نیوزی لینڈ-آسٹریلیا میں نئے سال کا جشن شروع، آئیے جانیں کہاں ہندوستان سے پہلے اور کہاں بعد میں بجتے ہیں رات کے 12

ہندوستان میں 31 دسمبر کو جب 3.31 بج رہے تھے تبھی کریاباتی میں نیا سال شروع ہو گیا، پھر نیوزی لینڈ کے چیتھم جزیرہ پر لوگوں نے اس وقت نئے سال کا جشن منانا شروع کیا جب ہندوستان میں سہ پہر کے 3.45 بجے تھے

<div class="paragraphs"><p>نیوزی لینڈ میں نئے سال کا جشن شروع، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/W0rld2K24">@W0rld2K24</a></p></div>

نیوزی لینڈ میں نئے سال کا جشن شروع، تصویر@W0rld2K24

user

قومی آواز بیورو

جس وقت یہ خبر لکھی جا رہی ہے، ہندوستان میں نئے سال یعنی 2025 کا جشن شروع ہونے میں تقریباً 6 گھنٹے باقی ہیں۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ کئی ممالک میں نیا سال آ چکا ہے اور کئی گھنٹے پہلے ہی ان ممالک میں جشن شروع ہو چکا ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا بھی ان ممالک میں شامل ہیں جہاں نئے سال کا آغاز ہو چکا ہے اور شب کی تاریکی کو پٹاخوں سے روشن کیا جا رہا ہے۔ آئیے یہاں جانتے ہیں کہ کون سے ایسے ممالک ہیں جہاں ہندوستان سے پہلے رات کے 12 بجتے ہیں، اور کہاں ہندوستان کے بعد نئے سال کا جشن شروع ہوتا ہے۔

کئی چھوٹے ممالک اور جزائر ایسے ہیں جہاں ہندوستان سے گھنٹوں پہلے نئے سال کا استقبال کیا جاتا ہے، لیکن کئی ایسے بھی ہیں جہاں ہندوستان کے گھنٹوں بعد نیا سال شروع ہوتا ہے۔ بڑے ممالک کی بات کریں تو نیوزی لینڈ میں نیا سال ہندوستان سے تقریباً 7 گھنٹے قبل دستک دیتا ہے اور امریکہ ایسا ملک ہے جہاں ہندوستان سے تقریباً 9 گھنٹے بعد نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ اس وقت نیوزی لینڈ و آسٹریلیا ایسے مشہور ممالک ہیں جہاں نئے سال کا جشن شروع ہو چکا ہے اور خوب آتش بازیاں ہو رہی ہیں۔


2025 کا استقبال کرنے والے پہلے ملک کی بات کریں تو وہ کریباتی جمہوریہ ہے جہاں کرسمس جزیرہ (کریٹیماٹی) پر نئے سال کا جشن اس وقت شروع ہو گیا جب ہندوستان میں 31 دسمبر کو سہ پہر 3.31 بج رہے تھے۔ یہ بحرالکاہل میں ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے۔ اس جزیرہ پر نئے سال کا جشن شروع ہونے کے تقریباً 15 منٹ بعد نیوزی لینڈ کے چیتھم جزیرہ پر بھی 2025 کا استقبال ہوا۔ جب یہاں جشن شروع ہوا تو ہندوستان میں سہ پہر 3.45 بج رہے تھے۔ پھر نیوزی لینڈ کے دیگر اہم شہروں آکلینڈ اور ویلنگٹن میں لوگوں نے نئے سال کا دھوم دھام سے استقبال کیا۔ یہاں ’سال 2025‘ نے ہندوستانی وقت کے مطابق تقریباً 4.30 بجے قدم رکھا۔

اس وقت آسٹریلیا میں بھی نئے سال کا جشن منایا جا رہا ہے۔ حالانکہ آسٹریلیا کے کچھ شہر ایسے بھی ہیں جہاں فی الحال نئے سال کا استقبال نہیں ہوا ہے۔ دراصل آسٹریلیا میں کئی ٹائم زون ہیں، جس کی وجہ سے الگ الگ شہروں میں ٹائم کا بہت فرق دیکھنے کو ملتا ہے۔ مثلاً کنگسٹن میں کچھ مقامات پر اس وقت نیا سال شروع ہو گیا جب ہندوستان میں 5.30 بج رہے تھے۔ سڈنی، ملبورن اور کینبرا میں جشن شروع ہوگا جب ہندوستان میں شام کے 6.30 بج رہے ہوں گے۔ اس کے بعد دیگر آسٹریلیائی شہروں مثلاً ایڈیلیڈ، بروکن ہل اور سیڈونا میں جب نئے سال کا جشن شروع ہوگا تو ہندوستان میں شام کے 7.00 بج رہے ہوں گے۔ کوینس لینڈ اور شمالی آسٹریلیا میں مزید نصف گھنٹے بعد، یعنی جب ہندوستان میں 7.30 بج رہے ہوں گے تو نئے سال کا جشن شروع ہوگا۔


دیگر ممالک کی بات کریں تو جاپان، جنوبی کوریا اور شمالی کوریا میں جب لوگ نئے سال کا استقبال کر رہے ہوں گے تو ہندوستان میں 31 دسمبر کی شب کے 8.30 بج رہے ہوں گے۔ اس کے بعد چین، فلپائن اور سنگاپور کو نئے سال کا استقبال کرنے کا موقع ملے گا۔ انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور میانمار بھی نئے سال کا جشن ہندوستان سے پہلے منائیں گے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش اور نیپال کا نمبر آئے گا۔ ہندوستان اور سری لنکا میں رات کے 12 اس وقت بجیں گے جب ای ایس ٹی ٹائمنگ 1.30 بج رہے ہوں گے... اور یہی وقت ہوگا جب ان دونوں ممالک میں آتش بازیاں شروع ہو جائیں گی، لوگ اپنے قریبیوں کو نئے سال کے پیغامات بھیجیں گے، اور پھر جشن کا دور شروع ہو جائے گا۔

ہندوستان کے بعد نئے سال کا جشن جن ممالک میں منایا جائے گا، ان میں پاکستان اور افغانستان وغیرہ کا نمبر آتا ہے۔ اس ارض پر نئے سال کا استقبال کرنے میں سب سے پیچھے رہنے والے علاقہ کی بات کی جائے تو وہ ہوائی کے جنوب مغرب میں واقع بیکر اور ہاؤلینڈ کے جزائر ہیں۔ ان جزائر پر نئے سال کا استقبال تب ہوگا جب ہندوستان میں یکم جنوری کو شام کے 5.30 بج رہے ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔