نیپال: تشدد میں ہلاکتوں کی تعداد 51 پہنچی، مشکل میں پھنسی ہندوستانی والی بال ٹیم کو حفاظت کے ساتھ نکالا گیا

ٹی وی پریزنٹر اور والی بال لیگ کی میزبان اُپاسنا گل نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ایک ایمرجنسی ویڈیو بنائی تھی، جس میں حکومت ہند سے اپیل کی گئی تھی کہ ان کی اور ٹیم اراکین کی جان بچائی جائے۔

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نیپال میں پُرتشدد مظاہرے اب بھی جاری ہیں۔ درجنوں افراد اس تشدد میں زخمی ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد بھی 51 تک پہنچ گئی ہے۔ ان مہلوکین میں سے 30 کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے، جبکہ بقیہ 21 کی موت آگ میں جلنے، چوٹ لگنے اور دیگر زخم کی وجہ سے ہوئی ہے۔ مہلوکین میں پولیس اہلکار بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔

نیپال میں پیدا تشدد نے بیرون ممالک کے کئی افراد کو بھی مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ سبھی اپنی جان بچانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ کئی ہندوستانی شہری بڑی مشکل سے جان بچا کر وہاں سے وطن واپس آ گئے ہیں، لیکن بڑی تعداد میں لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ اس درمیان ہندوستان کی ایک والی بال ٹیم کو کٹھمنڈو واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے بہ حفاظت وہاں سے نکال لیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سفارت خانہ مستقل ٹیم کے رابطے میں رہی اور انھیں محفوظ مقام تک پہنچانے کا انتظام کیا۔


قابل ذکر ہے کہ ٹی وی پریزنٹر اُپاسنا گِل نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مدد کی اپیل کی تھی، جس کے بعد حکومت نے فوری کارروائی کی ہے۔ والی بال لیگ کی میزبان اُپاسنا گل نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ایک ایمرجنسی ویڈیو بنائی تھی، جس میں حکومت ہند سے اپیل کی گئی تھی کہ ان کی اور ٹیم اراکین کی جان بچائی جائے۔ انھوں نے ویڈیو میں مطلع کیا تھا کہ ان کا ہوٹل آگ کی زد میں آ گیا ہے اور وہ پُرتشدد بھیڑ کے حملے سے بچ کر بھاگی ہیں۔ ویڈیو میں وہ کہتی دکھائی دے رہی ہیں کہ ’’میں پوکھرا میں پھنسی ہوں، ہوٹل جلا دیا گیا ہے۔ میرا سارا سامان وہیں تھا۔ میں اسپا میں تھی جب لوگ لاٹھیاں لے کر آئے۔ میں مشکل سے اپنی جان بچا پائی۔‘‘ اُپاسنا نے پرفل گرگ کے ساتھ شیئر کردہ ویڈیو میں بتایا تھا کہ نیپال میں حالات انتہائی خراب ہیں۔

یہ ویڈیو منظر عام پر آتے ہی کٹھمنڈو واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے اُپاسنا اور والی بال ٹیم سے رابطہ کیا۔ انھیں کٹھمنڈو میں ہی محفوظ مقام پر پہنچایا گیا، اور اب بیشتر ٹیم کے اراکین ہندوستان لوٹ چکے ہیں۔ ٹیم کے کچھ اراکین فی الحال کٹھمنڈو میں ہی ہیں، لیکن جلد ہی ان کی واپسی کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نیپال میں پیدا مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے کٹھمنڈو واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے نیپال میں سبھی ہندوستانی شہریوں کے لیے ایمرجنسی نمبر جاری کیے ہیں۔ سفارتخانہ نے کہا کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی حالت کا سامنا کرنے یا مدد کی ضرورت ہونے پر 9808602881-977+، 9810326134-977+ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔