بہار: شراب بندی پر نتیش کمار کا ’یو ٹرن‘، اب گھر اور کھیت نہیں ہوں گے ضبط

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شراب بندی قانون میں نرمی اختیار کرتے ہوئے کئی ترامیم کی تجویز کو منظوری دے دی ہے جس میں یہ بھی ہے کہ پہلی بار شراب کے ساتھ پکڑے جانے پر جیل کی سزا نہیں ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں شراب بندی اور اسے لے کر سخت قانون بنانے کے اپنے قدم کو نتیش کمار نے خود انقلابی ٹھہرایا تھا، لیکن اب نتیش حکومت شراب بندی معاملے میں بیک فٹ پر نظر آ رہی ہے۔ نتیش حکومت کی کابینہ نے شراب بندی قانون میں مجوزہ ترمیم کو منظوری دے دی ہے۔ اب پہلی بار کسی شخص کو شراب کے ساتھ پکڑے جانے پر 50 ہزار کا جرمانہ لگا کر چھوڑ دیا جائے گا۔ جرمانہ نہیں بھرنے پر اسے تین مہینے جیل میں کاٹنے ہوں گے۔ خبروں کے مطابق سیشن کے دوران نتیش کمار کی قیادت والی حکومت بہار پابندی اور پروڈکٹ ایکٹ 2016 میں ترمیم کے لیے کابینہ کے ذریعہ پاس تجویز کو ایوان میں رکھے گی۔

خبروں کے مطابق اب شراب ملنے پر گھر، گاڑی اور کھیت ضبط کرنے کے نظام کو ختم کیا جائے گا۔ اس سے قبل نتیش کمار کئی بار کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت شراب بندی کے سخت قوانین پر ماہرین قانون سے مشورے کر رہی ہے اور اسے آئندہ اسمبلی اجلاس میں ترمیم کے لیے پیش کیا جائے گا۔

بہار میں 5 اپریل 2016 سے مکمل شراب بندی نافذ ہے اور اسے سختی سے نافذ کرنے کے لیے نتیش حکومت نے بہار شراب بندی اور مصنوعات ایکٹ اتفاق رائے سے قانون سازیہ میں پاس کرایا تھا۔ لیکن بعد میں اس کے کچھ قوانین کو سخت بتائے جانے اور اس قانون کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے اپوزیشن کی طرف سے اس کی تنقید کی جاتی رہی ہے۔

شراب پابندی اور مصنوعات بل-2016 میں سخت سزا کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 5 سال سے لے کر تاحیات جیل تک کی سزا اور نشے میں پکڑے جانے پر کم از کم 1 لاکھ روپے سے لے کر 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہے۔ حکومت کے دعووں کے مطابق شراب بندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں سوا لاکھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈروں کا الزام تھا کہ شراب بندی کے پس پشت دلتوں اور پسماندہ طبقات کو گرفتار کرکے ان پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔