اہم خبریں: کسانوں نے ملک کو فوڈ سیکورٹی دی، لیکن مودی سرکار نے صرف دھوکہ دیا... راہل گاندھی

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

13 Oct 2020, 7:57 PM

کسانوں نے ملک کو فوڈ سیکورٹی دی، لیکن مودی سرکار نے صرف دھوکہ دیا... راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر و وائناڈ سے ممبر پارلیمنٹ لیڈر راہل گاندھی نے کسانوں کو لے کر مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں نے ملک کو فوڈ سیکورٹی دی لیکن مودی سرکار نے کسانوں کو صرف دھوکہ دیا ہے، مگر اب نہیں۔

13 Oct 2020, 6:56 PM

عصمت دری کے الزام میں 2 گرفتار

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے چلکانہ علاقے میں ایک لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے الزام میں دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ایس چنپا نے آج یہاں بتایا کہ چلکانا علاقے کی رہنے والی متاثرہ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ گاؤں کے ہی دو نوجوان رات کے وقت اسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ لڑکی کا الزام ہے کہ دونوں نے اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ کل لڑکی گھر پہنچی اور اس نے اہل خانہ کو سارا ماجرا کہہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ چلکانا تھانہ انچارج انسپکٹر بی ایس ور ما نے اہل خانہ کی تحریر پر ملزم عادل اور بھورا کے خلاف معاملہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ لڑکی کا میڈیکل کرایا جارہا ہے۔

13 Oct 2020, 5:59 PM

جے ڈی یو میں 15 رہنماؤں کے بغاوتی تیور، پارٹی نے نکالا

بہار اسمبلی انتخابات سے قبل جے ڈی یو کے بہت سے رہنما پارٹی کے خلاف ہوچکے ہیں، جس کے چلتے پارٹی نے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موجودہ ایم ایل اے، متعدد سابق ایم ایل اے اور سابق وزراء سمیت 15 رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔


13 Oct 2020, 4:56 PM

زرعی قانون کے خلاف امرتسر میں ریل روکو تحریک 20 ویں روز بھی جاری

زرعی قوانین کے خلاف پنجاب کے امرتسر میں کسان مزدور سنگھرس سمیتی کی ریل روکو تحریک 20 ویں روز بھی جاری ہے۔ پنجاب کے کسان ریلوے ٹریک پر ڈٹے ہوئے ہیں، کسانوں کا مطالبہ ہے کہ مرکزی حکومت زرعی قوانین کو واپس لے۔

13 Oct 2020, 3:56 PM

دھان کی فصل میں کسانوں کا ہو رہا ہے استحصال... پرینکا

لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری و اترپردیش کانگریس کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش حکومت پر دھان میں نمی کا حوالہ دے کر کسانوں کا استحصال کرنے کا الزام لگایا ہے اور کسانوں کے لئے تحریک چلانے کا انتباہ دیا ہے۔ پرینکا واڈرا نے منگل کو اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا 'اترپردیش کے دھان کسان بے حد پریشان ہیں۔ دھان کی خرید بہت کم ہو رہی ہے جو تھوڑی سی خرید ہو رہی ہے اس میں 1200 روپئے سے بھی کم کا ریٹ مل رہا ہے۔ یہی دھان کانگریس حکومت میں 3500 روپئے فی کوئنٹل تک خریدا گیا تھا۔ نمی کے نام پر کسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ شائد پہلی بار ایسا ہے کہ دھان۔گیہوں سے سستا بک رہا ہے۔

انہوں نے کہا 'ایسے میں تو کسان کے اخراجات بھی نہیں نکلیں گے۔ کسان اگلی فصل کیسے لگائے گا۔ بجلی بل میں لوٹ چل ہی رہی ہے۔ مجبوراً کسان قرض کے جال میں پھنستا جائےگا۔ پرینکا واڈرا نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت فوراً اس میں مداخلت کرے اور کسانوں کی صحیح قیمت دلائے بصورت دیگر کانگریس پارٹی تحریک چلائے گی۔


13 Oct 2020, 3:07 PM

ناگالینڈ کے وزیر کی کورونا سے موت

کوہما: ناگالینڈ کے جنگلاتی ماحولیات اور قانون کے وزیر چوگشین مونگکوسُنگکُم چانگ کی پیر کو علیٰ الصباح کورونا وائرس سے موت ہو گئی۔ وہ 77 برس کے تھے۔ ان کے اہل خانہ میں بیوی اَلیما، چھ بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس سے متاثر چانگ کو ٹائیفائیڈ کے شبہ پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا لیکن ٹیسٹ میں ان کے کورونا متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ناگا اسپتال اتھارٹی کوہما (این ایچ اے کے) میں تقریباً 02.40 بجے انہوں نے آخری سانس لی۔ وزیر اعلیٰ نیئیفِیو ریو اور ان کے کابینی رفقاء نے چانگ کی موت پراظہار تعزیت کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ریاست میں 13 اور 14 اکتوبر کو سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔

13 Oct 2020, 2:19 PM

اجین میں سود خوروں سے پریشان ہوکر تین لوگوں نے کی خود کشی

اجین: مدھیہ پردیش کے اجین ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر کوئی سود خور انہیں پریشان کر رہا ہے تو وہ اس کی شکایت اس سے کریں۔ سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سود خوروں کے استحصال سے متعلق معاملوں کا حل پولیس اور انتظامیہ مل کریں گے۔ ضلع میں حال ہی میں مبینہ طورپر سود خوروں کے استحصال سے پریشان ہوکر دو سگے بھائیوں نے خودکشی کرلی۔ اس سے پہلے بھی اس کے معاملے ضلع میں سامنے آئے ہیں۔ اس کے پیش نظر انتطامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک ہفتے پہلے ایک فوٹوگرافر نے سود خوروں کے دباؤ میں آکر خودکشی کرلی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں دو سود خوروں کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ حالانکہ دونون ملزم ابھی تک پولیس گرفت میں نہیں آئے ہیں۔ اسی طرح گزشتہ چاردنوں کے دوران یہاں 45 سالہ پروین چوہان اور اس کے چھوٹے بھائی 38 سالہ پیوش چوہان نے ندی میں کود کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس نے یہ دونوں معاملے بھی جانچ میں لئے ہیں۔

ہتھرس میں سی بی آئی کی ٹیم جائے واقعے پر پہنچی، متاثرہ کا بھائی بھی وہاں لایا گیا

ہاتھرس واقعے کی تحقیقات کرنے والی سی بی آئی ٹیم ہاتھرس میں جائے واقعے پر پہنچ کر تفتیش کر رہی ہے۔ مقتول متاثرہ کے بھائی کو بھی واقعے کی جگہ پر لایا گیا ہے، سی بی آئی کی ٹیم جائے واقعے کا معائنہ کر رہی ہے۔

https://twitter.com/ANINewsUP/status/1315899428998266881?s=20


13 Oct 2020, 1:02 PM

ہتھرس میں سی بی آئی کی ٹیم جائے واقعے پر پہنچی، متاثرہ کا بھائی بھی وہاں لایا گیا

ہاتھرس واقعے کی تحقیقات کرنے والی سی بی آئی ٹیم ہاتھرس میں جائے واقعے پر پہنچ کر تفتیش کر رہی ہے۔ مقتول متاثرہ کے بھائی کو بھی واقعے کی جگہ پر لایا گیا ہے، سی بی آئی کی ٹیم جائے واقعے کا معائنہ کر رہی ہے۔

13 Oct 2020, 11:46 AM

ہاتھرس کی متاثرہ کے والد کی طبیعت بگڑی

ہاتھرس کی متاثرہ کے والد کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر نے کہا، ’’اطلاع ملی ہے کہ متاثرہ کے والد کا بلڈ پریشر ہائی ہو گیا ہے اور وہ کچھ بیماریوں میں بھی مبتلا ہیں، لیکن وہ اسپتال جانے کو تیار نہیں ہیں۔ اب میں خود جا رہا ہوں، ان سے بات کروں گا اور ضرورت پڑی تو انہیں ضلع اسپتال لے کر جائیں گے۔‘‘


13 Oct 2020, 11:10 AM

گونڈا میں دلت طبقہ کی تین بہنوں پر تیزاب سے حملہ

اتر پردیش میں دلتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اب گونڈا میں دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والی تین بہنوں پر تیزب پھینک کر حملہ کیا گیا ہے۔ اس واقعہ میں تینوں بہنیں جھلس گئی ہیں اور انہیں علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات جس وقت حملہ ہوا، تینوں بہنیں سوئی ہوئی تھیں۔ اس واقعہ میں دو بہنیں معمولی طور پر جھلسی ہیں جبکہ تیسری بہن کے منہ پر تیزاب پھینکا گیا ہے اور اس کی حالت نازک ہے۔

13 Oct 2020, 10:11 AM

اہم خبریں: 24 گھنٹوں میں کورونا کے 55342 نئے کیسز، 706 اموات

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 55342 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی اثنا میں 706 افراد نے اپنی جان گنوا دی۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7175881 ہو گئی ہے، جن میں سے 838729 کیسز فعال ہیں جبکہ 109856 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔


13 Oct 2020, 10:21 AM

صحافی گرفتاری معاملہ: سپریم کورٹ کی ہائی کورٹ جانے کی ہدایت

سپریم کورٹ نے ہاتھرس واقعہ کور کرنے جارہے کیرالہ کے صحافی صدیق کپن کو اپنی رہائی کے لئے پہلے الہ آباد ہائی کورٹ کے سامنے جانے کے لئے کہا ہے۔

چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جج اے ایس بوپنا اور جج وی راما سبرامنیم پر مشتمل بنچ نے صحافی قیدی کی عرضی کی سماعت چار ہفتہ کے لئے ملتوی کرتے ہوئے ان کے لئے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل سے کہا ہےکہ وہ سب سے پہلے الہ آباد ہائی کورٹ جائیں۔

سبل نے زور دے کر کہاکہ اترپردیش کی عدالتوں سے عرضی گزار کو ضمانت نہیں ملے گی۔ اس لئے اس معاملہ کو آئین کے آرٹیکل 32کے تحت سنا جائے، لیکن عدالت کا جھکاؤ اس دلیل کی طرف نہیں ہوا اور جج بوبڈے نے عرضی کو چار ہفتہ کے لئے ملتوی کرتے ہوئے سبل کو الہ آباد ہائی کورٹ جانے کے لئے کہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔