اہم خبر: چینی پٹاخے خرید و فروخت کرنے پر سزا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

22 Oct 2019, 8:05 PM

چینی پٹاخے خریدوفروخت کرنے پرسزا

نئی دہلی: حکومت نے کہا ہے کہ چینی پٹاخے خریدنا‘ بیچنا‘ لانا لے جانا یا رکھنا کسٹم قانون کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ کسٹم ڈیوٹی کے چیف کمشنر نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پٹاخوں کی درآمد پر پابندی ہے اور اگر کوئی شخص چین میں تیار پٹاخوں کو لاتے ’لے جاتے‘ خریدتے یافروخت کرتے’یا رکھتے ہوئے پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف کسٹم قانون 1962 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چین میں تیار پٹاخوں کی اسمگلنگ اور ہندوستانی بازار میں غیر قانونی طریقے سے فروخت کرنا سنگین جرم ہے۔
چینی پٹاخوں کا استعمال دھماکہ خیز مادہ قانون 2008کے خلاف ہے اور نقصان دہ بھی ہے کیوں کہ ان میں ممنوعہ کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ کیمکلز بہت خطرناک ہوتے ہیں اور اس سے ماحول کو بھی نقصان پہونچتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین میں تیار پٹاخے خریدنے سے معیشت بھی متاثر ہوتی ہے اور گھریلو صنعتوں کے لئے بھی یہ سنگین خطرہ ہے۔

22 Oct 2019, 7:10 PM

اقبال مرچی کا قریبی گرفتار، ای ڈی کی حراست میں بھیجا گیا

ممبئی: گینگسٹر اقبال مرچی کا قریبی (مرچی کی املاک کے قانونی نمائندے) کو منگل کے روز گرفتار کر کے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ ملزم ہمایوں مرچنٹ کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ عدالت سے تفتیشی ایجنسی نے مانگ کی تھی کہ مرچی کی متنازعہ زمین کے سلسلہ میں جانچ کے لئے ملزم کو حراست میں بھیجا جائے۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہندستان میں نصف درجن جائیداد کے علاوہ تفتیشی ایجنسی نے مرچی سے منسلک لندن اور اور یو اے ای سمیت 25سے زائد جائیداد کا پتہ لگایا ہے۔ ای ڈ ی کے مطابق ان 25جائیدادوں میں سے سی جے ہاوس میں دو منزل سابق مرکزی وزیر پرفل پٹیل کے پاس ہیں۔ پٹیل نے مرچی کے کنبہ کے اراکین کے ساتھ جائیداد کے سلسلہ میں معاہدہ پر دستخط کئے تھے جس کے سلسلہ میں ای ڈی نے ان سے پوچھ گچھ کی۔

22 Oct 2019, 6:02 PM

چنمیانند معاملہ: ہائی کورٹ سے مبینہ متأثرہ کی ضمانت کی عرضی خارج

الہ آباد: الہ آباد ہائی کورٹ نے منگل کو سابق مرکزی وزیر و بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند پر عصمت دری کا الزام لگانے والی قانون کی طالبہ کی ضمانت کی عرضی پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے اسے خارج کر دیا۔

جسٹس سدھارتھ کی سنگل بنچ نے مبینہ متأثرہ کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے اس ضمن میں حکومت سے جواب طلب کیا ہے اور اگلی سماعت کے لئے 6 نومبر کی تاریخ طے کی ہے۔

طالبہ کی جانب سے داخل عرضی میں دعوی کیا گیا تھا کہ پولیس کو متأثرہ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے ہیںاس سے قبل شاہجہاں پور کی مقامی عدالت نے بھی متأثرہ کی ضمانت کی عرضی خارج کردی تھی۔


22 Oct 2019, 5:10 PM

اتر پردیش: ہردوئی میں 5 اسلحہ اسمگلر گرفتار، 23 پستول برآمد

لکھنو کی ایس ٹی ایف نے پستول کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے سرغنہ سمیت پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے جب کہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ گروہ مدھیہ پردیش سے پستول لا کر ریاست کے مختلف اضلاع میں فروخت کرتا ہے۔ ان کے قبضے سے 23 پستول، 23 میگزین اور نقدی برآمد کی گیئ ہیں۔ مدھیہ پردیش سے آنے والی پستول کو اعظم گڑھ باشندہ سرغنہ پورے اتر پردیش میں فروخت کرواتا تھا۔

22 Oct 2019, 4:17 PM

کرتار پور گرودوارہ کوریڈور: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کل نہیں ہوگا دستخط... ذرائع

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرتار پور کوریڈور کے معاہدہ پر دستخط کل نہیں ہونے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے دونوں ممالک نے 23 اکتوبر کو کرتار پور کوریڈیور معاہدہ پر دستخط کیے جانے کا اعلان کیا تھا۔


22 Oct 2019, 4:10 PM

خواتین کے خلاف جرم میں نمبر 1 ہے یو پی: پرینکا گاندھی

اتر پردیش میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے واقعات پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ریاست سرفہرست ہے، یہ شرمناک ہے اور وزیر اعلیٰ کو اس کے بارے میں کچھ کرنا چاہیے۔

22 Oct 2019, 4:06 PM

دہلی کی سڑکیں بین الاقوامی معیارات کے مطابق بنائی جائیں گی: کیجریوال

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ قومی راجدھانی میں سڑکوں کی ڈیزائننگ بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہو گی۔ کیجریوال نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ شروعات میں یہاں کی 9 سڑکوں کی تقریباََ 45کلومیٹر سڑکوں کو ٹیسٹ کے طورپر پھر سے ڈیزائن کیا جائے گا اس سے سڑک پر ہونے والے حادثات میں کمی کرنے میں مدد ملنے کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے مسئلہ میں بھی کمی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ پہلے ان سڑکوں کی ڈیزاننگ کی جائے گی جن کی دیکھ بھال تعمیرات عامہ محکمہ کرتا ہے۔ انہیں بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا۔ ان کے ڈیزائن میں لینڈ اسکیپنگ، سائکلوں کے چلنے کی جگہ اور معذور لوگوں کی ضرورتوں کو خیال رکھا جائے گا۔

وزیراعلی نے کہاکہ 400کروڑ روپے کے اس منصوبہ کے تحت پہلے مرحلہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سے آشرم اور وکاس مارگ (لکشمی نگر چنگی) سے کڑکڑ ڈوما تک کی سڑکیں شامل کی جائیں گی۔


22 Oct 2019, 3:17 PM

شمالی افغانستان میں طالبان کا حملہ، 19 پولس اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں آج صبح طالبان کے ایک حملے میں کم از کم 19 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع خبررساں ایجنسی اسپوتنک نے دی۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ اس حملے میں کم از کم 19 پولس اہلکار ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا طالبان نے بھی اس حملے کی توثیق کی ہے اور مزید کہا ہے کہ ہمارے لڑاکوں نے ان پولس اہلکاروں کے ہتھیار بھی اپنے قبضے میں لے لئے ہیں۔ طالبان کے مطابق اس حملے میں دو ٹینک اور دیگر فوجی سازوسامان تباہ کردیئے گئے ہیں۔

22 Oct 2019, 1:36 PM

اتر پردیش: یوگی حکومت نے سڑک پر موجود گوشت کی دکانوں کو بند کرنے کا دیا حکم

دیوالی کے پیش نظر اتر پردیش کی یوگی حکومت نے ایک نیا فرمان جاری کیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نے حکم صادر کیا ہے کہ سڑکوں پر موجود گوشت کی سبھی دکانیں بند کی جائیں۔ ساتھ ہی یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جوا کھیلتے پکڑے گئے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں پولس انتظامیہ کو فرمان جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے ہاتھوں موبائل کی جگہ ڈنڈا ہونا چاہیے اور اگر ایسا نہیں ہوا تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔


22 Oct 2019, 12:23 PM

پی ایم سی بینک اکاؤنٹ سے پیسہ نہ نکلنے سے پریشان 73 سالہ بھارتی کی موت!

پنجاب اینڈ مہاراشٹر کو آپریٹو (پی ایم سی) بینک نے ایک اور جان لے لی۔ شولہ پور کی رہنے والی 73 سالہ بھارتی سدرنگانی کی ہارٹ اٹیک سے موت ہو گئی ہے۔ گھر والوں کا الزام ہے کہ بھارتی کی بیٹی کے تقریباً 2.5 کروڑ روپے پی ایم سی بینک میں جمع تھے جسے وہ نکال نہیں سکتی ہے۔ سا سلسلے میں بھارتی کافی تناؤ میں تھی۔

22 Oct 2019, 11:59 AM

اقبال مرچی کے قریبی ہمایوں مرچنٹ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیا گرفتار

انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قریبی اقبال مرچی پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا شکنجہ لگاتار کستا ہی جا رہا ہے۔ ای ڈی نے منگل کو اقبال مرچی کے قریبی ہمایوں مرچنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہمایوں کے پاس ہی اقبال مرچی کی پاور آف اٹارنی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ہمایوں مرچنٹ کو دوپہر 1 بجے ممبئی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


22 Oct 2019, 11:15 AM

ہم خود کو نظر بند محسوس کر رہے ہیں: کسم تیواری

کملیش تیواری کی استھیاں گزشتہ شب ندی میں بہا دی گئیں۔ ’استھی کلش‘ لے کر کملیش تیواری کی ماں، بیٹے اور کچھ دیگر رشتہ دار کاشی واقع دشاشومیدھ گھاٹ پہنچے تھے۔ استھیاں گنگا میں بہانے کے بعد کملیش تیواری کی ماں کسم تیواری نے کہا کہ ’’اس وقت میرے گھر اتنی فورس لگائی گئی ہے کہ ہم خود کو نظر بند محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اگر اتنی فوج قاتلوں کو تلاش کرنے میں لگائی گئی ہوتی تو اب تک ان کو پکڑ لیا جاتا ہے۔ کسم تیواری نے یہ بھی کہا کہ انھیں دھمکیاں ملنے کا دور جاری ہے لیکن انتظامیہ مناسب کارروائی نہیں کر رہی۔

22 Oct 2019, 10:40 AM

سپریم کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں پی چدمبرم کی ضمانت منظور کی

سی بی آئی کے ذریعہ آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں رجسٹرڈ کیس سے متعلق کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کو آج بڑی راحت ملی۔ سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ لیکن پی چدمبرم فی الحال آزاد نہیں ہوں گے کیونکہ آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں ہی وہ 24 اکتوبر تک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست میں ہے۔


22 Oct 2019, 10:23 AM

رانچی ٹسٹ: روہت شرما کو ملا ’مین آف دی سیریز‘ ایوارڈ

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے بلے باز اور گیندباز دونوں چھائے رہے۔ محمد شامی کو جہاں ’اسٹار آف دی میچ‘ کا ایوارڈ دیا گیا وہیں امیش یادو کو ’گیم چینجر‘ کا ایوارڈ ملا۔ ہندوستانی اوپنر بلے باز روہت شرما نے مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کے ایوارڈ پر قبضہ جمایا۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے تین ٹسٹ میچوں کی ’گاندھی-منڈیلا ٹرافی‘ پر 0-3 سے قبضہ کر لیا ہے۔ ہندوستان نے آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگ اور 202 رن سے شکست دیا۔

22 Oct 2019, 9:44 AM

رانچی ٹسٹ: شہباز ندیم نے آج پہلے ہی اوور میں 2 وکٹ لے کر ہندوستان کو فتحیاب کیا

رانچی ٹسٹ کے چوتھے دن دوسرے ہی اوور میں ہندوستان کو جیت نصیب ہو گئی۔ دوسرا اوور کرنے ہندوستانی اسپنر شہباز ندیم آئے تھے اور انھوں نے لگاتار دو گیندوں پر دو وکٹ لے کر جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ جنوبی افریقہ کو ایک اننگ اور 202 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


22 Oct 2019, 8:28 AM

کملیش تیواری قتل: اتر پردیش پولس نے دو ممکنہ قاتلوں کی تصویر جاری کی

ہندوتوا لیڈر کملیش تیواری کے قتل معاملے میں اتر پردیش پولس ریمانڈ میں لیے گئے افراد سے لگاتار پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ اس درمیان یو پی پولس نے دو لوگوں کی تصویر جاری کی ہے جس کے بارے میں اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے ہی قتل واقعہ کو انجام دیا۔ قابل غور ہے کہ کملیش تیواری کے قتل کے بعد سی سی ٹی وی میں جن دو مشتبہ قاتلوں کا چہرہ دیکھا گیا ہے، پولس کا کہنا ہے کہ ان میں ایک کا نام اشفاق اور دوسرے کا نام معین الدین پٹھان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔