اہم خبریں: کورونا وائرس کی وجہ سے میانمار اور بنگلہ دیش سے لگنے والی میزورم سرحد سیل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Mar 2020, 9:36 PM

کورونا وائرس کی وجہ سے میانمار اور بنگلہ دیش سے لگنے والی میزورم کی سرحد سیل

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سبھی ممالک احتیاط اقدام کر رہے ہیں اور سفر سے متعلق پابندیاں بھی ہندوستان سمیت کئی ممالک میں لگائی گئی ہیں۔ اس درمیان میانمار اور بنگلہ دیش سے لگنے والی میزورم کی سرحد کو سیل کر دیا گیا ہے۔ یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ دوسرے ممالک سے ہندوستان میں اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ نہ رہے۔

09 Mar 2020, 8:10 PM

کورونا وائرس کے خوف سے اٹلی کی جیل میں تشدد، قیدیوں نے لگائی آگ، 6 ہلاک

روم: کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی میں ایک ہی دن میں 133 لوگوں کی موت ہو گئی جس کے بعد ملک میں کئی طرح کے سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس درمیان اٹلی کی جیلوں میں بھی کورونا کی وجہ سے زبردست کشیدگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اٹلی کی موڈینا جیل میں اتوار کی شب تشدد بڑھ گیا اور قیدیوں نے کئی جگہوں پر آگ لگا دی۔ اس تشدد میں 6 قیدیوں کی موت ہو گئی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اٹلی کی حکومت نے 1.5 کروڑ کی آبادی والے شمالی اٹلی میں آمد و رفت کو بند کر دیا ہے۔

09 Mar 2020, 7:21 PM

دہلی تشدد: لوکیش کمار سولنکی نامی شخص کو پولس نے کیا گرفتار

دہلی تشدد معاملہ میں آج دہلی پولس نے لوکیش کمار سولنکی نامی ایک شخص کو گرفتار کیا۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے کچھ دیگر ساتھیوں کے بارے میں بتایا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کا عمل جاری ہے۔


09 Mar 2020, 6:09 PM

افغانستان: صدر اشرف غنی کی حلف برداری تقریب کے دوران ہوئے کئی دھماکے

آج افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک تقریب کے دوران حلف برداری کی، لیکن اس دوران کئی دھماکے ہوئے جس کی وجہ سے تقریب میں کچھ افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ حلف برداری تقریب کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں دھماکوں کی آواز صاف سنائی دے رہی ہے اور اس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کو سرگرم انداز میں اشرف غنی کے قریب آتے ہوئے دیکھا گیا۔ کچھ لوگ جھک کر اسٹیج کی طرف بڑھتے ہوئے بھی نظر آئے۔

09 Mar 2020, 5:11 PM

نربھیا کا قصوروار ونے اب دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے قدموں میں

نربھیا کیس میں قصوروار ونے شرما نے اپنے وکیل اے پی سنگھ کے ذریعہ دہلی لیفٹیننٹ گورنر سے موت کی سزا کو عمر قید میں بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وکیل اے پی سنگھ نے سی آر پی سی کی دفعہ 432، 433 کے تحت موت کی سزا ختم کرنے کے لیے ایک عرضی داخل کی ہے۔


09 Mar 2020, 4:12 PM

دہلی تشدد: کانگریس نے اپنی رپورٹ میں بی جے پی-عآپ کو ٹھہرایا ذمہ دار

کانگریس کے ذریعہ تشکیل ایک ٹیم نے دہلی تشدد سے متعلق اپنی ایک رپورٹ پارٹی صدر سونیا گاندھی کو سونپ دی۔ اس سلسلے میں کانگریس نے ایک پریس کانفرنس میں بھی کیا جس میں پارٹی کے سینئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ ’’دہلی کے لوگوں کے درمیان یہ زہر گھولنے کا کام بی جے پی اور ان کے چٹّے بٹّے نے کروایاہے، اور ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کا بھی اس میں ہاتھ ہیں، انھوں نے بھی تشدد کے واقعات کو نظر انداز کیا۔ اگر صحیح معنوں میں کسی بھی ایک حکومت (مرکزی یا ریاستی) کی جانب سے تشدد روکنے کی کوشش ہوتی تو حالات خراب نہیں ہوتے۔‘‘ شکتی سنگھ گوہل نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی کی پالیسی ہے ’رام کا مرے یا رحیم کا مرے، میرا ووٹ بینک بھرے‘۔ اسی سوچ کی وجہ سے دہلی کا نقصان ہوا ہے۔ ہم گزارش کرتے ہیں دلی کے دل والوں سے کہ ان کی سازش کو سمجھیں۔‘‘

09 Mar 2020, 2:49 PM

گجرات یونیورسٹی سینیٹ الیکشن میں کانگریس طلبا یونین کا 8 میں سے 6 سیٹوں پر قبضہ

گجرات یونیورسٹی سینیٹ انتخاب کا نتیجہ برآمد ہو گیا ہے اور کانگریس کی طلبا یونین یعنی این ایس یو آئی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 میں سے 6 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔


09 Mar 2020, 2:09 PM

ہولی سے پہلے شیئر بازار میں کہرام، سنسیکس 2342 پوائنٹ نیچے

ہولی سے ٹھیک ایک دن پہلے شیئر بازار کی حالت انتہائی خستہ نظر آ رہی ہے۔ سنسیکس اور نفٹی دونوں میں زبردست زوال دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق سنسیکس اس وقت 2342.02 پوائنٹ نیچے گر کر 35234.60 پر پہنچ گیا ہے۔

09 Mar 2020, 1:11 PM

پیرس کی مسجد میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی، حملہ آور فرار

پیرس: پیرس کے شمال مشرقی علاقے میں مسجد میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگیا جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ فائرنگ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے کی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے وقت مسجد میں 15 افراد موجود تھے، زخمی ہونے والے شخص کی عمر 32 سال ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کے سیدھے پاؤں میں 2 گولیاں لگی ہیں۔ حملہ آور نے فائرنگ کرتے وقت ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور وہ موٹرسائیکل پر فرار ہوا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کی جگہ پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ چکی ہیں، پولیس کو گولیوں کے خول بھی ملے ہیں جبکہ حملہ آور کی گرفتاری کے لئے آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔


09 Mar 2020, 12:45 PM

دہلی پولس نے اسلامک اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو کیا گرفتار

نئی دہلی: دہلی پولس نے آج یہاں جامعہ نگر سے جموں و کشمیر کے رہنے والے ایک جوڑے کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) سے بتایا جا رہا ہے۔ دہلی پولس کے ڈی سی پی پرمود سنگھ کشواہا نے بتایا کہ اوکھلا کے جامعہ نگر سے ایک جوڑے جہانزیب سمیع اور حنا بشیر بیگ کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں کا تعلق اسلامی اسٹیٹ سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ جوڑا نئے شہری (ترمیمی ) قانون (سی اے اے ) کے خلاف مظاہرین کو بھڑکانے کا کام کر رہا تھا۔

اس جوڑے کو اتوار کے روز دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں جج کے سامنے پیش کیا گیا اور 17 مارچ تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان کے گھر سے کل چار موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، ایک ہارڈ ڈسک اور دیگر قابل اعتراض سامان برآمد کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق انہوں نے کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیسے ٹیلی گرام، فیس بک، تھریما، شیور اسپاٹ، انسٹاگرام، ٹوئٹر اور دیگر سائڈ پر کئی آئی ڈی بنا رکھی ہیں۔ گرفتار جوڑے سے مختلف تفتیش اور خفیہ ایجنسیاں پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ تفتیش میں بہت نئے انکشافات کی توقع ہے۔

09 Mar 2020, 12:11 PM

جے ڈی یو رہنما کی بیٹی نے خود کو بہار کے سی ایم امیدوار کا کیا اعلان

بہار میں جے ڈی یو لیڈر ونود چودھری کی بیٹی پشپم پریا چودھری نے بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے خود کو سی ایم امیدوار کا اعلان کر دیا ہے، اس کو لے کر پٹنہ شہر میں کئی مقامات پر پوسٹر لگے ہیں۔


09 Mar 2020, 11:11 AM

فلپائن میں کووڈ۔19 کے چار نئے معاملوں کی تصدیق

منیلا: فلپائن نے پیر کے روز کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے متاثر چار نئے معاملوں کی تصدیق کی۔ اس کے ساتھ ہی کووڈ۔19 سے متاثرین کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ کووڈ۔19 کے انفیکشن کے چار نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملک میں اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلپائن کے دو شہریوں کے ٹسٹ پازیٹیو آئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک امریکی اور ایک تائیوان کا شہری بھی اس وائرس کی زد میں ہے۔

جانس ہاپ کنس یونیورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کووڈ۔19 کے انفیکشن کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے اور اس وائرس سے 3800 سے زائد مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ اس دوران 60600 مریضوں کی صحت میں بہتری آئی ہے۔

09 Mar 2020, 10:46 AM

چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3119 ہوگئی

بیجنگ: چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 22 افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی چین میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3119 ہو گئی ہے۔ جبکہ 1500 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ ملک میں كووڈ -19 کے انفیکشن سے اب تک 3119 مریضوں کی موت ہو ئی ہے۔ کورونا وائرس کے 80735 متاثرہ معاملات کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے ایک دن پہلے یہ تعداد 80695 تھی۔ ملک میں 19000 سے زیادہ كووڈ -19 سے متاثر ین کا علاج چل رہا ہے جس میں 5100 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔


09 Mar 2020, 10:05 AM

دنیا کے 101 ممالک کورونا وائرس سے متاثر: ڈبلیو ایچ او

جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک پوری دنیا میں کورونا وائرس کے 105580 سے زائد معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلغاریہ، کوسٹاریکا، جزیرہ فاریہ، فرنچ گیانا، مالدیپ، مالٹا، مارٹنکی اور جمہوری مالڈووا سمیت آٹھ نئے ممالک میں کورونا وائرس کے معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق حالیہ وقت میں 101 ممالک میں کورونا وائرس کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ چین میں 80859 معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے، جب کہ چین سے باہر دیگر ممالک میں 24727 مریض کورونا وائرس سے متاثرپائے گئے ہیں۔ چین میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 3100 ہوگئی ہے جبکہ چین سے باہر 484 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */