ہنر ہاٹ میں مسلم ہاتھوں سے بنی بھگوان کی مورتیاں کر رہی ہیں گنگا-جمنی تہذیب کی عکاسی

ہنر ہاٹ میں ہاتھ سے بنی پینٹنگ، برتن، کپڑے اور کشمیر کی شال وغیرہ بھی دستیاب ہیں، لیکن اس کے علاوہ ایک اسٹال ایسا بھی ہے جہاں ہاتھوں سے بنی بھگوان کی مورتیاں موجود ہیں۔

تصویر محمد تسلیم
تصویر محمد تسلیم
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: ملک کے ہنر مندوں اور ان کی ہنر مندی کے اگر آپ شائق ہیں تو آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ ایک بار پھر ہنر ہاٹ کا انعقاد نئی دہلی کے دل کناٹ پلیس سے متصل بابا کھڑگ سنگھ مارگ پر کیاگیا ہے۔ یہاں ملک بھر کی دستکاری آپ کو دیکھنے مل جائے گی ۔ موجودہ دور میں ہر شے مشین سے تیار کی جارہی ہے ،لیکن ہندوستان ایک ایساملک ہے جہا ں ہر گلی محلے میں ایسے دستکاروں کی کمی نہیں جو اپنے ہاتھوں کے جادو سے ایسی ایسی اشیاء تیار کرتے ہیں جو ہر دل کو چھو جا تی ہیں اور مشین سے بنی اشیاء اس کے سامنے ماند پڑجاتی ہیں ۔

ہنر ہاٹ میں ہاتھ سے بنی پینٹنگ ،برتن ،کپڑے ،اور کشمیر کی شال وغیرہ بھی دستیاب ہیں ،لیکن ا س کے علاوہ ایک اسٹال ایسا بھی ہے جہاں ہاتھوں سے بنی بھگوان کی مورتیاں موجود ہیں۔ ایسے وقت میں جب کہ ملک میں فرقہ پرستی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے، یہ بتانا خوش کن ہے کہ ان بھگوان کی مورتیوں کو بنانے والے ہاتھ مسلم ہیں۔ جی ہاں، اسٹال پر بھگوان کی جو بھی مورتیاں، مثلاً گنپتی، رادھا -کرشن ،شیوجی ،سرسوتی وغیرہ نظر آ تی ہیں اسے محمد ناطق نے انتہائی دلکش انداز میں بنایا ہے۔

تصویر محمد تسلیم
تصویر محمد تسلیم

ان مورتیوں کو ہنر ہاٹ میں آنے والے سبھی شائقین کافی پسند کررہے ہیں ۔ اسٹال پر موجو د محمد ناطق خود’قومی آواز‘ کے نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان سبھی مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے ۔ہم سب دوسرے مذاہب کی کافی عزت بھی کرتے ہیں اور یہی ہماری گنگا جمنی تہذیب کی نشانی ہے۔‘‘ مورتی سازی سے متعلق وہ بتاتے ہیں کہ ’’ہما را مو رتی بنانے کا کام پشتینی ہے جس کو کرتے ہوئے 40 سال سے زیادہ کا وقت گزر گیاہے۔ والد صاحب نے اس کام کوشروع کیاتھا،اور اب میں اس کام کو آگے بڑھارہا ہو ں۔ ہماری جو اصل دکان ہے وہ صدر بازار میں ہے ۔ہماری بنی ہوئی مورتیاں،ہندوستان بھر کے صوبوں میں جاتی ہیں، چاہے راجستھان ہو،یوپی ہو،مدھیہ پردیش ہو یا پھر چنئی وغیرہ۔ ان سبھی جگہ ہماری مورتیاں جارہی ہیں ۔‘‘

تصویر محمد تسلیم
تصویر محمد تسلیم

محمد ناطق سے جب مورتی بنانے والے مٹیریل کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے بتایاکہ ’’ہم یہ مورتیاں پولیرزن اور مارول دو نوں چیزوں سے کچا مال تیار کرتے ہیں ، اس کے بعد سلیکان سے بنی ربڑ کی ڈائی سے ان مورتیوں کو سانچے میں ڈھالاجاتا ہے، پھر اس میں روڑی بھری جاتی ہے۔ اس کے بعد ان پر پینٹنگ ورک کیاجاتا ہے۔کسی بھی طرح کی مورتی ہم دو گھنٹے میں تیار کردیتے ہیں ۔‘‘

ہنر ہاٹ میں اپنی آمد سے متعلق محمد ناطق ’قوی آواز‘ کو بتاتے ہیں کہ ’’یہاں ہم 3 برس سے آرہے ہیں اور ہمیں بہت ہی اچھا رسپانس مل رہا ہے ۔منسٹری کی جانب سے کافی آسانیاں میسر ہیں اور ٹرانسپورٹ خرچ کے علاوہ بھی کئی طرح کی سہولتیں مل رہی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔