بونی جان...جان...پکارتے رہے اور شری دیوی اس دنیا سے چلی گئیں

فلم تنقید نگار کومل نہاٹا نے اپنے بلاگ میں شری دیوی کی موت کا سلسلہ وار ذکر کیا ہے ۔ بونی کپور سے ہوئی بات چیت کے حوالہ سے انہوں نے لکھا ہے کہ 22فروری کی اس منحوس شام کو کیا ہوا تھا۔

مرحوم شری دیوی  کی اپنی فیملی کے ساتھ  کی ایک فائل تصویر 
مرحوم شری دیوی کی اپنی فیملی کے ساتھ کی ایک فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

بونی کپور پریشان حالت میں باتھ روم کے دروازے پر کھڑے ہو کر آوازیں دے رہے تھے، جان ۔۔جان ۔۔ لیکن اندر سے جب کوئی آواز نہیں آئی تو انہوں نے باتھ روم کا دروازہ کھولا جو اندر سے بند نہیں تھا۔ باتھ روم میں داخل ہوتے ہی بونی کپور نے جو دیکھا اسے دیکھ کر وہ پتھر ہو گئے۔ شری دیوی باتھ ٹب میں سر سے پاؤں تک ڈوبی ہوئی پڑی تھیں ۔

شری دیوی کی موت کے اس راز سے پردا اٹھایا ہے معروف تنقید نگار کومل نہاٹا نے۔ انہوں نے اپنے بلاگ میں بونی کپور سے ہوئی اپنی بات چیت کا ذکر کیا ہے۔ نہاٹا نے سلسہ وار اپنی اس گفتگو کو اپنے اپنے بلاگ میں قلم بند کیا ہے۔

انہوں نے تحریر کیا ہے کہ ’’22فروری کو بونی کپو کا شری دیوی کے لئے ایک سرپرائز شائد ان دوسر سرپرائز کی طرح ہی ان کی یادوں میں سما جاتا جیسے وہ پہلے بھی دیتےرہے تھے۔ ان دونوں کی لو اسٹوری میں ایسے بہت سے موقع آئے تھے جب بونی کپور نے شری دیوی کو سرپارئز دئے تھے‘‘َ۔

نہاٹا لکھتے ہیں کہ 24سال پہلے بونی کپور نے ایک ایسا سرپرائز دیا تھا جس سے دونوں کی زندگی ہمیشہ کے لئے بدل گئی تھی۔ تب بونی کپور شری دیوی کو سرپرائز دینے کے لئے اچانک بینگلورو پہنچ گئے تھے۔ اس وقت انل کپور اور شری دیوی بینگلورو میں ’’مسٹر بیچارہ‘‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ شری دیوی سے رات کوبات کرتے کرتے نہ جانے بونی کو کیا سوجھا کہ وہ چل پڑے شری دیوی کو سرپرائز دینے۔ اس وقت دونوں نے بہت وقت تک فون پر بات کی تھی۔ شری دیوی کے کہنے پر بونی کپور فون رکھنے کے لئے تیار ہو گئے اور وہ سونے چلی گئیں۔ اس بیچ بونی نے رات میں ہی بینگلورو کی فلائٹ لی اور پہنچ گئے ہوٹل تاج ویسٹ اینڈ، جہاں شری دیوی اور فلم کی باقی ٹیم ٹہھری ہوئی تھی۔ اس وقت تک کسی کو بھنک بھی نہیں تھی کہ بونی شری دیوی سے ملنے وہاں آئے ہیں بلکہ سب کو اندازہ ہوا کہ وہ اپنے بھائ انل کپور سے ملنے آئے ہیں۔

نہاٹا نے بونی کپور کے حوالہ سے لکھا ہے کہ ’’شری دیوی بیٹی جاہنوی کے لئے کچھ شاپنگ کرنا چاہتی تھیں اور اس لئے بھانجے موہت مارواہ کی شادی کے بعد دوبئی میں رکی ہوئی تھیں۔شری دیوی نے فون میں شاپنگ کی پوری لسٹ رکھی ہوئی تھی۔ بونی کپور کو 22فروری کو لکھنؤ ایک میٹنگ میں شرکت کے لئے آنا تھا اور وہ اس لئے ممبئی لوٹ آئے تھے۔ حالانکہ شری دیوی کے دوبئی میں اکیلے رہنے سے بیٹی جاہنوی بھی فکر مند تھیں کیونکہ انہیں اکیلے رہنے کی عادت نہیں تھی۔

بونی ماضی کی باتوں کا ذکر کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ایسا صرف دو مرتبہ ہوا ہے جب شری دیوی بیرون ملک میں اکیلے رہی ہوں لیکن اس وقت بھی وہ بالکل اکیلی نہیں تھیں کیونکہ گھر والے ضرور نہیں تھے لیکن بونی کے دوست کی اہلیہ ان کے ساتھ تھیں۔ شادی کی گہما گہمی میں شری دیوی بہت تھک گئی تھیں اس لئے 22اور23کو انہوں اپنے کمرے میں آرام کیا اور کچھ دوستوں کے ساتھ وقت بتایا۔ وہ اتنا تھکی ہوئی تھیں کہ انہوں نے اپنا واپسی کا ٹکٹ بھی بدلوالیا تھا۔‘‘۔

بونی نے نہاٹا کو بتایا تھا کہ ’’24فروری کی صبح میں نے شری دیوی سے بات کی تھی تب انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں آپ کو مس کر رہی ہوں۔ میں نے بھی ان سے کہا تھا کہ میں بھی انہیں بہت یاد کر رہا ہوں لیکن میں نے اس وقت انہیں یہ نہیں بتایا تھا کہ میں آج شام ہی ان سے ملنے والا ہوں۔ جاہنوی نے بھی مجھے کہا تھا کہ ان کے اکیلے ہونے سے وہ پریشان ہیں کیونکہ انہیں اکیلے رہنے کی عادت نہیں ہے اور وہ اکثر اکیلے میں اپنی چیزیں گم کر دیتی ہیں۔ ایسا پہلی مرتبہ تھا جب شری دیوی بیرون ملک میں دو دن کے لئے اکیلی تھیں‘‘۔

نہاٹا کی بونی کپور سے اس شام کے تعلق سے جو بات ہوئی اس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ شام قریب3.30بجے بونی کپور نے دوبئی کے لئے فلائٹ لی۔ شری دیوی نے بونی کپور کو فون کیا تھا اور اس وقت وہ ممبئی ائیر پورٹ کے لانج میں بیٹھے ہوئے تھے۔ بونی کیونکہ شری دیوی کو سرپرائز دینا چاہتے تھے اس لئے انہوں نے اپنی جان (شری دیوی) کو کہا کہ وہ کچھ دیر مصروف رہیں گے ان کا فون بھی بند ہو تو پریشان مت ہونا۔ انہوں نے شری دیوی سے کہا تھا کہ وہ فری ہوتے ہی فون کریں گے۔ دوبئی کے وقت کے مطابق شام 6.20پر وہ دوبئی پنچے۔ ہوٹل پہنچ کر انہوں نے ڈپلیکیٹ چابی لی اور ہوٹل اسٹاف کو سامان ذرا دیر سے کمرے میں لانے کے لئے کہا۔ جب وہ کمرے میں پہنچے تو شری دیوی نے کہا کہ انہیں لگ رہا تھا کہ وہ دوبئی آنے والے ہیں۔ اس کے بعد دونوں نے آدھے گھنٹے تک ایک دوسرے سے باتیں کیں۔

بونی نے شری دیوی سے کہا کہ شاپنگ وہ کل کر لیں گےاور آج کسی رومناٹک ڈنر پر چلتے ہیں۔یہ کہکر انہوں نے شری دیوی کو تیار ہونے کے لئے کہا اور خود لیونگ روم میں آ گئے اور شری دیوی نہانے چلی گئیں۔ اس کے بعد بونی نے ٹی وی دیکھنا شروع کیا اور کچھ چینل بدلنے کے بعد جنوبی افریقہ اور ہندوستان کا میچ دیکھا۔ اس کے بعدپاکستان سپر لیگ ک ہائ لائٹس دیکھیں لیکن کچھ دیر بعد انہیں یاد آیا کہ آج ہفتہ ہے اور اگر وہ دیر سے نکلے تو ریسٹورینٹ میں بھیڑ ہو جائے گی۔

اس وقت شام کے قریب 8بجے ہوں گے۔ لیونگ روم سے ہی بونی نے شری دیوی کو دو مرتبہ آواز دی۔ ٹی وی کی آوز کم بھی کی لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ اس کے بعد وہ بیڈ روم میں گئے انہیں پانی گرنے کی آواز آ رہی تھی۔ پھر بونی نے آواز لگائی ’’جان ۔۔جان۔۔‘‘ لیکن جب کوئی جواب نہیں آیا جو کہ عجیب تھا تو بونی نے بیڈ روم کا دروازہ کھولا جو اندر سے بند نہیں تھا۔باتھ ٹب پانی سے پوری طرح سے بھرا ہوا تھا اور شری دیوی پوری طرح اس میں ڈوبی ہوئی تھیں۔ بونی نے اس وقت جو دیکھا اس کے لئے وہ تیار نہیں تھے اور نہ ہی اس پر انہیں یقین آ رہا تھا۔ شری دیوی بےسدھ باتھ ٹب میں سر سے پاؤں تک ڈوبی ہوئی تھیں۔ بونی کی دنیا لٹ چکی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔