اہم خبریں: فرخ آباد میں مسلم خواتین نے دہشت گردوں کا پھونکا پتلہ

انہوں نے کہا کہ میں سی او اے کے سربراہ ونود رائے سے اپیل کرتا ہوں کہ بی سی سی آئی شہید جوانوں کے خاندانوں کو کم از کم پانچ کروڑ روپے کی مدد دے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

17 Feb 2019, 9:09 PM

فرخ آباد میں مسلم خواتین نے دہشت گردوں کا پھونکا پتلہ

فرخ آباد: اترپردیش کے ضلع فرخ آباد میں اتوار کو مسلم مہا سبھا کی ضلع اکائی نے پلوامہ میں ہوئے خوک کش حملے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ اس دوران مہا سبھا کی خاتون اراکین نے دہشت گردوں کاپتلہ نذر آتش کیا۔

فرخ آباد مسلم مہا سبھا کی ضلع صدر فریاب خان کی قیادت میں آج شہر کے محلہ کھیراتی خان میں ایک درگاہ کے نزدیک تقریباً ایک درجن خواتین نے خودکش حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد دہشت گردوں کا پتلہ نذر آتش کیا۔

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے دہشت گردوں کو انہیں کی زبان میں جواب دینے کی اپیل کرتے ہوئے دہشت گردی اور پاکستان مردہ باد کے نعرے لگائے۔

17 Feb 2019, 8:09 PM

بی سی سی آئی پلوامہ شہیدوں کے خاندانوں کو دے 5 کروڑ کی مدد... سی کے کھنہ

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر سی کے کھنہ نے بی سی سی آئی کا نظم دیکھ رہی منتظمین کی کمیٹی (سی او اے) کو اتوار کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ پلوامہ شہیدوں کے خاندانوں کے لئے کم از کم 5 کروڑ روپے کی مدد کی منظوری دی جائے۔

کھنہ نے سی او اے، بورڈ عہدیداروں اور ریاستی ایسوسی ایشنوں کو خط لکھ کر کہا کہ سی آر پی ایف جوانوں پر ہوئے اس خود کش حملے سے ہم سب دکھی ہیں اور ہم اس دکھ کی گھڑی میں ہندوستان کے عوام کے ساتھ اس بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس حملے میں شہید ہوئےجوانوں کے خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سی او اے کے سربراہ ونود رائے سے اپیل کرتا ہوں کہ بی سی سی آئی شہید جوانوں کے خاندانوں کو کم از کم پانچ کروڑ روپے کی مدد دے۔

17 Feb 2019, 7:09 PM

ترکی نے داعش کے 4 غیر ملکی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا

استنبول: ترک پولس نے مغربی شمال صوبہ برسا میں اتوار کو دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) سے منسلک کم سے کم 4 غیر ملکی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

نجی این ٹی وی براڈ کاسٹر نے بتایا کہ انسداد دہشت گرد بیورو نے موڈانیا ضلع میں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جس میں دو خواتین شامل ہیں۔ ان میں ایک مشتبہ خاتون مراکش نژاد ڈچ شہری ہے جبکہ دوسری خاتون مراکش اور نیدرلینڈ کی دوہری شہریت کی حامل ہے۔

براڈ کاسٹر کے مطابق دونوں مشتبہ افراد میں سے ایک عراقی شہری ہے اور دوسرا عراقی نژاد ڈچ شہری ہے۔ ان دونوں خواتین پر مشتبہ لوگوں کو پناہ دینے اور ان کی امداد کرنے کا الزام ہے۔

ترکی میں گزشتہ کچھ برسوں میں کیے گئے مہلک حملوں میں 300 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی ہے اور ان حملوں کے لئے داعش کو ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔


17 Feb 2019, 6:09 PM

مرادآباد میں وطن سے غداری کے الزام میں کشمیری طلبا کے خلاف تفتیش جاری

مرادآباد: اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں وطن سے غداری کے الزام میں نامزد کشمیری طالب علموں کے انتہاپسندوں سے تعلقات کے معاملے میں خفیہ ایجنسیاں باریکی سے چھان بین کرر ہی ہیں۔

پولس ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ باشندہ رفیع فاروق کے بارے میں تفتیش کے لئے اترپردیش پولس کی ایس ٹی ایف نے وہاں کی پولس سے رابطہ کیا ہے۔ طالب علم کے خاندان کے بارے میں اطلاعات اکٹھا کی جارہی ہیں اس کے علاوہ رفیع اور اس کے اہل خانہ کے موبائل کال کی تفصیلات کو جمع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ٹی ایف یہ بھی جانچ کر رہی ہے کہ مجسم غنی سے رفیع فاروق کی دوستی کتنی تھی اور وہ کشمیر وادی گیا تھا کہ نہیں۔ ایس ٹی ایف ٹیم نے مجسم غنی سے دیر رات تک پوچھ گچھ کی۔

17 Feb 2019, 5:09 PM

پلوامہ کی فرضی تصویروں پر سی آر پی ایف نے جاری کیا انتباہ

نئی دہلی: ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) نے پلوامہ دہشت گردی حملے کے سلسلے میں سوشل میڈیا میں چل رہی فرضی تصویروں کو شیئر نہ کرنے کی درخواست کی ہے اور کہا کہ کشمیری طالب علموں کے ساتھ بدسلوکی کی خبریں غلط ہیں۔

سی آر پی ایف نے اتوار کو ٹوئٹر پر جاری ایک مشورے میں کہا کہ پلوامہ دہشت گردی حملے میں شہید ہوئے جوانوں کی فرضی تصویریں سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔ ایسی فرضی تصویروں کو شیئر یا پسند نہیں کیا جانا چاہیے۔

سی آر پی ایف نے کہا کہ ’’اس طرح کی بات سامنے آئی ہے کہ کچھ نفرت پھیلانے والے عناصر شہیدوں کے کٹے پھٹے جسموں کی فرضی تصویریں سوشل میڈیا پر پھیلانے کی کوششیں کررہے ہیں لیکن ہم متحد ہیں۔‘‘ مشورے میں کہا گیا ہے کہ ایسی تصویریں یا پوسٹ شیئر نہیں کی جانی چاہیے۔ ایسی تصویریں اور پوسٹ کی اطلاع ’ویب پرو ایٹ سی آر پی ایف ڈاٹ گو ڈاٹ ان‘ پر دی جاسکتی ہے۔


17 Feb 2019, 4:09 PM

پلوامہ حملے کی آل انڈیا مسلم فرنٹ نے کی مذمت، اسلام میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم فرنٹ اور غیر سرکاری تنظیم ریئل کاز نے پلوامہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

ان تنظیموں کے ممبران نے پلوامہ واقعہ پر زبردست مظاہرہ کیا اور وزیراعظم نریندرمودی سے پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ریئل کاز کے جنرل سکریٹری کامران صدیقی نے صدر اور وزیراعظم کو خط لکھ کر پاکستان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کامران صدیقی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے لئے پاکستان اور دہشت گرد تنظیم جیش محمد کو ذمہ دار قرار دیا اوراس کے سربراہ مسعود اظہر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور ایک بے قصور شخص کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔

کامران صدیقی نے ہندوستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی حمایت کرنے کے لئے پاکستان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔

17 Feb 2019, 3:09 PM

پلوامہ حملہ کے پیش نظر میرواعظ و دیگر علیحدگی پسند لیڈروں کی سیکورٹی واپس

نئی دہلی: حکومت نے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند رہنماؤں کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے انہیں دی گئی تمام سیکورٹی اور سہولیات واپس لئے جانے کا ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔

جموں کشمیر حکومت کے اعلی افسران نے ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ علیحدگی پسند رہنماؤں میر واعظ فاروق، عبدالغنی بھٹ، بلال لون، ہاشم قریشی اور شبیر شاہ کو دستیاب سیکورٹی اور گاڑیوں کی سہولیات اتوار سے واپس لے لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسند لیڈروں کو کسی بھی وجہ سے حکومت نے جو سہولیات فراہم کی ہیں، اسے واپس لے لی جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اگر کوئی اور علیحدگی پسند ہے جسے سرکاری سیکورٹی یا سہولیات دستیاب ہے تو صوبائی پولس ہیڈکوارٹر اس کا جائزہ لے گی اور یہ سہولیات فوری طور پرواپس لے لی جائے گی۔


17 Feb 2019, 1:58 PM

رجنی کانت لوک سبھا الیکشن نہیں لڑیں گے

چنئی: مشہور و مقبول تمل اداکار رجنی کانت نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ رجنی مکل منڈرم (فینس کلب) آئندہ لوک سبھا الیکشن نہیں لڑے گا۔

رجنی کانت بہت پہلے ہی سیاست میں آنے کی تصدیق کرچکے ہیں، لیکن انہوں نے اب تک اپنی سیاسی پارٹی کو لانچ نہیں کیا ہے۔

انہوں نے منڈرم کے ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد جاری بیان میں کہا کہ وہ آئندہ الیکشن میں کسی پارٹی کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف صرف تمل ناڈو اسمبلی الیکشن ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو صلاح دی کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں اسی پارٹی کو ووٹ دیں، جو ریاست میں ایک مستحکم حکومت بنانے کے ساتھ ہی ریاست کے پانی کے مسئلے کا مستقل حل نکال سکے۔

17 Feb 2019, 1:09 PM

دہلی کے ارپت ہوٹل آتشزدگی واقعہ میں ہوٹل مالک راکیش گوئل گرفتار

نئی دہلی: دہلی پولس نے ارپت ہوٹل آتشزدگی معاملہ میں اس کے مالک راکیش گوئل کو آج گرفتار کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر راجیش دیو نے بتایا کہ گوئل کے گزشتہ روز ہفتہ کو قطر سے آنے کی اطلاع ملی تھی۔ یہاں پہنچنے پر اس سے مختصر پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کر کے کرائم برانچ کو سونپ دیا گیا ہے۔

گوئل کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے مشرقی دہلی میں قرول باغ کے گرودوارہ روڈ پر واقع ارپت ہوٹل میں 12 فروری کوشدید آتشزدگی میں 17 افرد کی موت ہو گئی تھی۔ اس واقعہ میں ہوٹل کے جنرل منیجر راجندر کمار اور اسسٹنٹ منیجر وکاس کمار کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔


17 Feb 2019, 11:43 AM

پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے

اسلام آباد: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی نوعیت کے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، مختلف مقامات پر بوسیدہ املاک کے جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں تاہم ان سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.9 ریکارڈ کی گئی، اس کی گہرائی 12 کلومیٹر زیر زمین تھی جب کہ اس کا مرکز قلات سے 60 کلو میٹر جنوب مشرق میں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔