میانمار: 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 16 بار آیا زلزلہ، خوف و دہشت کا عالم، راحت و بچاؤ کا کام جنگی پیمانے پر جاری
29 مارچ کی دوپہر کے تقریباً 2.50 بجے میانمار میں 16ویں بار زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوا۔ زلزلہ کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں راحت و بچاؤ کے لیے ہندوستان سے این ڈی آر ایف ٹیم کو بھیجا گیا ہے۔

میانمار میں زلزلہ کے بعد متاثر ہوئی عمارتیں، تصویر سوشل میڈیا
میانمار میں لگاتار زلزلے آ رہے ہیں، جس نے لوگوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کر دیا ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق ہفتہ (29 مارچ) کے روز دوپہر تقریباً 2.50 بجے 16ویں بار زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلہ کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 مرتبہ زلزلہ نے میانمار میں افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ اس درمیان متاثرہ علاقوں میں مدد اور راحت و بچاؤ کا عمل بھی زور و شور سے جاری ہے۔ ہندوستان سے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم بھی میانمار پہنچ گئی ہے اور امدادی کام شروع کر دیا ہے۔
اس سے قبل ہفتہ کو صبح 11.54 بجے میانمار کی زمین زلزلے کی وجہ سے کانپی تھی۔ اس زلزلہ کی شدت 4.3 رہی تھی اور لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل گئے تھے۔ لگاتار آ رہے زلزلوں کی وجہ سے متاثرہ عمارتوں کو مزید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جمعہ کی دوپہر آئے خوفناک زلزلہ نے پہلے ہی بہت تباہی مچا دی ہے، اور اب تک صرف میانمار میں 1000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 2300 سے زائد لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سینکڑوں لوگ لاپتہ بتائے جا رہے ہیں، یعنی اموات کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے۔ ان زلزلوں نے میانمار میں کئی تاریخی مقامات کو بھی تباہ کر دیا ہے، اور اب وہ مقامات تاریخ کا حصہ بن کر ہی رہ گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ زلزلہ کا پہلا جھٹکا جمعہ کو 11.50 بجے محسوس کیا گیا تھا۔ اس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ شدت 7.7 بتائی گئی ہے۔ اس کے بعد دوسرا جھٹکا تقریباً 12 بجے آیا، اس کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد 12.57 بجے ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کی رپورٹ کے مطابق میانمار میں زلزلہ کا چوتھا جھٹکا دوپہر 1.7 منٹ پر آیا، اس کی شدت 4.9 رہی۔ زلزلے کا پانچواں جھٹکا 2.48 منٹ پر آیا، اس کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔
اس کے بعد زلزلہ کا چھٹا جھٹکا دوپہر 3.25 منٹ پر آیا، اس کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی۔ 4.0 کی شدت کے ساتھ زلزلہ کا ساتواں جھٹکا 4.46 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ آٹھواں جھٹکا 4.3 کی شدت کے ساتھ 6.22 منٹ پر آیا۔ شام میں 6.22 منٹ پر 3.8 کی شدت کے ساتھ زلزلہ کا نواں جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلہ کا دسواں جھٹکا رات میں 8.19 منٹ پر آیا 3.7 کی شدت کے ساتھ ۔ رات میں 9.49 منٹ پر 3.6 کی شدت کے ساتھ زلزلہ کا گیارہواں جھٹکا محسوس کیا گیا۔ بارہویں بار رات میں 10.16 منٹ پر 4.5 کی شدت کے ساتھ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ رات میں 11.56 منٹ پر 4.2 کی شدت کے ساتھ زلزلہ کا تیرہواں جھٹکا محسوس کیا گیا۔ اس کے بعد زلزلہ کا چودہواں جھٹکا دیر رات 1.46 منٹ پر 3.6 کی شدت سے محسوس کیا گیا۔ جب کہ زلزلہ کا پندرہواں جھٹکا ہفتہ کو 11.54 منٹ پر 4.3 کی شدت سے محسوس کیا گیا۔ پندرہویں زلزلے کا مرکز زمین سے 27 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔