اہم خبریں: بی جے پی صرف اقتدار پر قابض ہونا جانتی ہے، آگے بڑھنا نہیں... کھڑگے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

02 Dec 2019, 9:12 PM

بی جے پی محض اقتدار پر قابض ہونا جانتی ہے: کھڑگے

کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر ملکارجن کھڑگے نے بی جے پی کو ملک چلانے میں مکمل ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھگوا پارٹی کو محض اقتدار پر قبضہ کرنا آتا ہے لیکن اسے یہ نہیں پتہ کہ آگے کیسے بڑھا جائے۔ مسٹر کھڑگے نے صحافیوں سے کہا کہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) گھٹ کر 4.5 فیصد پر آگئی ہے جو گذشتہ سات برسوں میں سب سے اقل ترین ہے۔ خیال رہے کہ مسٹر کھڑگے کرناٹ کے ضمنی الیکشن میں سرگرم ہیں۔ یہاں ایک مرتبہ پھر کانگریس۔جے ڈی ایس اتحاد کی حکومت بننے کا امکان روشن ہے۔

02 Dec 2019, 8:32 PM

کرکٹ: محمد شامی کو ملی ’روشن آرا کلب‘ کی اعزازی رکنیت

نئی دہلی: ہندوستانی تیز گیندباز محمد شامی کو دارالحکومت کے مشہور اور قدیم روشن آرا کلب کی اعزازی رکنیت فراہم کی گئی ہے۔ روشن آرا کلب کے کرکٹ سکریٹری ارجن گپتا نے بتایا کہ محمد شامی کو پیر کو روشن آرا کلب میں نوازا گیا اور انہیں کلب کی اعزازی رکنیت فراہم کی گئی۔ ارجن نے کہا کہ یہ ان کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ شامی کو کلب کی رکنیت دی گئی ہے۔ ارجن نے بتایا کہ ان کی کمپنی کرک بز اسپورٹس اب شامی کے کاروباری انتظام کو دیکھے گی۔ اس موقع پر کلب کے چیئرمین کرکٹ امت گرگ، مشترکہ چیئرمین کنال وجانی اور سکریٹری کرکٹ جسپريت سنگھ بھی موجود تھے۔ شامی کلب کی سہولتوں سے کافی خوش نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی دارالحکومت آئیں گے تو کلب کے جم اور کرکٹ سہولتوں کا استعمال کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا قیام 4 دسمبر، 1928 کو کرکٹ میں برطانوی اجارہ داری کو ختم کرنے کے لئے دہلی کے روشن آرا کلب میں کھلاڑیوں کے ایک گروپ کی طرف کیا گیا تھا۔ 1928 میں انہوں نے سارے کلبوں کو ملاکر بی سی سی آئی بنایا تھا اور تمل ناڈو میں ایک سوسائٹی کے طور پر درج کروایا تھا۔ روشن آرا کلب کے میدان میں فرسٹ کلاس میچ منعقد ہوتے ہیں۔

02 Dec 2019, 7:58 PM

گجرات: سوراشٹر میں محسوس کیا گیا زلزلہ کا جھٹکا، کوئی نقصان نہیں

راجکوٹ: گجرات کے سوراشٹر علاقے گیر میں سومناتھ ضلع اور آس پاس جے علاقے میں آج سہ پہر میں زلزلہ کا ایک جھٹکا محسوس کیا گیا۔ دارالحکومت گاندھی نگر میں واقع زلزلہ ریسرچ سنٹر کے مطابق، ریختر پیمانے پر 3.4 کی شدت کا یہ جھٹکا لوگوں نے محسوس کیا اور کچھ لوگ گھروں سے نکل آئے لیکن اس سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے کے جھٹکے شام 4.35 بجے محسوس کئے گئے ۔ اس جھٹکے کا مرکز تلال سے 10 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔


02 Dec 2019, 7:02 PM

شیئر بازار دباؤ میں، نفٹی آٹھ پوائنٹ لڑھکا

ممبئی: یورپی اور ایشیائی بازاروں سے ملے مثبت اشاروں اور گھریلو سطح پر ٹیلی کمپنیوں کی طرف سے ٹیرف میں کئے گئے اضافے سے ملی حمایت کے باوجود پیر کو شیئر بازار پر دباؤ نظر آیا جہاں سینسیکس معمولی طور پر آٹھ پوائنٹس کی برتری بنانے میں کامیاب رہا جبکہ نفٹی آٹھ پوائنٹ لڑھک گیا۔ بی ایس ای کا 30 شیئروں والاا سینسیکس 8.36 پوائنٹ بڑھ کر 40802.17 پوائنٹ پر رہا جبکہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 7.85 پوائنٹس پھسل کر 12048.20 پوائنٹ پر رہا ۔ کمپنیوں پر بھی فروخت کا دباؤ نظر آیا جس سے بی ایس ای کا مڈكیپ 0.77 فیصد گر کر 1496.21 پوائنٹ پر اور سمال کیپ 0.39 فیصد لڑھك کر 13508.22 پوائنٹ پر رہا ۔ٹیلی کام کمپنیوں بھارتی ایئر ٹیل ، ووڈافون اور آئیڈیا کے ساتھ ریلائنس جیو کی طرف سے ٹیرف میں تقریبا 42 فیصد تک کاضافہ کئے جانے کی وجہ سے خرید اری کی طاقت پر بی ایس ای کا سینسیکس 279 پوائنٹس کی تیزی سے 41072.94 پوائنٹ پر کھلا ۔ ابتدائی سیشن میں ہی یہ خریداری کی طاقت پر 41093.99 پوائنٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچا لیکن فروخت شروع ہونے سے یہ 40707.63 پوائنٹ کے نچلے سطح تک لڑھکا ۔ آخر میں یہ گزشتہ روز کے 40793.81 پوائنٹ کے مقابلے میں 0.022 فیصد یعنی 8.36 پوائنٹس بڑھ کر 40802.17 پوائنٹ پر رہا۔

02 Dec 2019, 6:20 PM

سویڈن کے راجہ اور رانی نے جامع مسجد کا دورہ کیا

نئی دہلی: ہندستان کے دورہ پر آئے سویڈن کے راجہ اور رانی نے پیرکو اپنے وزیر خارجہ، وزیر صنعت اور دیگر نمائندوں کے ساتھ راجدھانی کی جامع مسجد کا دورہ کیا۔ سویڈن سفارتخانہ نے بتایا کہ جامع مسجد کے ڈپٹی شاہی امام سید شابان بخاری نے راجہ اور رانی کے ساتھ ہی نمائندہ وفد کو مسجد کا دورہ کرایا اور اس کی روحانی، آثار قدیمہ اور تاریخی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ اس دوران سید شابان بخاری نے سویڈن کے راجہ اور رانی کو جامع مسجد کے کمیونٹی سنٹر ہونے کی اہمیت سے بھی واقف کرایا۔


02 Dec 2019, 5:07 PM

پرینکا گاندھی کے رہائشی احاطہ میں گھسی نامعلوم کار

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی سیکورٹی میں ایک بڑی چوک دیکھنے کو ملی ہے۔ کار میں سوار کچھ لوگ ان کے رہائشی احاطہ میں گھس گئے اور تصویر کھینچنے کی گزارش کرنے لگے۔ اس کے بعد پرینکا گاندھی نے ان کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں۔ اب اس سلسلے میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

02 Dec 2019, 4:17 PM

مہاراشٹر: بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے چھوڑ سکتی ہیں پارٹی، ٹوئٹر ہینڈل سے ہٹایا پارٹی کا نام

مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل ویسے تو ختم ہو گئی معلوم پڑ رہی ہے، لیکن بی جے پی میں اب بھی ایک ہنگامی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایک طرف اننت ہیگڑے کے ذریعہ دیویندر فڑنویس پر لگائے گئے الزام نے ہنگامہ برپا کر دیا تو دوسری طرف پنکجا منڈے کے بی جے پی چھوڑنے کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ دراصل پنکجا منڈے نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے بی جے پی کا نام ہٹا لیا ہے جس کے بعد لوگوں میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں اور بات سامنے آ رہی ہے کہ اگر وہ جلد پارٹی چھوڑ دیتی ہیں تو اس میں کوئی حیرانی نہیں ہونی چاہیے۔


02 Dec 2019, 3:43 PM

صرف 15 سے 20 صنعت کاروں کے لیے کام کرتی ہے مودی حکومت: راہل گاندھی

جھارکھنڈ کے سمڈیگا میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے انتخابی جلسہ کو خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے مرکز کی مودی حکومت پر زوردار حملہ بولا۔ انھوں نے کہا کہ مودی جی نے آپ سے پیسہ چھین کر انل امبانی اور مکیش امبانی کی جیب میں ڈالا، ان کا ٹیکس معاف کیا۔ انھوں نے کہا کہ جب تک حکومت غریبوں کی حفاظت نہیں کرے گی، کسانوں کو صحیح ایم ایس پی نہیں دے گی، اس وقت تک اس ملک میں روزگار پیدا نہیں ہوگا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی جی دن بھر اپنے 15 سے 20 دوستں کو پیسہ دیتے رہتے ہیں۔ یہ مودی کی حکومت نہیں ہے، یہ امبانی اور اڈانی کی حکومت ہے۔ ان کا مقصد امبانی اور اڈانی جیسے صنعت کاروں کو پیسہ دینا ہے۔ یہ روزگار کی بات کرتے ہیں، لیکن آپ کو ایک پیسہ نہیں دیتے۔

02 Dec 2019, 3:10 PM

ایودھیا تنازعہ: جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے نظرثانی عرضی سپریم کورت میں داخل

جمعیۃ علماء ہند یو پی کے جنرل سکریٹری مولانا سید اشہد رشیدی نے ایودھیا اراضی تنازعہ معاملہ پر نظرثانی عرضی سپریم کورٹ میں داخل کر دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جمعیۃ علماء ہند ان 10 مسلم فریقوں میں شامل ہے جس نے ایودھیا معاملہ پر عرضی داخل کی تھی۔


02 Dec 2019, 2:04 PM

عصمت دری کے قصورواروں کو عوام کے بیچ لا کر پیٹ پیٹ کر مار دینا چاہیے: جیہ بچن

حیدر آباد اجتماعی عصمت دری پر راجیہ سبھا رکن جیہ بچن نے پیر کے روز کہا کہ ایسے زانیوں کو عوام کے درمیان لا کر ہلاک کر دینا چاہیے۔ سماجوادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ نے واضح لفظوں مین کہا کہ ’’ایسے لوگوں کو عوام کے درمیان لا کر پیٹ پیٹ کر مار دینا چاہیے۔‘‘

02 Dec 2019, 1:11 PM

نکاح حلالہ معاملہ میں فوری سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مسلمانوں میں رائج نکاح حلالہ اور کثرت ازواج کی روایت کو چیلنج دینے والی درخواست کی فوری سماعت سے پیر کو انکار کر دیا۔ درخواست گزار بی جے پی لیڈر اشونی اپادھیائے نے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بنچ کے سامنے کیس کا ذکر کیا اور فوری سماعت کی درخواست کی۔ جسٹس بوبڈے نے ان کی درخواست ٹھكراتے ہوئے کہا کہ وہ معاملہ کی سماعت عدالت میں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد کریں گے۔ اپادھیائے نے ایک مفاد عامہ کی عرضی دائر کر کے مسلمانوں میں رائج نکاح حلالہ اور کثرت ازواج کی روایت کو غیر آئینی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


02 Dec 2019, 12:11 PM

دیویندر فڑنویس نے اننت ہیگڑے کے بیان کو بتایا جھوٹا، کہا- میں نے نہیں لیا کوئی فیصلہ

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر اننت ھیگڑے کے بیان کو جھوٹا قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی ایسا فیصلہ نہیں لیا ہے، اس سے پہلے بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر اننت ھیگڑے نے کہا تھا کہ مرکز سے مہاراشٹر کو 40 ہزار کروڑ روپے پہنچا تھا، ہمیں یہ پتہ تھا کہ اگر کانگریس این سی پی-شیوسینا کی حکومت آئی تو وہ اس پیسے کا غلط استعمال کرے گی، لہذا فڑنویس کو سی ایم بنانے کا ڈرامہ کھیلا گیا اور اونهوں نے 15 گھنٹے کے اندر اندر مرکز کو 40 ہزار کروڑ روپے لوٹا دیا تھا۔

02 Dec 2019, 11:13 AM

تمل ناڈو کے میٹوپاليم میں بھاری بارش سے گری دیوار، 15 افراد ہلاک، امدادی کام جاری

تمل ناڈو میں بھاری بارش کی وجہ سے آج صبح میٹوپاليم میں نادور كننپ پن میں ایک کمپاؤنڈ کی دیوار گرنے سے 15 لوگوں کی موت ہو گئی، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


02 Dec 2019, 10:09 AM

برکینا فاسو میں دہشت گردوں کا چرچ پر حملہ، 14 افراد ہلاک

ماسکو: مشرقی برکینا فاسو کے ایک چرچ میں اتوار کو دہشت گردوں کے حملہ میں تقریباً 14 افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق مسلح افراد کا ایک گروپ چرچ میں گھسا اور وہاں عبادت کر رہے لوگوں پر فائرنگ کھول دی۔ نامعلوم دہشت گردوں نے چرچ کے قریب تعینات سیکورٹی فورسز پر بھی حملہ کیا اور فوج کے تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ اس حملے کی ابھی تک کسی بھی گروپ نے ذمہ داری نہیں لی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ برکینا فاسو 2016 سے ہی اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے نشانے پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔