بابری مسجد پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کو ہار-جیت کے نظریہ سے نہ دیکھا جائے: وزیر اعظم مودی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

08 Nov 2019, 10:49 PM

بابری مسجد پر فیصلہ کو کو ہار جیت کے نظریہ سے نہ دیکھا جائے: یوگی آدتیہ ناتھ

سنیچر کو صبح 10.30 بجے سپریم کورٹ کی جانب سے بابری مسجد معاملہ میں فیصلہ سنائے جانے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا جوبھی فیصلہ ہوگا وہ کسی کی ہار یا جیت نہیں ہوگا۔

اپنے ٹوٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا، ایودھیا پر سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے گا وہ کسی کی فتح یا شکست نہیں ہوگا۔ ملک کے باشندگان سے میری اپیل ہے کہ ہم سب کی ترجیح یہ ہونی چاہئے کہ یہ فیصلہ ہندوستان کی امن، اتحاد اور خیر سگالی کی عظیم روایت کو مزید تقویت بخشے۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں تمام طبقات کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’ایودھیا پر کل سپریم کورٹ کا فیصلہ آ رہا ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے اس معاملے کی سپریم کورٹ میں مستقل سماعت کی جارہی تھی، پورا ملک بے تابی سے دیکھ رہا تھا۔ اس عرصے کے دوران سماج کے تمام طبقات کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔‘‘

ادھر، اتر پردی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی کہا ہے کہ ممکنہ فیصلہ کے بعد امن و امان برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’عزت مآب عدالت عظمی کی جانب سے ایودھیا معاملہ کے سلسلے میں سنائے جانے والے ممکنہ فیصلے کے پیش نظر ریاست کے باشندگان سے اپیل ہے کہ آنے والے فیصلے کو جیت یا ہار سے منسلک کرکے نہ دیکھیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ریاست میں پرامن اور پُرسکون ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘‘

08 Nov 2019, 10:29 PM

سپریم کورٹ کے فیصلہ کا سبھی احترام کریں گے، بابری مسجد معاملہ کے مدعی اقبال انصاری کا بیان

بابری مسجد معاملہ کے مدعی اقبال انصاری نے سنیچر کے روز سپریم کوٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے سے قبل کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ کا تمام متعلقین کو بھی قبول کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔

غور طلب ہے کہ مدت طویل سے زیر التوا ایودھیا کے بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ کی سماعت سپریم کورٹ کی جانب سے مکمل کئے جانے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھا گیا ہے اور اب کل 9 نومبر کو 10.30 بجے اس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

08 Nov 2019, 10:33 PM

بابری مسجد فیصلہ: یوپی کے تمام اسکول اور کالج بند رکھنے کا اعلان

ایودھیا کے بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ پر سنیچر کی صبح 10.30 بجے فیصلہ سنائے جانے سے قبل اترپردیش کی یوگی حکومت نے ایک احتیاطی اقدام لیتے ہوئے ریاست بھر کے اسکول، کالج، تعلیمی اور تربیتی مراکز بند رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، یوپی میں 9 سے 11 نومبر تک تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

اتر پردیش کی ہی طرح مدھیہ پردیش میں بھی تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ریاست میں شراب کی بھی تمام دکانیں بند رکھی جائیں گی۔


08 Nov 2019, 10:40 PM

یوپی میں ایک ماہ سے حفاظتی تیاریاں: یوپی ڈی جی پی

اترپردیش کے ڈی جی پی او پی سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ ایک ماہ سے سیکیورٹی کے انتظامات چاک و چوبند کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔

08 Nov 2019, 5:18 PM

نوٹ بندی کے بعد بے روزگاری 45 سال کی سب سے اونچی سطح پر: کانگریس

نوٹ بندی کے تین سال مکمل ہونے پر کانگریس پارٹی نے مودی حکومت کے اس فیصلے کی زبردست تنقید کی ہے۔ اس موقع پر دہلی کے کانگریس ہیڈکوارٹر میں کانگریس لیڈر اجے ماکن نے پریس سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’تین سال پہلے مودی جی نے نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا۔ ہمارے لفظوں میں آج اس کی تیسری برسی ہے۔ ملک بھر میں مظاہرہ کر کے ہم اس پر احتجاج ظاہر کر رہے ہیں۔‘‘

اجے ماکن نے مزید کہا کہ ’’نوٹ بندی کے بعد بے روزگاری 45 سال کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایس اے ٹی پی کے مطابق 18-2015 کے درمیان دہشت گردانہ واقعات میں مرنے والوں کی تعداد میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ واقعات میں بھی 166 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔‘‘


08 Nov 2019, 4:14 PM

اتر پردیش: پولس کے اعلیٰ افسران کی سبھی چھٹیاں رد، سبھی اضلاع میں غیر مستقل جیل کی ہوگی تعمیر

ایودھیا اراضی تنازعہ معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ 13 نومبر سے 15 نومبر تک آنے کا امکان ہے اور اس کے پیش نظر اتر پردیش پولس کے سبھی افسروں کی چھٹیاں رد کر دی گئی ہیں۔ ریاست میں حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور سبھی اضلاع میں غیر مستقل جیل کی تعمیر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولس کے سبھی اعلیٰ افسروں کی ہر طرح کی چھٹیاں 15 دسمبر تک کے لیے رد کر دی گئی ہیں۔

08 Nov 2019, 3:12 PM

جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب میں ہندوستانی عوام مورچہ کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی: جیتن مانجھی

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ہندوستانی عوام مورچہ جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب لڑنے جا رہی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ وہ جھارکھنڈ میں مہاگٹھ بندھن کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے اور بہار میں بھی وہ تنہا انتخاب لڑنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ جیتن مانجھی نے کہا کہ میں نے بہار میں مہاگٹھ بندھن پر بھروسہ کیا لیکن اس نے ہمیں نظر انداز کیا اس لیے 2020 میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں ہم تنہا لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔


08 Nov 2019, 2:08 PM

دہلی: نوٹ بندی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے یوتھ کانگریس کارکنان کو پولس نے حراست میں لیا

یوتھ کانگریس کارکنان آج نوٹ بندی کی تیسری سالگرہ پر مودی حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف سڑکوں پر مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ کچھ کانگریس کارکنان نے ریزرو بینک آف انڈیا کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا جنھیں پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ یوتھ کانگریس کارکنان مودی حکومت مخالف اور آر بی آئی مخالف نعرے بھی لگا رہے تھے۔

08 Nov 2019, 1:09 PM

تمل ناڈو: عبدالرزاق نے بورویل میں گرے بچوں کی جان بچانے کے لیے بنائی لاجواب مشین

تمل ناڈو کے ترچی میں گزشتہ دنوں بورویل میں گرنے سے ہوئی ایک بچی کی موت کے بعد مدورائی کے رہنے والے عبدالرزاق نے ایک ایسی مشین کا ایجاد کیا ہے جو اس وقت سرخیوں میں ہے۔ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ یہ مشین بورویل میں گرے بچوں کی زندگی بچانے میں کافی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ مشین امبریلا تکنیک کی طرز پر بنائی گئی ہے جو بورویل میں گرے بچے کو گرفت میں لے کر اوپر کی طرف کھینچنے میں مدد کرے گی۔


08 Nov 2019, 11:53 AM

ایودھیا معاملہ پر فیصلہ سے قبل اتر پردیش کے چیف سکریٹری چیف جسٹس رنجن گگوئی سے ملنے سپریم کورٹ پہنچے

ایودھیا معاملہ پر سپریم کورٹ کی پانچ کرنی بنچ کا فیصلہ آنے سے قبل سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ اتر پردیش کے چیف سکریٹری راجندر کمار تیواری اپنے کئی سینئر افسران کے ساتھ چیف جسٹس رنجن گگوئی سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رنجن گگوئی ان اہم اور سینئر افسران کے ساتھ ایودھیا کے صورت حال پر گفت و شنید کرنے والے ہیں۔

08 Nov 2019, 11:05 AM

دہلی: DTC بس میں مسلم طالب علم پر جیب کتروں نے کیا حملہ، زخمی حالت میں ایمس میں داخل

ڈی ٹی سی کی کلسٹر بس میں گزشتہ روز دوپہر جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بی ایڈ کے طالب پر جیب کتروں کے ذریعہ سرجیکل بلیڈ سے حملہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثہ میں طالب علم کو بچانے کی کوشش کرنے والا اس کا دوست بھی زخمی ہو گیا۔ متاثرین کا الزام ہے کہ واقعہ کے دوران ڈرائیور نے بس نہیں روکی۔ کنڈکٹر بھی ان کی مدد کرنے کے لیے آگے نہیں آیا۔ پولس نے شکایت ملنے کے بعد معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔


08 Nov 2019, 10:16 AM

ایودھیا مقدمہ: چیف جسٹس رنجن گگوئی آج یو پی کے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی سے کریں گے ملاقات

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی ایودھیا اراضی تنازعہ پر فیصلہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر کبھی بھی سنا سکتے ہیں اور اس کے پیش نظر وہ آج اتر پردیش کے چیف سکریٹری سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق چیف جسٹس گگوئی آج ہی ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس و دیگر سینئر پولس افسران سے بھی ملاقات کریں گے۔

08 Nov 2019, 9:21 AM

نوٹ بندی کی تیسری سالگرہ پر موڈیز نے دیا ہندوستان میں طویل مدت تک معاشی بحران کا اشارہ

ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں مالی بحران، ملازمت پیدا کرنے میں ناکامی اور غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں کے تنگ ہاتھ اشارے دے رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں معاشی بحران طویل مدت تک چلنے والا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔