اہم خبریں: عمران خان آخری بال تک جدوجہد کرنے والے کھلاڑی ہیں، پاکستانی وزیر فواد چوہدری

عمران خان اور فواد چوہدری
عمران خان اور فواد چوہدری
user

قومی آوازبیورو

30 Mar 2022, 4:51 PM

عمران خان آخری بال تک جدوجہد کرنے والے کھلاڑی ہیں، پاکستانی وزیر فواد چوہدری

پاکستانی وزیر فواد چوہدری نے مشکلات میں گھرے عمران خان کی حمایت میں بیان دیتے کہا ہے کہ وہ آخر تک ہار نہیں مانیں گے۔ فواد نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’عمران خان ایسے کھلاڑی ہیں جو آخری بال تک مقابلہ کرتے ہیں۔ استعفی پیش نہیں کیا جائے گا۔ میچ ہوگا اور دوست اور دشمن دونوں دیکھیں گے۔‘‘

30 Mar 2022, 4:19 PM

بی جے پی کیجریوال کو قتل کرنا چاہتی ہے، منیش سسودیا

’کشمیر فائلز‘ فلم پر بیان سے ناراض بی جے پی کارکنان کے دہلی میں واقع وزیر اعلیٰ رہائش پر توڑ پھوڑ کے بعد نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی جیت اور اپنی ہار کے بعد بی جے پی اروند کیجریوال کو قتل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کے غنڈے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی رہائش میں جبراً داخل ہو گئے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرے اور وزیر اعلیٰ کی رہائش پر لگی بندشوں کو توڑ ڈالا۔‘‘

سسودیا نے کہا، چونکہ بی جے پی کیجریوال کو نہیں ہرا سکتی، صرف اسی لئے وہ کیجروال کو قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج کا واقعہ کیجریوال کو قتل کرنے کے لئے منصوبہ بند طریقہ سے انجام دیا گیا۔

30 Mar 2022, 2:57 PM

حجاب پہننے والی خاتون کی مرضی کا احترام کیا جانا چاہئے، مس یونیورس ہرناز کور

مس یونیورس 2021 ہرناز کور سندھو نے حجاب پہننے والی خواتین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننے والی خاتون جس طرح جینا چاہے اسے جینے دیں۔ ہرناز نے کہا ’’اگر کوئی لڑکی حجاب پہنتی ہے تو یہ اس کی مرضی ہے۔ یہاں تک کہ اگر وہ کسی کے زیر تسلط بھی ہے تو بھی اسے آگے بڑھ کر بولنے کی ضرورت ہے۔ اسے جینے دو جس طرح وہ جینا چاہتی ہے۔ ہم مختلف ثقافتوں کی خواتین ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔‘‘


30 Mar 2022, 2:04 PM

ملی ٹینٹوں سے تعلقات کی پاداش میں کشمیر کے 5 سرکاری ملازمین برطرف

جموں و کشمیر حکومت نے 5 سرکاری ملازمین کو ملی ٹینٹوں سے تعلقات کی پاداش میں برطرف کر دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے پلوامہ کے پولیس کانسٹیبل توسیف احمد میر، سری نگر کے کمپیوٹر آپریٹر غلام حسن پرے، اونتی پورہ کے استاد ارشد احمد داس، براہمولہ کے پولیس کانسٹیبل شاہد حسین راتھر اور کپوارہ کے محکمہ صحت میں طبی اردلی شرافت اے خان کو برطرف کر دیا۔

30 Mar 2022, 12:34 PM

چناؤ جیتنے کے لئے ایندھن قیمتیں کم کی گئیں اور اب روس-یوکرین جنگ کا حوالہ دیا جا رہا ہے، کھڑگے

کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’ایندھن کی قیمتوں کو کم کرنا انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے لئے ان کی (بی جے پی) حکمت عملی تھی۔ اب وہ روس یوکرین کے بحران کی آڑ میں قیمتیں بڑھا کر تلافی کر رہے ہیں۔ یہ جھوٹ ہے۔ کل 31 مارچ کو ہم وجے چوک پر اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔‘‘


30 Mar 2022, 9:18 AM

ہندوستان میں کورونا کے 1233 نئے کیسز، 1876 مریض شفایاب، 31 ہلاک

مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 1233 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔ اس دوران 1876 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 31 افراد کی جان چلی گئی۔

30 Mar 2022, 8:49 AM

اتراکھنڈ حکومت کے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم، وزیر اعلیٰ دھامی نے 23 قلمدان اپنے پاس رکھے

حال ہی میں وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ کے طور پر حلف اٹھانے والے پشکر سنگھ دھامی نے اپنے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم کر دی ہے۔ دھامی نے داخلہ، ایکسائز، کانکنی اور سول ایوی ایشن سمیت 23 قلمدان اپنے پاس رکھ لئے ہیں۔


30 Mar 2022, 9:15 AM

پٹرول-ڈیزل کے داموں میں 80 پیسے کا اضافہ، دہلی میں پٹرول 101 سے پار

ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں آج پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں 80-80 پیسے فی لیٹر کے اضافہ کے بعد پٹرول کے دام 101.01 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے دام 92.27 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئے ہیں۔ ممبئی میں پٹرول کے دام 84 پیسے کے اضافہ کے بعد 115.88 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے دام 85 پیسے کے اضافہ کے بعد 100.10 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔