستان کو اب ایک خصوصی گلیارا دیا گیا ہے۔

طیارہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ایران میں پھنسے ہندوستانی طلبا کو جلد از جلد وطن واپس لانے کے لیے حکومت ہند لگاتار کوششیں کر رہی ہے۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ’آپریشن سندھو‘ کی تیزی بڑھ گئی ہے۔ ایران نے بھی اپنے بند ایئر اسیپس کو خاص طور سے ہندوستانی پروازوں کے لیے کھول دیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ایرانی شہروں میں پھنسے کم از کم 1000 ہندوستانی طلبا ’آپریشن سندھو‘ کے تحت آئندہ 2 دنوں میں دہلی پہنچ سکتے ہیں۔ پہلی پرواز آج (20 جون) رات 11 بجے نئی دہلی پہنچے گی، جبکہ دوسری اور تیسری پرواز بالترتیب ہفتہ (21 جون) کی صبح اور شام نئی دہلی پہنچ سکتی ہے۔ حکومت ہند کی کوششوں سے 110 ہندوستانی طلبا پر مشتمل پہلی پرواز گزشتہ دنوں ایران سے آرمینیا کے راستے ہندوستان آئی تھی، اور ایک دیگر پرواز سے ایران میں مقیم ہندوستانی سفیروں کے اہل خانہ بھی ہندوستان پہنچے تھے۔ اب ایران میں پھنسے مزید ہندوستانی طلبا اور ہند نژاد اشخاص کی وطن واپسی کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری میزائل و ڈرون حملوں کے سبب بیشتر ایرانی ایئر اسپیس بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود ہندوستان کو ایک خصوصی گلیارا دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے طلبا کو وہاں سے نکال سکے۔ ہندوستان نے 18 جون کو ’آپریشن سندھو‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اور اب یہ مہم تیزی اختیار کرتی ہوئی دکھائی پڑ رہی ہے۔

اس درمیان دہلی میں ایرانی سفارتخانہ کے افسران نے کہا ہے کہ کچھ طلبا وہاں زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد ایرانی وزارت خارجہ تہران میں ہندوستانی مشن کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ایک اندازے کے طمابق ایران میں 4000 سے زیادہ ہندوستانی شہری مقیم ہیں، اور ان میں سے نصف طالب علم ہیں۔ وزارت خارجہ کی آفیشیل بریفنگ کے مطابق اس ہفتہ کے شروع میں شمالی ایران سے 110 ہندوستانی طلبا کو نکالا گیا اور سڑک کے راستے سے آرمینیا کے یریوین پہنچایا گیا تھا۔ تہران اور یریوین میں ہندوستان کے مشنوں کے درمیان بہتر تال میل کے سبب طلبا کو نکالنے میں کامیابی ملی۔ یریوین سے 18 جون کو ایک خصوصی طیارہ میں سوار ہو کر ہندوستانی طلبا 19 جون کی علی الصبح نئی دہلی پہنچے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔