اہم خبریں: کانگریس نے آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا... کمل ناتھ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 Jun 2020, 10:31 PM

کانگریس نے آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا... کمل ناتھ

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) پرسابقہ کانگریس حکومت کو غیر جمہوری طریقہ سے گرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے آج کے دن کو جمہوریت کا قتل کے 100 ویں دن کی شکل میں پوری ریاست میں منایا۔ کمل ناتھ نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا ’آج کا دن پوری ریاست میں جمہوریت کا قتل کے 100ویں دن کی شکل میں منایا گیا۔ سبھی کو معلوم ہے کہ کس طرح ہماری ایک منتخب کردہ حکومت کو سازش کے تحت گرا دیا گیا، کس طرح کا کھیل ریاست میں بی جے پی نے کھیلا، یہ سبھی نے دیکھا، اس سچائی کو تو خود ذمے داروں نے تسلیم کیا کہ کس طرح مرکزی قیادت کے اشارے پر کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر یہ کھیل کھیلا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا ’ہماری حکومت اس لئے گرادی گئی کیونکہ ہم کسانوں کا قرض معاف کر رہے تھے، نوجوانوں کو روزگار دے رہے تھے،خواتین کو عزت وتحفظ فراہم کر رہے تھے، ریاست میں مافیاوں کے خلاف مہم چلا رہے تھے، گوشالائیں بنا رہے تھے۔ ریاست میں سرمایہ کاری کررہے تھے۔

30 Jun 2020, 11:00 PM

کشن گنج میں پانی سے بھرے گڈھے میں ڈوب کر نوجوان کی موت

کشن گنج: بہارمیں کشن گنج ضلع کے دیگھل بینک تھانہ علاقے میں منگل کو پانی سے بھرے گڈھے میں ڈوب کر ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ پولس نے یہاں بتایا کہ تگڈی وستی تلسیا کے رہنے و الے محمد بابل (20) گھر سے کچھ دور پانی سے بھرے گڈھے میں غسل کر رہا تھا تبھی گہرے پانی میں جانے سے اس کی ڈوب کر موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ لاش کو باہر نکال کر اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

30 Jun 2020, 9:46 PM

افغانستان میں سلامتی فورسوں کی کارروائی میں آٹھ ہلاک

کابل: افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان میں منگل کو سلامتی فورسوں اور طالبان کے درمیان تصادم میں تین فوجیوں اور پانچ طالبان کی موت ہوگئی، جبکہ فوج نے ایک سلامتی چوکی پر پھر سے اپنا قبضہ کرلیا۔صوبائی حکومت کے ترجمان ناظم ناظر نے یہ اطلاع دی۔ ترجمان کے مطابق طالبان نے بغلان کے مرکزی جیل میں سلامتی چوکی پر حملہ کردیا اور اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔ حملے میں دو فوجیوں کی موت ہوگئی جبکہ دس دیگر زخمی ہوگئے۔ بعد میں فوج کی ایک اور ٹکڑی وہاں پہنچ گئی اور طالبان پر حملہ کردیا جس میں پانچ طالبان مارے گئے اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ افغان فوج نے سلامتی چوکی کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ طالبان نے ابھی اس پر کسی طرح کی رائے زنی کا اظہار نہیں کیا ہے۔


30 Jun 2020, 8:31 PM

صرف چینی ایپ پر پابندی لگانا کافی نہیں ہے... ممتا بنرجی

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے چینی ایپ پر پابندی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کافی نہیں ہے بلکہ ہندوستانی جوانوں کی شہادت پر چین کو بھر پور جواب دینے کی ضرورت ہے۔ تاہم وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس معاملے میں فیصلہ مرکزی حکومت کو کرنا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزارت خارجہ کا معاملہ ہے اور ہم مرکزی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔ تاہم ہمیں ایک طرف سختی سے مظاہرہ کرنا چاہیے اور دوسری طرف سفارت کاری کے دروازے کھولے رکھنا چاہیے۔ صرف چند ایپ پر پابندی لگانا کافی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ حکومت ہند نے ٹیک ٹاک سمیت چین کے 59 ایپ پر پابندی عاید کردیا ہے۔ حکومت ہند نے کہا ہے کہ یہ سب ملک کی اندرونی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہے کہ جب لداخ میں چین کے سرحد پر اے سی ایل پر تناؤ کا ماحول ہے اور چین کے ہاتھوں 20 ہندوستانی جوانوں کی موت ہوگئی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کے غریبوں کو اگلے سال جون تک مفت میں راشن فراہم کرے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اگلے نومبر تک فری میں راشن فراہم کرنے کی اسکیم کو 130 کروڑ شہریوں تک وسیع کردینا چاہیے۔ خیال رہے کہ وزیرا عظم مودی نے نومبر تک 80 کروڑ افراد مفت میں راشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

30 Jun 2020, 8:11 PM

بہار میں آسمانی بجلی سے چھ لوگوں کی موت، دو زخمی

بہار میں مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی سے چھ لوگوں کی موت ہوگئی، دو جھلس کر زخمی ہو گئے۔ بہار میں سارن ضلع کے مختلف تھانہ علاقوں میں منگل کو بارش کے ساتھ بجلی گرنے سے دو خواتین سمیت پانچ لوگوں کی موت ہوگئی اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ گڑکھا تھانہ علاقہ کے محمدا گاﺅں میں تیز بارش کے دوران بجلی گرنے سے جھلس کر چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ ان میں ایک سات سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ اس دوران کھیت میں کام کر رہے اوتار نگر تھانہ علاقہ کے اوتار نگر گاﺅں باشندہ رامائن ساہ (45) اور محمدا گاﺅں کے بکھانی ٹولہ گاﺅں باشندہ ٹھاکر رائے (65)، سروجا دیوی (45) اور روی کمار(07) سال کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی۔


30 Jun 2020, 7:40 PM

وزیر اعظم کے خطاب میں نیا کچھ نہیں... رویندر چوبے

چھتیس گڑھ کے وزیر زراعت رویندر چوبے نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل سے محصول کی وصولی اس لئے ہو رہی ہے تاکہ وزیر اعظم غریبوں اور بے روزگاروں کو ایک بڑی اسکیم دیے سکیں۔ لیکن بدقسمتی سے جو منصوبہ پہلے جاری ہے اس میں صرف 5 ماہ کی توسیع کردی گئی۔ اس کے علاوہ ہمیں وزیر اعظم کے خطاب میں کوئی نئی چیز نہیں ملی۔

30 Jun 2020, 7:04 PM

اتر پردیش کے بلند شہرمیں سالے نے بہنوئی کی لی جان

بلند شہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے گلاوٹھی علاقے میں ایک شخص نے ملکیت کے تنازع میں اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر اپنے بہنوئی کا قتل کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ دیولی باشندہ ڈپٹی سنگھ (60) گاؤں سے قریب آدھا کلو میٹر دو گاڑی دھونے کے لئے بنی ڈک پر چوکیداری کرتا تھا۔ پیر کی دیر رات وہ گھر سے ڈیوٹی پر گیا تھا۔ واپس گھر نہیں پہنچنے پر اس کا بیٹا راہل ڈک پر پہنچا تو والد کی خون میں لت پت لاش پڑی ملی۔ قریب ہی ایک طمنچہ اور کارتوس بھی ملا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متوفی مستقل طور سے علی گڑھ کا رہنے والا تھا۔ اور اس کی بیوی نے اپنے بھائیوں سے عدالت کے ذریعہ والد کی ملکیت میں حصہ لے لیا تھا۔ اسی وجہ سے بھائی اندرجیت بہن سے رنجش رکھتا تھا۔ ملکیت کے تنازع کی وجہ سے اندرجیت نے اپنے بیٹوں کی مدد سے اپنے پھوپھا جے پی سنگھ کی چاقو مار کر قتل کردیا اور واردات کو خودکشی کی شکل دینے کے لئے ایک طمنچہ اور کارتوس موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔


30 Jun 2020, 6:43 PM

جوناگڑھ میں بجلی گرنے سے 18لوگ جھلسے

جوناگڑھ: گجرات میں جونا گڑھ ضلع کے کیشود علاقہ میں منگل کو بجلی گرنے سے 18لوگ جھلس گئے۔ پولیس نے بتایا کہ رانینگ پرا گاوں کے ایک کھیت میں کام کررہے 18مزدوروں کے درمیان بجلی گرنے سے وہ جھلس گئے۔ تمام کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

30 Jun 2020, 6:00 PM

ٹڈیوں پر کنٹرول کے لئے ہیلی کاپٹر سے جرائم کش ادویہ کا چھڑکاؤ شروع

نئی دہلی/گریٹر نوئیڈا: ملک میں پہلی بار ہیلی کاپٹر سے جرائم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کر کے ٹڈیوں کو قابو میں کرنے کی مہم کا منگل سے آغاز کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر نے یہاں ایک تقریب میں ایسے ہی ایک ہیلی کاپٹر کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ٹڈیوں کے حملے سے بری طرح متاثر مقامات پر ان ہیلی کاپٹروں سے جرائم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔


30 Jun 2020, 5:38 PM

مغربی بنگال میں کل سے پارکوں میں گھومنے کی اجازت

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ کل سے صبح 5:30 بجے سے ساڑھے 8:30 بجے تک لوگوں کو پارکوں میں گھومنے کی اجازت تو دی جا رہی ہے لیکن معاشرتی دوری بنائے رکھنا نہایت ضروری ہے، ممتا بنرجی مزید کہا کہ پہلے جو بارات اور میت میں 25 لوگوں کو ہی شامل ہونے کی اجازت تھی اب ان میں 50 افراد شرکت کرسکیں گے۔

30 Jun 2020, 4:51 PM

اتر پردیش میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 672 معاملے آئے سامنے

لکھنؤ: پرنسپل سکریٹری ہیلتھ موہن پرساد نے کہا کہ اتر پردیش میں کورونا سے اب تک 697 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 672 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ فی الحال 6711 فعال معاملات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ریاست میں 21414 نمونوں کی تفتیش کی گئی تھی اور ریاست میں اب تک کل 727793 نمونوں کی تفتیش کی جاچکی ہے۔


30 Jun 2020, 4:25 PM

سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں نوجوان... گہلوت

جے پور: راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے نوجوانوں سے سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرنے کی اپیل کی۔ اشوک گہلوت نے آج سوشل میڈیا ڈے کے موقع پر کہاکہ نوجوان نسل سوشل میدیا پر کافی فعال ہے، یہ سماجی خدمت کا ایک بڑا پلیٹ فارم بن سکتا ہے اور بن بھی رہا ہے۔ اس کا صحیح اور مثبت استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوووڈ- 19 عالمی وبا کے وقت میں اس سے بچاؤ کے تئیں شوشل میڈیا پر بیداری پھیلانے اور لوگوں کے تعاون کے لئے آگے آنے والے سوشل میڈیا کے یوزرس مبارکباد کے حق دار ہیں۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی تمام سرگرمیوں سے دور رہنا چاہیے جو منفی سوچ پھیلانے والی ہوں۔ نوجوان اس کے ذریعہ سے ایسی دنیا بنائیں جو سچ پر مبنی ہو اور مثبت طور پر حقائق کو سبھی کے سامنے رکھتے ہوئے ملک، سماج میں بیداری پھیلانے کا کام کریں۔

30 Jun 2020, 3:41 PM

ملک میں کل 1049 کورونا ٹیسٹ لیب

نئی دہلی: ملک بھر میں کورونا وائرس کی جانچ کے لیے لیباریٹریوں کی تعداد بڑھ کر 1049 ہوگئی ہے۔ منگل کے روز انڈین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی طرف سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کی جانچ کے لیے متعدد لیباریٹریوں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں سے سرکاری لیب کی تعداد 761 اور پرائیویٹ لیب کی تعداد 288 ہے۔ آرٹی پی سی آر پر مبنی ٹیسٹ لیب اس وقت 571 (سرکاری: 362، پرائیویٹ: 209) ہے جبکہ ٹرونیٹ پر مبنی ٹیسٹ لیب کی تعداد 393 (سرکاری: 367، پرائیویٹ: 26) اور سی بی این اے ٹی پر مبنی ٹیسٹ لیب 85 (سرکاری: 32، پرائیویٹ: 53) ہیں۔ ان 1049 لیباریٹریوں میں 29 جون کو کل 210292 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس طرح ملک میں اب تک مجموعی طور پر 8608654 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔


30 Jun 2020, 2:00 PM

ممبئی: تاج ہوٹل کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد علاقے میں سیکورٹی سخت

ممبئی کے تاج ہوٹل کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد ہوٹل اور آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ جگہ جگہ بیریکیڈنگ کی گئی ہے اور پولس فورس بھی تعینات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔