نوبل انعام 2025: کیمسٹری کے لیے 3 سائنسدانوں سوسومو کتاگوا، رچرڈ رابسن اور عمر ایم یاغی کے نام کا کیا گیا اعلان
جاپان کی کیوٹو یونیورسٹی کے سوسومو کتاگوا، آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف میلبورن کے رچرڈ رابسن اور امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے عمر ایم یاغی کو نوبل انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

کیمسٹری میں نوبل انعام 2025 کے لیے 3 سائنسدانوں سوسومو کتاگوا، رچرڈ رابسن اور عمر ایم یاغی کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کو میٹل-آرگینک فریم ورکس کی ترقی کے لیے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ دی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے کہا کہ ان تینوں سائنسدانوں نے ایک نئی قسم کا مالیکیولر آرکیٹیکٹ تیار کیا ہے۔ ان کے بنائے گئے ڈھانچوں، جنہیں میٹل-آرگینک فریم ورکس کہا جاتا ہے، میں بڑے بڑے کھوکھلے جگہ ہوتے ہیں، جن میں مالیکیولز آسانی سے اندر باہر آ جا سکتے ہیں۔ محققین ان فریم ورکس کا استعمال ریگستانی ہوا سے پانی نکالنے، پانی سے گندگی ہٹانے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کو کیپچر کرنے اور ہائیڈروجن اسٹور کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔
اکیڈمی نے کہا کہ میٹل-آرگینک فریم ورکس کی ترقی کے ذریعہ ان سائنسدانوں نے کیمسٹری کے شعبہ میں کئی نئی امیدوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔ رواں سال جاپان کے کیوٹو یونیورسٹی کے سوسومو کتاگوا، آسٹریلیا کے یونیورسٹی آف میلبورن کے رچرڈ رابسن اور امریکہ کے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے عمر ایم یاغی کو اس نوبل انعام کا ایک تہائی حصہ مساوی طور پر دیا جائے گا۔ 2024 میں کیمسٹری میں پروٹین سائنس میں قابل قدر تعاون کے لیے ڈیوڈ بیکر کو نوبل انعام کا نصف حصہ دیا گیا تھا اور ڈیمس ہیسابس اور جان ایم جمپر کو پروٹین کی ساخت کی پیشن گوئی کے لیے مشترکہ طور پر انعام کا نصف حصہ دیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ نوبل انعام کے فاتحین کا اعلان آئندہ کچھ دنوں تک جاری رہے گا۔ جمعرات کو ادب کے شعبہ میں اہم تعاون فراہم کرنے والے ادبی شخصیات کو نوبل انعام دیا جائے گا۔ جبکہ امن کے لیے نوبل انعام کا اعلان جمعہ کو اور معاشیات کے لیے نوبل انعام کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔ نوبل انعام کے بانی الفریڈ نوبل کی برسی پر 10 دسمبر کو انعامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ الفریڈ نوبل ایک سویڈش صنعت کار اور ڈائنامائٹ کے موجد تھے، ان کا انتقال 1896 میں ہوا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔